صحابہ کرام ؓ کا ذکر
کھانے پینے اور کپڑے پہننے کے وقت کی حضورﷺ کی دعائیں
حضرت ابو اُمامہؓفرماتے ہیں: جب حضورﷺ کے سامنے سے دستر خوان اٹھالیا جاتا تو آپ یہ دعا پڑھتے:
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ حَمْدًا کَثِیْرًا طَیِّبًا مُبَارَکًا فِیْہِ غَیْرَ مَکْفِيٍّ وَلاَ مُوَدِّعٍ وَلاَ مُسْتَغْنًی عَنْہُ رَبَّنَا۔
تمام تعریفیں اﷲ کے لیے ہیں ایسی تعریف جو بہت زیادہ ہو اور پاکیزہ اور با برکت ہو، ہماری یہ تعریف کافی (اور تیری شان کے لائق)نہیں ہوسکتی اور نہ ہم اسے کبھی چھوڑ سکتے اور نہ کبھی اس سے مستغنی ہو سکتے ہیں اے ہمارے ربّ!1
حضرت ابو سعیدؓفرماتے ہیں: حضورﷺ جب کھاتے یا پیتے تو فرماتے:
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِيْ أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَجَعَلَنَا مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ۔
تمام تعریفیں اس اﷲ کے لیے ہیں جس نے ہمیں کھلایا، پلایا اور ہمیں مسلمانوں میں سے بنایا۔ 2
حضرت ابو سعیدؓفرماتے ہیں: جب حضورﷺ نیا کپڑا پہنتے تو یہ دعا فرماتے:
اَللّٰھُمَّ لَکَ الْحَمْدُ أَنْتَ کَسَوْتَنِيْ ھٰذَا۔ (اس کے بعد اس کپڑے کا نام کرتا، عمامہ یا چادر وغیرہ لیتے) أَسْأَلُکَ خَیْرَہٗ وَخَیْرَ مَا صُنِعَ لَہٗ، وَأَعُوْذُ بِکَ مِنْ شَرِّہٖ وَشَرِّ مَا صُنِعَ لَہٗ۔
اے اﷲ! تمام تعریفیں تیرے لیے ہیں تو نے ہی مجھے یہ کپڑا پہنایا، میں تجھ سے اس کپڑے کی خیر اور جس مقصد کے لیے بنایا گیا ہے اس کی خیر کو مانگتا ہوں، اور اس کے شر سے اور جس مقصد کے لیے اسے بنایا گیا ہے اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔3