نماز کا بیان

فرض،سنت اور نفل نمازیں

1 فرض نمازیں: پانچ نمازیں فرض ہیں:فجر،ظہر،عصر،مغرب اور عشاء،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد عالی ہے: ((خَمْسُ صَلَوَاتٍ کَتَبَھُنَّ اللّٰہُ تَبَارَکَ وَتَعَالٰی عَلَی الْعِبَادِ،مَنْ أَتٰی بِھِنَّ،لَمْ یُضَیِّعْ مِنْھُنَّ شَیْئًا اسْتِخْفَافًا بِحَقِّھِنَّ کَانَ لَہُ عِنْدَ اللّٰہِ تَبَارَکَ وَتَعَالٰی عَھْدٌ أَنْ یُّدْخِلَہُ الْجَنَّۃَ،وَمَنْ لَّمْ یَأْتِ بِھِنَّ فَلَیْسَ لَہُ عِنْدَ اللّٰہِ عَھْدٌ،إِنْ شَائَ عَذَّبَہُ وَإِنْ شَائَ غَفَرَ لَہُ)) ’’پانچ نمازیں اللہ نے بندوں پر لکھ دی ہیں،جو ان کی پابندی کرتا ہے اور بے قدری کر کے انھیں ضائع نہیں کرتا،اللہ کا اس کے لیے وعدہ ہے کہ وہ اسے بہشت میں داخل کرے گا اور جو انھیں ادا نہیں کرتا،اس کے لیے اللہ تعالیٰ کے ہاں کوئی وعدہ نہیں ہے،چاہے تو اسے عذاب دے اور چاہے تو بخش دے۔‘‘[1] 2 سنت نمازیں: سنت نماز میں وتر،فجر کی دو رکعتیں،عیدین کی نماز،نماز کسوف اور نماز استسقاء داخل ہیں اور یہ سب سنت مؤکدہ ہیں۔اور غیر مؤکدہ میں تحیۃ المسجد،فرائض کے ساتھ روزمرہ کی سنتیں وضو کے بعد دو رکعت،چاشت کی نماز،قیام رمضان اور قیام اللیل شامل ہیں۔٭ 3 نفل نماز: نفل نماز میں دن،رات میں مذکورہ مؤکدہ اور غیر مؤکدہ کے علاوہ پڑھی جانے والی نمازیں بھی داخل ہیں۔