Urwatul-Wusqaa - Al-Qasas : 50
فَاِنْ لَّمْ یَسْتَجِیْبُوْا لَكَ فَاعْلَمْ اَنَّمَا یَتَّبِعُوْنَ اَهْوَآءَهُمْ١ؕ وَ مَنْ اَضَلُّ مِمَّنِ اتَّبَعَ هَوٰىهُ بِغَیْرِ هُدًى مِّنَ اللّٰهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَا یَهْدِی الْقَوْمَ الظّٰلِمِیْنَ۠   ۧ
فَاِنْ : پھر اگر لَّمْ يَسْتَجِيْبُوْا : وہ قبول نہ کریں لَكَ : تمہارے لیے (تمہاری بات) فَاعْلَمْ : تو جان لو اَنَّمَا : کہ صرف يَتَّبِعُوْنَ : وہ پیروی کرتے ہیں اَهْوَآءَهُمْ : اپنی خواہشات وَمَنْ : اور کون اَضَلُّ : زیادہ گمراہ مِمَّنِ اتَّبَعَ : اس سے جس نے پیروی کی هَوٰىهُ : اپنی خواہش بِغَيْرِ هُدًى : ہدایت کے بغیر مِّنَ اللّٰهِ : اللہ سے (منجانب اللہ) اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ لَا يَهْدِي : ہدایت نہیں دیتا الْقَوْمَ الظّٰلِمِيْنَ : ظالم لوگّ (جمع)
پھر اگر یہ لوگ آپ ﷺ کا کہنا قبول نہ کریں (جواب نہ دیں) تو جان لیجئے کہ یہ صرف اپنی خواہش کی پیروی کرتے ہیں اور اس سے زیادہ گمراہ کون ہوگا جو اللہ کی ہدایت کو چھوڑ کر اپنی خواہشوں پر چلے ، بلاشبہ (ظالم) بےانصاف لوگوں کو اللہ کبھی ہدایت نہیں دیتا
اگر وہ آپ ﷺ کا مطالبہ پورا نہیں کرتے تو بات خود بخود واضح ہوجاتی کہ وہ کیا چاہتے ہیں : 50۔ اے پیغمبر اسلام ! ﷺ اگر یہ لوگ آپ ﷺ کے اس چیلنج کا کوئی جواب نہیں دیتے تو پھر آپ ﷺ کو یقین ہوجانا چاہئے کہ ان لوگوں کا حق سے کوئی سروکار نہیں ہے اور نہ ہی ان کے دلوں میں حق کی کوئی طلب ہے یہ لوگ محض اپنی خواہشات نفسانی کے پیروکار ہیں ، ان کے سامنے ایک دو نہیں بیسیوں دلائل بھی پیش کئے جائیں تو یہ لوگ اسلام قبول نہیں کریں گے اور اسی طرح یہ اپنی خواہشوں کے بندے ہیں اگر آپ ﷺ کی لائی ہوئی ہدایت کو نہ مانیں تو آپ ﷺ رنجیدہ خاطر نہ ہوں جو شخص اپنی خواہشات کے ہاتھوں مجبور محض ہے اس سے بڑھ کر کون گمراہ ہوگا ؟ بلاشبہ اللہ تعالیٰ ایسے ظالموں کو ہرگز ہدایت نہیں بخشتا جو اپنے نفع ونقصان کو بھی نہ سمجھے اسے کوئی سمجھائے گا تو کیا اور وہ سمجھے گا تو آخر کیوں ؟
Top