Urwatul-Wusqaa - Al-Qasas : 72
قُلْ اَرَءَیْتُمْ اِنْ جَعَلَ اللّٰهُ عَلَیْكُمُ النَّهَارَ سَرْمَدًا اِلٰى یَوْمِ الْقِیٰمَةِ مَنْ اِلٰهٌ غَیْرُ اللّٰهِ یَاْتِیْكُمْ بِلَیْلٍ تَسْكُنُوْنَ فِیْهِ١ؕ اَفَلَا تُبْصِرُوْنَ
قُلْ : فرما دیں اَرَءَيْتُمْ : بھلا تم دیکھو تو اِنْ : اگر جَعَلَ : بنائے (رکھے) اللّٰهُ : اللہ عَلَيْكُمُ : تم پر النَّهَارَ : دن سَرْمَدًا : ہمیشہ اِلٰى : تک يَوْمِ الْقِيٰمَةِ : روز قیامت مَنْ : کون اِلٰهٌ : معبود غَيْرُ اللّٰهِ : اللہ کے سوا يَاْتِيْكُمْ : لے آئے تمہارے لیے بِلَيْلٍ : رات تَسْكُنُوْنَ : تم آرام کرو فِيْهِ : اس میں اَفَلَا تُبْصِرُوْنَ : تو کیا تمہیں سوجھتا نہیں
آپ ﷺ ان سے کہیے (پوچھئے) کہ بھلا دیکھو تو اگر اللہ تم پر قیامت کے دن تک ہمیشہ دن ہی دن کر دے تو اللہ کے سوا کون معبود (رات لانے والا) ہے کہ تم پر رات لے آئے ، جس میں تم آرام کرسکو ، کیا تم (غور و فکر سے) نہیں دیکھتے ؟
اچھا اگر وہ دن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے کر دے تو کوئی رات لانے والا ہے ؟ 72۔ گزشتہ آیت میں اندھیرا دور کرکے روشنی لانے والے کے متعلق استفسار کیا گیا تھا اور مقصود اصل قیامت کا اثبات تھا جیسا کہ پیچھے ذکر کیا گیا ہے اور زیر آیت میں پوچھا جا رہا ہے کہ اچھا بتاؤ اگر اللہ رب ذوالجلال والاکرام تمہارے کسی ایک دن کو دن ہی دن کر دے یعنی تمہارے دیکھتے ہی دیکھتے سارا کارخانہ بدل دے اور ایک آن کی آن میں پہلا نظام بدل کر اس کی جگہ دوسرے نظام لے آئے اور اس نظام میں ایک دن کو دن ہی دن بنا دے کہ رات بالکل ختم ہو کر رہ جائے تو ظاہر ہے کہ تم بھی ختم ہونے کے بعد دوبارہ ایسے نظام کے دیکھنے کے لئے لائے جاؤ گے اب اس نظام کی اس دن کو بدل کر کوئی رات لانے والا ہے تمہارے معبودوں میں ہے ؟ پھر بلاشبہ جب تمہارا جواب نفی میں ہے تو اس نظام کے بدلنے کے لئے جب تم کو کہا جاتا ہے تو آخر تمہیں کے ماننے میں دقت کیا پیش آتی ہے ذرا سوچ سمجھ کر جواب دے دو اگر دے سکتے ہو ؟ گزشتہ آیت میں چونکہ رات کا ذکر تھا اور رات کو ظاہر ہے کہ کچھ دکھائی نہیں دیتا اس لئے اسی مناسبت سے اس آیت کے آخر پر جملہ لایا گیا تھا کہ (افلاتسمعون) کہ کیا تم سن نہیں رہے یعنی رات ہونے کے باعث اگر تم دیکھ نہیں سکتے تو سن تو سکتے ہو اس کیلئے تو رات دن کی تمیز کی کوئی ضرورت ؟ اور اب زیر نظر آیت میں چونکہ دن کا ذکر کیا گیا ہے اس لئے آیت کے آخر میں ارشاد فرمایا کہ (افلا تبصرون) کیا تم دیکھتے نہیں گویا آنکھیں بھی ہوں اور دن کی روشنی بھی تو پھر بھی اگر کسی کو نظر نہ آئے تو آپ کا فیصلہ کیا ہوگا ؟ یہی نہ کہ واندھا ہے پھر تم ہی بتاؤ کہ کیا تم اندھے ہو کہ کچھ نظر نہیں آتا اگر نہیں تو پھر عقل سے کام لو اور اللہ رب ذوالجلال والاکرام کے ساتھ دوسروں کو شریک ٹھہرانا چھوڑ دو یہی بات تمہارے فائدے میں ہے ۔
Top