Urwatul-Wusqaa - Al-Ghaafir : 44
فَسَتَذْكُرُوْنَ مَاۤ اَقُوْلُ لَكُمْ١ؕ وَ اُفَوِّضُ اَمْرِیْۤ اِلَى اللّٰهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ بَصِیْرٌۢ بِالْعِبَادِ
فَسَتَذْكُرُوْنَ : سو تم جلد یاد کروگے مَآ اَقُوْلُ : جو میں کہتا ہوں لَكُمْ ۭ : تمہیں وَاُفَوِّضُ : اور میں سونپتا ہوں اَمْرِيْٓ : اپنا کام اِلَى اللّٰهِ ۭ : اللہ کو اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ بَصِيْرٌۢ بِالْعِبَادِ : دیکھنے والا بندوں کو
پس جو بات میں تم کو کہتا ہوں آگے چل کر تم اسے یاد کرو گے اور میں تو اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں بلاشبہ سارے بندے اللہ کی نظر میں ہیں
میں جو تم سے کہہ رہا ہوں تم اس کو سننے کے لیے تیار نہیں تو میں اللہ کی طرف رجوع کرتا ہوں 44۔ سامعین نے اس مرد مومن کی باتیں سنیں اور خاموشی کے ساتھ سنتے ہی چلے گئے اور جب اس کو کسی نے کوئی جواب نہ دیا تو اس نے انجام کار یہ کہا کہ اے میری قوم کے لوگو ! آج تو میں تم کو نصیحت کرتا ہوں اور تم میری بات کو سننے کے لیے تیار نہیں لیکن عنقریب وقت آنے والا ہے تم میری باتوں کو یاد کروگے یہ میری آخری گزارش ہے اور میں اپنے سارے کام اپنے اللہ کے سپرد کرچکا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ تم اس وقت حکومت کے نشہ میں ہو لیکن میں نے بھی کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی کوئی پرواہ نہ کرتے ہوئے حق بات تم کو پہنچا دی ہے اور می یہ بھی جانتا ہوں کہ تمہاری اس طرح کی خاموشی اپنے اندر بہت کچھ رکھتی ہے لیکن میں جو کچھ کہہ رہا ہوں ہر لحاظ سے سوچ سمجھ کر کہہ رہا ہوں اور اس کے نتائج سے اچھی طرح آگاہ ہوں اور میرا ایمان ہے کہ اللہ اپنے بندوں کے سارے کاموں سے اچھی طرح واقف ہے اس سے نہ کوئی میری بات پوشیدہ ہے اور نہ ہی آپ کی اور ہم سب کو اللہ تعالیٰ ہی کی طرف لوٹ کر جانا ہے اور وہی ہم سب کا حامی وناصر ہے۔
Top