روزے کا بیان

روزہ دار کے لیے مباح امور

1: روزہ دار دن میں جب چاہے مسواک کر سکتا ہے۔ 2: گرمی کی شدت میں ٹھنڈا پانی استعمال کرنا،چاہے جسم پر ڈالے یا اس میں غوطہ لگائے،کوئی حرج نہیں۔ 3: رات کے وقت صبح صادق سے پہلے کھانا،پینا اور جماع کرنا۔ 4: کسی جائز ضرورت کے لیے سفر کرنا،چاہے اس کے نتیجہ میں روزہ افطار کرنا پڑے۔ 5: حلال ادویہ استعمال کرنا،جبکہ معدہ تک نہ پہنچیں،ٹیکہ اگر غذا کے لیے نہ ہو تو وہ بھی اسی قبیل میں داخل ہے۔ 6: چھوٹا بچہ جو کھانا نہیں چبا سکتا اور اسے اس کی ضرورت ہے،اگر کوئی روزہ دار کھانا چبا کر اس کے منہ میں ڈالے تو مباح ہے مگر شرط یہ ہے کہ چبانے والے روزہ دار کے معدہ میں کوئی چیز نہ چلی جائے۔ 7: خوشبو لگانا یا خوشبو دار دھواں لینا بھی مباح ہے،اس لیے کہ شارع سے اس بارہ میں کوئی ممانعت وارد نہیں ہے۔