Urwatul-Wusqaa - At-Tawba : 8
كَیْفَ وَ اِنْ یَّظْهَرُوْا عَلَیْكُمْ لَا یَرْقُبُوْا فِیْكُمْ اِلًّا وَّ لَا ذِمَّةً١ؕ یُرْضُوْنَكُمْ بِاَفْوَاهِهِمْ وَ تَاْبٰى قُلُوْبُهُمْ١ۚ وَ اَكْثَرُهُمْ فٰسِقُوْنَۚ
كَيْفَ : کیسے وَاِنْ : اور اگر يَّظْهَرُوْا : وہ غالب آجائیں عَلَيْكُمْ : تم پر لَا يَرْقُبُوْا : نہ لحاظ کریں فِيْكُمْ : تمہاری اِلًّا : قرابت وَّ : اور لَا ذِمَّةً : نہ عہد يُرْضُوْنَكُمْ : وہ تمہیں راضی کردیتے ہیں بِاَفْوَاهِهِمْ : اپنے منہ (جمع) سے وَتَاْبٰي : لیکن نہیں مانتے قُلُوْبُهُمْ : ان کے دل وَاَكْثَرُهُمْ : اور ان کے اکثر فٰسِقُوْنَ : نافرمان
ان مشرکوں کا عہد کیونکر عہد ہوسکتا ہے جب کہ ان کا حال یہ ہے کہ اگر آج تم پر غلبہ پا جائیں تو نہ تمہارے لیے قرابت داروں کا پاس کریں نہ کسی عہد و پیمان کا ، وہ اپنی باتوں سے تمہیں راضی کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے دلوں کا فیصلہ اس کے خلاف ہے اور ان میں زیادہ تر ایسے ہی لوگ ہیں جو فاسق ہیں
بد عہدوں اور خائن لوگوں کا عہد بھی آخر کوئی عہد ہو سکتا ہے ؟ 12: یہ تو اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہوا کہ اس نے تم کو مشرکوں پر غلبہ دے دیا جس کا اصل باعث تمہارا عہد پر قائم رہنا تھا۔ جب تک ان کا غلبہ رہا وہ بد عہدیاں کرتے رہے اور اب جب تم کو غلبہ عطا کیا تو اگر تم بھی بد عہدیاں کرو تو آخر تم میں اور ان میں کیا فرق رہا ؟ رہی ان کی بات کہ اب وہ غلبہ پاجائیں تو کیا کریں گے ؟ بالکل وہی جو آج تک کرتے آرہے ہیں کہ نہ وہ تمہاری قرابت داری کا کوئی لحاظ کریں گے اور نہ ہی کسی عہد و پیمان کا کوئی پاس کریں گے۔ اس لئے کہ یہ مثل ہے ” لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے “ اور یہ کہ ” اشارہ ہمیشہ عقل والوں کے لئے ہوتا ہے “ گدھے کا کیا ہے کہ ڈنڈا برستا رہے گا تو وہ خوب کام کرے گا ذرا اس سے نرمی کرو تو کو دنے اور بھاگنے لگے گا۔ ڈنڈا ہی ان کا پیر ہے۔ عہد شکنی تو ان کی گٹھی میں پڑی ہے اور ان کی اصلیت یہ ہے کہ آج بھی اگر وہ تم پر قابو پا جائیں تو کسی ایک مومن کو بھی وہ نہ چھوڑیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف اگر اعلان جنگ نہ کیا جاتا تو نتیجہ یہ نکلتا کہ مسلمان دائمی خطرہ میں چھوڑ دیئے جائے۔ اس وقت جب اللہ نے تم کو ان پر قابو دے دیا ہے اور تسلط تمہارے ہاتھ میں آگیا ہے تو وہ اپنی باتوں سے تمہیں راضی کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے دلوں کا فیصلہ اس کے خلاف ہے اور ان میں زیادہ تر ایسے ہی لوگ ہیں جو فاسق ہیں یعنی راست بازی کے تمام طریقوں سے اور پابندیوں سے باہر ہوچکے ہیں۔
Top