Urwatul-Wusqaa - An-Nisaa : 84
فَقَاتِلْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ١ۚ لَا تُكَلَّفُ اِلَّا نَفْسَكَ وَ حَرِّضِ الْمُؤْمِنِیْنَ١ۚ عَسَى اللّٰهُ اَنْ یَّكُفَّ بَاْسَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا١ؕ وَ اللّٰهُ اَشَدُّ بَاْسًا وَّ اَشَدُّ تَنْكِیْلًا
فَقَاتِلْ : پس لڑیں فِيْ : میں سَبِيْلِ : راستہ اللّٰهِ : اللہ لَا تُكَلَّفُ : مکلف نہیں اِلَّا : مگر نَفْسَكَ : اپنی ذات وَحَرِّضِ : اور آمادہ کریں الْمُؤْمِنِيْنَ : مومن (جمع) عَسَى : قریب ہے اللّٰهُ : اللہ اَنْ : کہ يَّكُفَّ : روک دے بَاْسَ : جنگ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا : جن لوگوں نے کفر کیا (کافر) وَاللّٰهُ : اور اللہ اَشَدُّ : سخت ترین بَاْسًا : جنگ وَّاَشَدُّ : سب سے سخت تَنْكِيْلًا : سزا دینا
پس تم اللہ کی راہ میں جنگ کرو کہ تم پر تمہاری ذات کے سوا اور کسی کی ذمہ داری نہیں اور مومنوں کو بھی جنگ کی ترغیب دو عجب نہیں کہ بہت جلد اللہ منکرین حق کا زور اور تشدد روک دے اور اللہ کا زور سب سے زیادہ قوی اور سزا دینے میں ، وہ سب سے زیادہ سخت ہے
تم جہاد کے لیے ہر وقت تیار رہو اور اللہ کے زور کو اپنی کمزوری کا سہارا بنا لو : 146: کمزور اس وقت کیوں کمزور ہوگا جب وہ اپنے اللہ کو زور آور تسلیم کرتا ہو اور یہ بھی یقین جان لے کہ میرا اللہ میرے ساتھ ہے ؟ فرمایا : اے پیغمبر (e) ! آپ ﷺ پر ذمہ داری صرف اپنے نفس کی ہے۔ بس آپ ﷺ خود جنگ کے لیے اٹھ کھڑے ہوجائیے اور مسلمانوں کو ترغیب دیجئے اور اس بات سے بےنیاز ہوجائیے کہ کون اٹھتا ہے اور کون نہیں ؟ اس لیے کہ یہ ذمہ داری ہم نے آپ ﷺ پر ڈالی ہے اور آپ ﷺ اپنی ہی ذمہ داری کے جواب دہ ہیں دوسروں کی ذمہ داری کے نہیں۔ اس کے کام دوسروں پر منحصر نہیں ہوتے۔ وہ خود بڑی قوت رکھنے والا ہے اور اس کی قوت کی مظہر دنیا کی ہر شے ہے اور جس سے وہ جو کام لینا چاہے گالے لے گا۔ وہ ایک شپرہ سے نمرود جیسے رب کہلوانے والے کو مروا سکتا ہے تو یہ آپ ﷺ کے مخالف آخر شے ہی کیا ہیں ؟ وہ چاہے گا تو آپ کے مخلص ساتھیوں کے اندر اتنی قوت پیدا کر دے گا کہ وہ دیکھنے کے انسان قوت کے پہاڑ بن جائیں گے۔ غور کرو کہ ابابیل اور ہاتھی کا کوئی جوڑ بھی ہے پھر وہ وہی ہے جس نے ابابیلوں سے ہاتھیوں کو مروا دیا۔ آپ ﷺ فکر نہ کریں یہ چڑیاں ان بازوں کو ماریں گی اور یہ نہتے ان دوہتوں کو تہہ تیغ کریں گے۔ یہ زمانہ دیکھئے گا کہ اللہ کے زور کے سامنے یہ سارے زور آور کمزور ہوجائیں گے اور ان کو بھاگ کر چھپنے کی جگہ بھی نصیب نہیں ہوگی۔
Top