مقدمہ
تاریخی زمانے
بعض مؤرخین نے تاریخ کو تین زمانوں میں تقسیم کیا ہے۔
۱۔ قرون اولیٰ۲۔ قرون وسطیٰ۳۔قرون متاخرہ
قرون اولیٰ میں ابتدائے عالم سے سلطنت روما کے آخر تک کا زمانہ شامل ہے۔ قرون وسطیٰ میں سلطنت روما کے آخر زمانہ سے قسطنطنیہ کی فتح کا زمانہ‘ جب یہ شہر سلطان محمد ثانی عثمانی کے ہاتھ پر فتح ہوا شامل ہے۔
دنیا کے بعض عظیم الشان واقعات سے دوسرے واقعات کے زمانوں کا پتہ دیا جاتا ہے مثلاً پیدائش آدم (علیہ السلام) سے اتنے برس بعد‘ یا طوفان نوح علیہ السلام سے اتنے برس پہلے یا بعد‘ یا پیدائش عیسیٰ علیہ السلام ‘ یا بکرماجیت‘ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے مکہ سے مدینہ کو ہجرت فرمانے یا کسی بادشاہ کے تخت نشین ہونے کے زمانہ سے برسوں کا شمار کر لیا جاتا ہے آج کل دنیا میں سب سے زیادہ عیسوی اور ہجری سنین رائج ہیں۔