صحابہ کرام ؓ کا ایمان

ایسے علم کا دوسروں تک پہنچانا جس پر خودعمل نہ کررہا ہو اور نفع نہ دینے والے علم سے پناہ مانگنا

حضرت جابر بن عبد اﷲ ؓ فرماتے ہیں: ہم سے حضرت حذیفہ ؓ نے فرمایا: ہمیں یہ علم دیا گیا ہے۔ اب ہم یہ علم تم تک پہنچارہے ہیں اگرچہ ہم اس پر خود عمل نہ کررہے ہوں۔1 حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ یہ دعا فرمایا کرتے تھے: اَللّٰھُمَّ إِنِّيْ أَعُوْذُ بِکَ مِنَ الْأَرْبَعِ: مِنْ عِلْمٍ لَّا یَنْفَعُ، وَقَلْبٍ لَّا یَخْشَعُ، وَنَفْسٍ لَّا تَشْبَعُ، وَدُعَائٍ لَّا یُسْمَعُ۔ اے اﷲ! میں چار چیزوں سے تیری پناہ چاہتا ہوں: اس علم سے جو نفع نہ دے، اور اس دل سے جس میں خشوع نہ ہو، اور اس نفس سے جو سیر نہ ہو، اور اس دعا سے جو سنی نہ جائے۔2