Urwatul-Wusqaa - Al-A'raaf : 62
اُبَلِّغُكُمْ رِسٰلٰتِ رَبِّیْ وَ اَنْصَحُ لَكُمْ وَ اَعْلَمُ مِنَ اللّٰهِ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ
اُبَلِّغُكُمْ : میں پہنچاتا ہوں تمہیں رِسٰلٰتِ : پیغام (جمع) رَبِّيْ : اپنا رب وَاَنْصَحُ : اور نصیحت کرتا ہوں لَكُمْ : تمہیں وَاَعْلَمُ : اور جانتا ہوں مِنَ : سے اللّٰهِ : اللہ مَا : جو لَا تَعْلَمُوْنَ : تم نہیں جانتے
میں اپنے پروردگار کا پیغام تمہیں پہنچاتا ہوں اور پند و نصیحت کرتا ہوں اور اللہ کی طرف سے اس بات کا علم رکھتا ہوں جو تمہیں معلوم نہیں
نوح (علیہ السلام) نے قوم کو کہا کہ میں ضلالت میں مبتلا نہیں ، میں تو اللہ کا رسول ہوں : 72: نوح (علیہ السلام) نے فرمایا کہ میں نے تو تم کو اللہ رب العالمین کا پیغام پہنچا دیا اور میں نے اپنی طرف سے تمہارے ساتھ نہایت حد تک خیر خواہی کی کہ تمہاری ضد اور ہٹ دھرمی کے باوجود تم کو اللہ کا پیغام سنایا لیکن تم نے مجھے اور میرے پیغام کو جھٹلانے کی قسم کھا رکھی ہے اور میری دل آزاری اور ناقدری ، دشمنی اور بیزاری کے لئے تم پوری قوم متحد ہوچکے ہو لیکن تمہارا یہ اتحاد تمہارے حق میں کبھی مفید ثابت نہیں ہوگا اور انجام کار تم ضرور عذاب الٰہی میں پکڑے جانے والے ہو اور مجھے تمہارا غم کھائے جا رہا ہے کہ تم اللہ کی اس سخت پکڑ میں نہ آجائو جس کا وہ بار بار میری زبان سے اعلان کرا چکا ہے اور یہ کہ تم کو ایک لمبی مدت تک وقت دیا گیا تھا لیکن تم نے اس سے ذرا بھی فائدہ حاصل نہ کیا اور میرے جھٹلانے کے لئے نت نئے منصوبے تم بناتے رہے لیکن میں اللہ تعالیٰ کے بتانے سے جو جانتا ہوں تم نہیں جانتے اس لئے کہ تمہارے پاس علم الٰہی میں سے کچھ بھی نہیں اور باپ دادا کا نام تم کو کوئی سہارا نہیں دے سکے گا۔ تم ظاہری پھوں پھاں اور چمک دمک کے ساتھ اگر اپنے ان قومی روگوں سے واقف ہوتے جن میں تم من حیث القوم سارے کی ساری قوم مبتلا ہو تو تم کو اندازہ ہوتا کہ میں تم سے کتنی سچی بات کہہ رہا ہوں جس کو تم سارے جھوٹوں سے بڑا جھوٹ قرار دے رہے ہو۔ تم یہ عام سی بات بھی نہیں سمجھ رہے کہ میں اللہ کا رسول (علیہ السلام) ہوں اور اللہ کا رسول (علیہ السلام) کبھی جھوٹ نہیں بول سکتا اور میں وہ کچھ جانتا ہوں جو تم نہیں جانتے۔
Top