صحابۂ کرام ؓ کا دینِ اسلام کے لئے جان اور مال خرچ کرنا

حضرت عثمان بن عفان ؓ کا جہاد کے لیے ترغیب دینا

حضرت عثمان بن عفان ؓ کے آزاد کر دہ غلام حضرت ابو صالح کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عثمان کو منبر پر یہ فرماتے ہوئے سنا: اے لوگو! میں نے حضورِ اَقدس ﷺ سے ایک حدیث سنی تھی، لیکن اب تک آپ لوگوں سے چھپا رکھی تھی تاکہ ( اس حدیث میں اللہ کے راستے میں جانے کی زبردست فضیلت کو سن کر) آپ لوگ مجھے چھوڑ کر نہ چلے جائیں۔ لیکن اب میرا یہ خیال ہوا کہ وہ حدیث آپ لوگوں کو سنا دوں تاکہ ہر آدمی اپنے لیے اسے اختیار کرے جو اسے مناسب معلوم ہو ( میرے پاس مدینہ رہنا، یا اللہ کی راہ میں مدینہ سے چلے جانا)۔ میں نے حضور ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ اللہ کے راستہ میں ایک دن سرحد کی حفاظت کے لیے پہرہ دینا اور جگہوں کے ہزار دن سے بہتر ہے ۔ 2 حضرت مُصْعَب بن ثابت بن عبد اللہ بن زُبیر فرماتے ہیں کہ حضرت عثمان بن عفان ؓ نے اپنے منبر پر بیان کرتے ہوئے فرمایا: میں آج تمہیں ایسی حدیث سناؤں گا جسے میں نے حضور ﷺ سے سنا ہے، اور میں نے آج تک تمہیں صرف اس لیے نہیں سنائی تھی کہ میں چاہتا تھا کہ تم لوگ میرے پاس ہی رہو ( مجھے چھوڑکر چلے نہ جاؤ)۔ میں نے حضورِ اَقدس ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ اللہ کے راستے میں ایک رات کا پہرہ دینا ان ہزار راتوں سے بہتر ہے جن میں رات کو کھڑے ہو کر اللہ کی عبادت کی جائے اور دن میں روزہ رکھا جائے۔1