Urwatul-Wusqaa - An-Naba : 30
فَذُوْقُوْا فَلَنْ نَّزِیْدَكُمْ اِلَّا عَذَابًا۠   ۧ
فَذُوْقُوْا : پس چکھو فَلَنْ نَّزِيْدَكُمْ : پس ہرگز نہ ہم زیادہ دیں گے تم کو اِلَّا عَذَابًا : مگر عذاب
پس (اب) مزہ چکھو (یاد رکھو کہ) ہم بھی تم پر عذاب کو بڑھائیں گے
پس اب مزہ چکھو ہم بھی تم پر عذاب کو بڑھاتے جائیں گے۔ ۔ 30 مطلب یہ ہے کہ ہم نے انسانوں کو پیدا کر کے بےلگام گھوڑے کی طرح کھلا نہیں چھوڑ دیا کہ جو تمہارے جی میں آئے تم کرتے پھرو اور تم سے کسی طرح کی باز پرس نہ ہوگی ایسا اندھیرا ہمارے ہاں بالکل نہیں ہے ہم تمہارے اعمال ، تمہارے ارادے اور تمہارے افکار سب کو گن رہے ہیں اور ہم ان سب کو محفوظ کرتے چلے جا رہے ہیں اور یہ سارا ریکارڈ قیامت کے روز ان کے سامنے کھول کر رکھ دیا جائے گا اور ہم ان کو پکار پکار کر کہیں گے کہ اپنے کئے کا انجام پڑھو اور جو تم کو عذاب دیا جانے اولا ہے اس کا مزہ معلوم کرنے کے لئے تیار ہو جائو اور یاد رکھو کہ ہم اب تم کو کسی بات میں زیادہ نہیں کریں گے مگر جو کچھ زیادہ ہوگا وہ عذاب ہی ہوگا ، کیوں ؟ اس لئے کہ ہمارا عذاب کیا ہے ؟ وہی تمہارے اعمال کا بدلہ ہی تو ہے اور یہ احسان عام ہے کہ جیسی کرنی ویسی بھرنی۔ جو آج تم بیجو گے وہی کل تم کو کاٹنا پڑے گا۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں اندھیر نگری نہیں وہاں جو کچھ ہے وہ سب کا سب بالکل محفوظ ہے اور جو کچھ ہے وہ اعمال کے مطابق ہے اور جو اس کا نتیجہ ہے وہ قبل از وقت ہم تم کو بتا رہے ہیں کہ اس کے عوض ہم تم کو جو بھی دیں گے وہ تم کو عذاب الٰہی میں زیادہ سے زیادہ ہی کرے گا کیونکہ تمہارے اعمال کی جزا ایسی ہی نظر آرہی ہے۔
Top