وضو کا بیان

وضو کا طریقہ

وضو کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اگر ممکن ہو تو پانی کا برتن دائیں طرف رکھے اور بسم اللہ پڑھ کر وضو شروع کرے،وضو کی نیت کے ساتھ پانی دونوں ہتھیلیوں پر ڈالے اور انھیں تین بار دھوئے،پھر تین بار کلی کرے،پھر تین بار ناک میں پانی چڑھائے اور اسے صاف کرے،پھر چہرہ سر کے بالوں سے شروع کر کے داڑھی کے اختتام تک لمبائی میں اورچوڑائی میں ایک کان سے دوسرے کان تک دھوئے،تین بار ایسا کرے،پھر دایاں ہاتھ کہنی سمیت تین بار دھوئے اور انگلیوں کا خلال کرے،پھر اسی طرح بایاں ہاتھ۔پھر ایک بار سر کا مسح کرے،وہ اس طرح کہ سر کے اگلے حصے سے شروع کر کے دونوں ہاتھ گدی تک لے جائے،پھر انھیں واپس لوٹائے اور مسح کرتا ہوا سر کے اگلے حصے تک واپس لے آئے،پھر دونوں کانوں کے اندر اور باہر کا مسح کرے،اس تری کے ساتھ جو سر کے مسح کے بعد ہاتھوں میں ہے اور یہ بھی جائز ہے کہ اگر ہاتھ خشک ہو گئے ہیں تو نیا پانی لے لے۔پھر دایاں پاؤں ٹخنے سمیت تین بار دھوئے اور پھر بایاں پاؤں بھی اسی طرح دھوئے،پھر یہ دعا مانگے: ((أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہُ لَا شَرِیکَ لَہُ،وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہُ وَرَسُولُہُ)) ’’میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،وہ اکیلا ہے،اس کا کوئی شریک نہیں اور بے شک محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں۔‘‘[1] وضو کے مذکورہ بالا طریقے کی دلیل یہ ہے:حضرت علی رضی اللہ عنہ نے وضو کیا اور دونوں ہتھیلیاں اچھی طرح دھوئیں،پھر تین بار کلی کی،پھر تین بار ناک میں پانی داخل کیا اور تین بار چہرہ دھویا اور دونوں ہاتھ تین بار دھوئے اور پھر ایک بار سر کا مسح کیا،پھر ٹخنوں تک دونوں پاؤں دھوئے:،پھر کہا:’’میں تمھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وضو کا طریقہ بتانا چاہ رہا ہوں۔‘‘[2]