عبدالرحمن ثالث
پہلی مہم
اشبیلیہ کی جانب سے جب سلطان عبدالرحمن ثالث کو اس بات کا یقین ہو گیا کہ ادھر سے کوئی مخالفانہ فوجی کارر وائی نہیں ہو گی تو اس نے ایک فوج مرتب کر کے اپنے آزاد غلام بدر نامی کو دے کر عمر بن حفصون کی جانب روانہ کیا۔ یہ مہم سلطان عبدالرحمن ثالث نے اپنے جلوس کے پہلے ہی سال یعنی ۳۰۰ھ میں روانہ کی۔ بدر نے عمر بن حفصون کے قلعوں کو یکے بعد دیگرے فتح کرنا شروع کیا۔ عمر بن حفصون اپنا بہت سا میدانی علاقہ فتح کرا کر پہاڑی قلعوں میں جا چھپا‘ بدر اس طرف سے سالماً غانماً واپس آیا اور لوگ بخوشی آ آ کر سلطانی فوج میں داخل ہونے لگے۔