ایمان مفصل
کلمۂ طیبہ
یہ پانچ عقیدے ہیں جن پر اسلام کی بنیاد قائم ہے۔ ان پانچوں عقیدوں کا خلاصہ صرف ایک کلمہ میں آجاتا ہے:
لا إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللهِ
جب تم لا إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ کہتے ہو تو تمام باطل معبودوں کو چھوڑ کر صرف ایک خدا کی بندگی کا اقرار کرتے ہو، اور جب مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللهِ کہتے ہو تو اس بات کی تصدیق کرتے ہو کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم خدا کے رسول ہیں۔رسالت کی تصدیق کے ساتھ خود بخود یہ بات تم پر لازم ہوجاتی ہے کہ خدا کی ذات و صفات اور ملائکہ اور کتب آسمانی اور انبیاء اور آخرت کے متعلق جو کچھ اور جیسا کچھ آنحضرت نے تعلیم فرمایا ہے اس پر ایمان لاؤ اور خدا کی عبادت اور فرماں برداری کا جو طریقہ آپ نے بتایا ہے اس کی پیروی کرو۔