مغولان چنگیزی

نکودارا غلن موسوم بہ احمد خان

نکودارا غلن زمانہ شہزادگی میں دولت اسلام سے مالا مال ہو چکا تھا۔ لہٰذا اس نے تخت نشین ہوتے ہی اپنا لقب احمد خان رکھا۔ اور شیخ کمال الدین عبدالرحمن الرافعی کو وزارت کا عہدہ عطا کیا۔ سلطان احمد خان نے مسلمانوں کے لئے ہر قسم کی سہولتیں بہم پہنچائیں۔ ان کو بڑے بڑے عہدے عطا کئے۔ مغلوں کی کفر یہ رسموں کو مٹایا۔ اور آئین اسلام کو ترویج دینے کی کوشش کی۔ سلطان احمد خان کی وجہ سے بعض دوسرے مغول بھی اسلام میں داخل ہونے شروع ہوئے۔ مغل سرداروں بالخصوص سلطان احمد خان کے بھائی ارغون خان نے جب دیکھا کہ سلطان احمد خان کی وجہ سے مغلوں کی عزت و سیادت کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے تو انھوں نے بغاوت کی سازش شروع کی۔