Urwatul-Wusqaa - Al-An'aam : 16
مَنْ یُّصْرَفْ عَنْهُ یَوْمَئِذٍ فَقَدْ رَحِمَهٗ١ؕ وَ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْمُبِیْنُ
مَنْ : جو۔ جس يُّصْرَفْ : پھیر دیا جائے عَنْهُ : اس سے يَوْمَئِذٍ : اس دن فَقَدْ : تحقیق رَحِمَهٗ : اس پر رحم کیا وَذٰلِكَ : اور یہ الْفَوْزُ الْمُبِيْنُ : کامیابی کھلی
اس دن جس کے سر سے عذاب ٹل گیا تو اس پر اللہ نے رحم کیا اور بڑی سے بڑی کامیابی یہی ہے
اس دن جس کے سر سے عذاب ٹل گیا وہ یقیناً کا میاب ہوگیا : 26: اگر اس دنیا میں عذاب آتے آتے کسی سے ٹل جائے تو وہ اللہ کی رحمت بےپایاں کا مستحق ٹھہرتا ہے تو اس کے مقابلہ میں جو شخص کہ اس سے عذاب دوزخ ٹل گیا اس کی کامیابی کے کے کیا کہنے بلاشبہ وہ تو مبارکباد کا مستحق ہوگیا۔ ” اس روز جس کے سر سے عذاب ٹل گیا تو اس پر اللہ نے رحم کیا اور بڑی سے بڑی کامیابی یہی ہے “ کہ وہ دوزخ کے عذاب سے بچالیا گیا ۔ اس طرح کفار مکہ کو بھی ان کے کلام کا جواب دے دیا گیا جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کو دنیا کے مال کا لالچ دے کر دنیا کا ایک مالدار آدمی بنا دینے کا کہا تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا ” مجھے دولت کی آرزو نہیں اور نہ ہی دولت و عزت میرے نزدیک کامیابی کا کوئی معیار ہے ۔ کامیاب و کامران تو وہ ہے جس کو قیامت کے دن عذاب الٰہی سے نجات مل گئی۔ “ نبی اعظم و آخر ﷺ کی امت کو بھی یہ حقیقت ہر لمحہ پیش نظر رکھنی چاہئے اور ایسا اس وقت ممکن ہو سکتا ہے جب ناجائز طریقوں سے دنیا کا مال حاصل کرنے سے گریز کیا جائے اور اکل حلال کی کوشش کی جائے اور دنیا داروں کے جھانسے میں نہ آیا جائے۔ خصوصاً جس دور سے ہم گزر رہے ہیں یہ دور بڑا نازک ہے اس لئے کہ عوام تو عوام خواص کو بھی آخرت کی کامیابی کی فکر نہیں رہی اور دنیا کی کامیابیان حاصل کرنے کے لئے جھوٹ ، فریب ، دھوکہ اور دغا بازیوں سے کام لیا جارہا ہے ۔ پھر سیاست تو ایک عرصہ سے جب وہ اسلامی سیاست نہ رہی بلکہ خالصتاً مغربی سیاست کا لبادہ اس نے پہن لیا وہ جھوٹ ، فریب ، دھوکہ ، مکاریوں اور دغا بازیوں کی مرہون منت ہو کر ہی رہ گئی تھی لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس وقت مذہب کو بھی مذہبی راہنماؤں نے اس بحربے پایاں میں ڈبو کر رکھ دیا اور ساری کامیابیوں کا مدار اسی کو سمجھ لیا۔ زمرہ علماء کے رؤسائے اعظم بھی اسی میدان کے مداری بن کر رہ گئے۔ ان کی ساری سحربیانیاں ، للہیت کی دعویداریاں ، عشق رسول ﷺ کی خماریاں ، اللہ والوں کی دلداریاں اور مذہب وملت کی سرشاریاں اس کے ارد گردگھومنے لگیں اور قیامت کی کامیابی کی کوشش انہوں نے بالکل ترک کردی الامان والحفیظ ۔ یاد رکھنا چاہئے کہ اصل کامیابی وہی کامیابی ہے جو آخرت کی کامیابی ہے وذلک الفوز المبین۔
Top