سلطنت غرناطہ

سلطان محمد

سلطان محمد نے تخت نشین ہو کر ابوالعلا عثمان کو اپنا وزیر بنایا۔ وزیر عثمان نے اپنا اقتدار جب حد سے زیادہ بڑھایا۔ اور تخت سلطنت کے لیے مضر ثابت ہونے لگا۔ تو سلطان محمد نے ۷۲۹ھ میں اس کو قتل کرا دیا۔ ۷۳۳ھ میں سلطان محمد نے جبل الطارق کو عیسائیوں سے خالی کرا لیا۔ عیسائی اس کے بچانے اور واپس لینے کے لیے بحری و بری فوجوں کے ساتھ حملہ آور ہوئے۔ مگر ناکام و نامراد رہے۔ جبل الطارق سے سلطان محمد غرناطہ کو واپس آ رہا تھا کہ ابوالعلا عثمان کے بیٹوں اور رشتہ داروں نے موقعہ پا کر سلطان محمد پر حملہ کیا۔ اور قتل کر ڈالا۔ سلطان کے ہمرا ہی اس کی لاش کو مالقہ لائے اور یہیں دفن کر دیا۔