Urwatul-Wusqaa - Faatir : 7
اَلَّذِیْنَ كَفَرُوْا لَهُمْ عَذَابٌ شَدِیْدٌ١ؕ۬ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَهُمْ مَّغْفِرَةٌ وَّ اَجْرٌ كَبِیْرٌ۠   ۧ
اَلَّذِيْنَ كَفَرُوْا : جن لوگوں نے کفر کیا لَهُمْ : ان کے لیے عَذَابٌ شَدِيْدٌ : سخت عذاب وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا : اور جو لوگ ایمان لائے وَعَمِلُوا : اور انہوں نے عمل کیے الصّٰلِحٰتِ : اچھے لَهُمْ : ان کے لیے مَّغْفِرَةٌ : بخشش وَّاَجْرٌ : اور اجر كَبِيْرٌ : بڑا
جو لوگ منکر ہوئے ان کے لیے (آخرت میں) سخت عذاب ہے اور جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کیے ان کے لیے (آخرت میں) بخشش اور اجر (وثواب) ہے
کافروں کے لئے عذاب اور مومنوں کے لئے بخشش واجر بےحساب ہے 7 ۔ اب دونوں گروہوں کو الگ الگ کرکے بیان کیا جارہا ہے ایک گروہ ان لوگوں کا ہے جنہوں نے شیطان کو دوست بنالیا اور اس کے دھوکے میں آگئے اور دوسرا گروہ ان لوگوں کا ہے جنہوں نے اس کو دشمن سمجھا اور اس کے دائو سے بچ گئے۔ پہلے گروہ کو کافروں کا گروہ کہا گیا اور فرمایا ان کے لئے تو سخت عذاب ہے مگر وہ لوگ جو ایمان لائے اور اچھے عمل کیے اور ان سے جو غلطیاں ہوئیں ان کی اللہ سے بخشش طلب کی تو ان لوگوں کے لئے اللہ تعالیٰ کے ہاں بہت بڑا اجر ہے۔ گویا شیطان کے دوستوں کے لئے جتنا بڑا عذاب ہے اس کو دشمن سمجھنے والوں کو اتنا ہی بڑا اجر بھی دیا جائے گا اس طرح گزشتہ آیت کا مفہوم زیر نظر آیت نے مزید واضح کردیا۔
Top