Urwatul-Wusqaa - An-Naml : 48
وَ كَانَ فِی الْمَدِیْنَةِ تِسْعَةُ رَهْطٍ یُّفْسِدُوْنَ فِی الْاَرْضِ وَ لَا یُصْلِحُوْنَ
وَكَانَ : اور تھے فِي الْمَدِيْنَةِ : شہر میں تِسْعَةُ : نو رَهْطٍ : شخص يُّفْسِدُوْنَ : وہ فساد کرتے تھے فِي الْاَرْضِ : زمین (ملک) میں وَ : اور لَا يُصْلِحُوْنَ : اصلاح نہیں کرتے تھے
اور اس شہر میں نو (و ڈیرے) اشخاص تھے جو اس سرزمین پر فساد پھیلاتے رہتے تھے اور اصلاح نہیں چاہتے تھے
صالح (علیہ السلام) کی قوم کے 9 سردار تھے جو دراصل قوم میں سارے فساد کی اصل جڑ تھے : 48۔ صالح (علیہ السلام) جیسا کہ پیچھے گزر چکا قوم ثمود کی طرف رسول بنا کر مبعوث کئے گئے تھے اور قوم ثمود اس وقت 9 خاندانوں میں تقسیم ہوچکی تھی جس طرح قوم بنی اسرائیل کے بڑے بڑے قبائل بارہ تھے اس طرح قوم ثمود کے 9 گروہ تھے اور ہر گروہ دوسرے کو شکست دینے میں درپے تھا اور شکست کیا بھی یہی کی ایک خاندان نے دوسرے میں کوئی برائی کی تو انہوں نے اس کے بدلے چار نہیں تو دو ضرور کیں اور یہی طریقہ اس قدر پھیل گیا کہ اس کے سمٹنے کی کوئی شکل نظر نہ آئی تھی آج ایک قوم نے ایک جگہ ایک خانقاہ پر میلا لگوایا تو کل دوسرے خاندان نے چار نہیں دو جگہوں پر ضرور ایسا پکھنڈ شروع کیا ، آج اس بزرگ کی مزار پر چڑھاوا چڑھایا گیا تو کل دوسرے خاندان کی باری میں کئی چڑھاوے شروع ہوگئے مختصر یہ کہ اول سے آخر تک جو کچھ ہوا سب کا سب ان سرداروں کی کارستانیوں کے باعث ہوا ۔ صالح (علیہ السلام) چونکہ کسی ایک خاندان کا ساتھ بھی نہیں دے سکتے تھے اس لئے کہ آپ کی دعوت تو خالصتا کفر وشرک کے خلاف تھی اور کفر وشرک میں وہ ایک دوسرے پر بازی لے جا رہے تھے نتیجہ یہ ہوا کہ صالح (علیہ السلام) کے خلاف سارے سردار آپس میں متفق ہوگئے چونکہ ان سب کا نظریہ فساد پھیلانا تھا اور اس اصلاح کو دبانے کے لئے ان سب کا اتحاد ضروری تھا بلکہ ان میں سے ہر ایک کی وہ وقتی ضرورت تھی جہاں اور کئی طرح کے اختلاف بڑھے ‘ اس ایک معاملہ میں اتفاق بھی ظاہر ہوا اس لئے ان سب لوگوں نے آپ میں مشورہ کر کے صالح (علیہ السلام) کا کام تمام کرنے کی ٹھان لی ۔
Top