سلطنت غرناطہ
محمد مخلوع
محمد فقیہ کے بعد اس کے بیٹے محمد مخلوع نے تخت نشین ہو کر محمد بن محمد حکم لخمی وزیر سلطنت کو تمام اختیارات سلطنت عطا کر دیئے۔ ۷۰۳ھ میں ابو الحاج بن نصر حاکم وادی آش نے علم بغاوت بلند کیا مگر گرفتار و مقتول ہوا۔ ماہ شوال ۷۰۵ھ میں محمد مخلوع نے افریقہ کے قلعہ سوطا کو فتح کیا۔ وزیر السلطنت سے رعایا کے اکثر لوگ ناخوش تھے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ محمد مخلوع کے بھائی نصر بن محمد کو بغاوت پر آمادہ کیا۔ اور اول وزیر السلطنت کے مکان کو لوٹ کر قصر شاہی پر دھاوا کر دیا۔ محمد مخلوع کو گرفتار و معزول کر کے نصربن محمد کو تخت سلطنت پر بٹھایا۔