Urwatul-Wusqaa - Aal-i-Imraan : 124
اِذْ تَقُوْلُ لِلْمُؤْمِنِیْنَ اَلَنْ یَّكْفِیَكُمْ اَنْ یُّمِدَّكُمْ رَبُّكُمْ بِثَلٰثَةِ اٰلٰفٍ مِّنَ الْمَلٰٓئِكَةِ مُنْزَلِیْنَؕ
اِذْ تَقُوْلُ : جب آپ کہنے لگے لِلْمُؤْمِنِيْنَ : مومنوں کو اَلَنْ يَّكْفِيَكُمْ : کیا کافی نہیں تمہارے لیے اَنْ : کہ يُّمِدَّكُمْ : مدد کرے تمہاری رَبُّكُمْ : تمہارا رب بِثَلٰثَةِ اٰلٰفٍ : تین ہزار سے مِّنَ : سے الْمَلٰٓئِكَةِ : فرشتے مُنْزَلِيْنَ : اتارے ہوئے
جب تم (میدان جنگ میں) ایمان والوں سے کہہ رہے تھے کہ کیا تمہارے لیے یہ بات کافی نہیں کہ اللہ (اپنی خاص مدد سے) تین ہزار نازل کیے ہوئے فرشتوں سے تمہاری مدد فرمائے گا ؟
تمہارے مقابلہ میں کفار تین ہزار ہیں تو تمہاری مدد کے لیے تین ہزار فرشتے نازل ہوں گے : 236: غزوہ احد میں مسلمانوں کی تعداد جو اس وقت مدینہ طیبہ سے نکلے تھے ایک ہزار تھی لیکن مدینہ طیبہ سے نکلنے کے بعد مقام شوط سے عبداللہ بن ابی منافقین کا سردار اپنے گروہ کے تین صد لوگوں کے ہمراہ الگ ہوگیا اور اس طرح مخلص مومنوں کی تعداد صرف سات سو باقی رہ گئی تھی جن میں سے پچاس آدمی معرکہ احد سے بالکل الگ کر کے جبل عیتین پر کفار کے لشکر کی روک کے لیے مستقل مقرر کردیے گئے تھے باقی چھ صد پچاس مجاہدین میں سے تقریباً بیس پچیس آدمیوں کو مختلف ڈیوٹیوں پر تعین کیا گیا تھا اور باقی 265 مجاہدین میدان کارزار میں جنگ آزما ہوئے تھے جن کو دو صفوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ نبی اعظم و آخر ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے حکم پا کر مسلمانوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے یہ ارشاد فرمایا کہ تمہاری مدد اللہ تعالیٰ تین ہزار فرشتوں سے فرمائے گا جو ایک طرح سے گویا اللہ تعالیٰ کی مدد کا اعلان تھا۔ اس طرح کی مدد اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کی بدر کے دن بھی فرمائی تھی جس کا ذکر آگے چل کر سورة الانفال میں آئے گا۔ چونکہ میدان بدر میں کفار مکہ کی تعداد ایک ہزار تھی اور مسلمان ان کے مقابلہ میں صرف تین صد تیرہ (313) تھے۔ اس جگہ اللہ تعالیٰ نے ایک ہزار فرشتوں کی مدد کی خوشخبری سنائی تھی جیسا کہ ارشاد فرمایا : اَنِّیْ مُمِدُّکُمْ بِاَلْفٍ مِّنَ الْمَلٰٓئِکَۃِ مُرْدِفِیْنَ (الانفال : 9:8) ” بلاشبہ میں تمہاری مدد کے لیے پے درپے ایک ہزار فرشتے بھیج رہا ہوں۔ “ اور اس معرکہ میں مخالفین کی تعداد تین ہزار تھی اس لیے مسلمانوں کے حوصلے بڑھانے کے لیے ارشاد الٰہی ہوا کہ اَلَنْ یَّکْفِیَکُمْ اَنْ یُّمِدَّکُمْ رَبُّکُمْ بِثَلٰثَۃِ اٰلٰفٍ مِّنَ الْمَلٰٓئِکَۃِ مُنْزَلِیْن (ال عمران : 124:3) ” کیا تمہارے لیے یہ کافی نہیں کہ تمہارا پروردگار تمہاری مدد تین ہزار اتارے ہوئے فرشتوں سے کر دے۔ “
Top