Urwatul-Wusqaa - Faatir : 44
اَوَ لَمْ یَسِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ فَیَنْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِهِمْ وَ كَانُوْۤا اَشَدَّ مِنْهُمْ قُوَّةً١ؕ وَ مَا كَانَ اللّٰهُ لِیُعْجِزَهٗ مِنْ شَیْءٍ فِی السَّمٰوٰتِ وَ لَا فِی الْاَرْضِ١ؕ اِنَّهٗ كَانَ عَلِیْمًا قَدِیْرًا
اَوَ : کیا لَمْ يَسِيْرُوْا : وہ چلے پھرے نہیں فِي الْاَرْضِ : زمین (دنیا) میں فَيَنْظُرُوْا : سو وہ دیکھتے كَيْفَ : کیسا كَانَ : ہوا عَاقِبَةُ : عاقبت (انجام) الَّذِيْنَ : ان لوگوں کا جو مِنْ قَبْلِهِمْ : ان سے پہلے وَكَانُوْٓا : اور وہ تھے اَشَدَّ : بہت زیادہ مِنْهُمْ : ان سے قُوَّةً ۭ : قوت میں وَمَا : اور نہیں كَانَ : ہے اللّٰهُ : اللہ لِيُعْجِزَهٗ : کہ اسے عاجز کردے مِنْ شَيْءٍ : کوئی شے فِي السَّمٰوٰتِ : آسمانوں میں وَلَا : اور نہ فِي الْاَرْضِ ۭ : زمین میں اِنَّهٗ : بیشک وہ كَانَ : ہے عَلِيْمًا : علم والا قَدِيْرًا : بڑی قدرت والا
کیا یہ لوگ کبھی زمین میں چلے پھرے نہیں کہ دیکھ لیتے ان سے پہلے جو لوگ گزرے ہیں ان کا انجام کیا ہوا حالانکہ وہ ان سے زیادہ زور آور تھے (کیا وہ اللہ کو عاجز کرسکے ؟ ہرگز نہیں) اللہ ایسا نہیں ہے کہ آسمان و زمین کی کوئی چیز اس کو عاجز کرسکے بلاشبہ وہ تو بڑا علم والا (اور) بڑی ہی قدرت والا ہے
کیا وہ زمین میں کبھی نہیں چلے پھرے کہ اپنے سے پہلوں کا انجام دیکھتے 44 ۔ کیا ان لوگوں کو کبھی کوئی سفر درپیش نہیں آیا ؟ بلا شبہ آیا اور انہوں نے ایک بار نہیں کئی بار ان بستیوں کو دیکھا جو تجارتی شاہراہوں پر اپنے دیکھنے والوں کے لئے ایک نمونہ پیش کررہی تھیں لیکن یہ بھی ایک فطری چیز ہے کہ آدمی کو جب تک خود تکلیف نہ پہنچے اس کو دوسرے کی تکلیف کا احساس کم ہی ہوتا ہے جو خود خیروعافیت سے وقت گزار رہا ہو اس کو دوسروں کی پریشانی سے کبھی عبرت حاصل نہیں ہوتی۔ وہ دن رات ان بستیوں کے کھنڈرات سے گزرتے ہیں لیکن ان کے ذہن و دماغ میں کبھی چوکا نہیں لگا کہ یہ لوگ کبھی اس طرح آباد تھے جیسے ہم ہیں اور اس طرح کاروبار کرتے تھے جیسے آج کل ہم کرتے ہیں اور اسی طرح خوشیاں مناتے تھے جیسے آج ہم مناتے ہیں اور اسی طرح اپنے نبی اور رسول کی نافرمانی کرتے تھے جیسے ہم کر رہے ہیں پھر کیا ایسا نہیں ہوسکتا کو جو حال اس کا ہوا ہمارا بھی ہوجائے جس طرح وہ لوگ آج سامان عبرت پیش کر رہے ہیں کبھی ہماری بستیاں بھی آنے والوں کو اسی طرح کا سامان عبرت پیش کریں۔ فرمایا اگر یہ لوگ غور کرتے تو ان کو معلوم ہوتا کہ جو کچھ اس دنیا کی نعمتوں سے ہم نے ان کو دے رکھا تھا یہ لوگ تو ابھی اس کے عشر عشیر کو بھی نہیں پہنچے ، جو ترقیاں انہوں نے کیں ، جیسے محلات انہوں نے تعمیر کئے ، جو سامان تعیش ان کو حاصل تھا وہ ابھی تک ان کو نہیں ملا لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے انجام پر نظر نہیں ڈالی۔ اللہ رب ذوالجلال والاکرام کی ساری تخلیق ہے اور یہ سارا نظام اسی کا چلایا ہوا ہے پھر کون ہے جو اس کو آسمان و زمین میں عاجز کرسکے۔ ہر طاقتور کی طاقت اور صاحب قوت کی قوت اور ہر صاحب اقتدار کا اقتدار اس کی طاقت ، قوت اور اقتدار کے سامنے لاشے ہے اور آسمان و زمین کے ذرہ ذرہ سے وہ واقف ہے کوئی چیز اس کے علم اور قدرت سے باہر نہیں ہے اور وہی ہے جس نے ہرچیز کا بندھن باندھ دیا ہے۔
Top