Urwatul-Wusqaa - Al-A'raaf : 30
فَرِیْقًا هَدٰى وَ فَرِیْقًا حَقَّ عَلَیْهِمُ الضَّلٰلَةُ١ؕ اِنَّهُمُ اتَّخَذُوا الشَّیٰطِیْنَ اَوْلِیَآءَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ وَ یَحْسَبُوْنَ اَنَّهُمْ مُّهْتَدُوْنَ
فَرِيْقًا : ایک فریق هَدٰي : اس نے ہدایت دی وَفَرِيْقًا : اور ایک فریق حَقَّ : ثابت ہوگئی عَلَيْهِمُ : ان پر الضَّلٰلَةُ : گمراہی اِنَّهُمُ : بیشک وہ اتَّخَذُوا : انہوں نے بنالیا الشَّيٰطِيْنَ : شیطان (جمع) اَوْلِيَآءَ : رفیق مِنْ : سے دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا وَيَحْسَبُوْنَ : اور گمان کرتے ہیں اَنَّهُمْ : کہ وہ بیشک مُّهْتَدُوْنَ : ہدایت پر ہیں
ایک گروہ کو (کامیابی و کامرانی کی) راہ دکھائی ، دوسرے پر گمراہی ثابت ہوگئی ان لوگوں نے اللہ کو چھوڑ کر شیطانوں کو اپنا رفیق بنا لیا بایں ہمہ سمجھے کہ وہ راہ راست پر ہیں
ایک گروہ کو راہ دکھائی دوسرے پر گمراہی ثابت ہوگئی : 40: جب صحیح اور غلط ، حق اور ناحق کی وضاحت ہوگئی اور اصل حقیقت واضح ہوگئی تو بتوفیق الٰہی ایک گروہ اس حقیقت پر ایمان بھی لایا اور ایک گروہ پر گمراہی مسلط ہوگئی اور انہوں نے حقیقت کو سمجھ کر اس سے منہ پھیرلیا۔ گمراہ کون ہوئے ؟ وہی جنہوں نے شیطان کو اپنا رفیق بنا لیا : 41: جن لوگوں نے اپنی قوت اختیار وانتخاب سے غلط کام لیا وہ گمراہ ہوگئے اور ان لوگوں نے اللہ کی دی ہوئی ہدایت کو چھوڑ کر شیطانوں کو اپنا رفیق بنا لیا لیکن اس کے باوجود وہ بھی سمجھتے رہے کہ راہ راست پر وہی ہیں گمراہی سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں۔ اس لئے کہ شیطان کے دوستوں نے ان کو یہی باور کرایا اور اس بھول میں وہ ایسے مبتلا ہوئے کہ انہوں نے کسی دوسرے کی بات کو سننا گوارا ہی نہ کیا مختصر مطلب اس آیت کا یہ ہوا کہ جن لوگوں نے اللہ کی دی ہوئی سمجھ سے صحیح کام لیا اور اس کے عطا کردہ اختیار اور آزادی کو اس کے حکم کا پابند بنا دیا انہیں راہ ہدایت دکھا دی گئی اور اس پر چلنے کی توفیق عطا فرمائی اور جنہوں نے اللہ کو چھوڑ کر شریروں اور مفسدوں سے دوستی و محبت کا رشتہ جوڑ لیا ان کے مقدر میں گمراہی لکھ دی گئی اور وہ بدنصیب اس غلط فہمی میں پڑے رہے کہ جو کچھ وہ کر رہے ہیں عین صواب ہے اور یہ صرف نزول قرآن کے وقت کے باطل پرستوں ہی کا خیال نہ تھا بلکہ آج بھی راہ حق سے بھٹکے ہوئے افراد اور قومیں بڑی شدو مد اور وثوق سے اپنی گمراہی کو عین حق کہتی ہیں۔ ان پر گمراہی مسلط کرنے کی وجہ بیان کردی کہ انہوں نے خود شیطان کی رفاقت اختیار کی اور اللہ اور اس کے رسول کا ساتھ چھوڑ دیا پھر خود کردہ راچہ علاج ؟ اپنے پائوں خود کلہاڑی مارنے والوں کو کون سمجھائے ؟
Top