ملک عرب

عرب کی قدیم قومیں

ملک عرب میں قدیم سے سام ابن نوح علیہ السلام کی اولاد آباد رہی ہے‘ زمانہ کے اعتبار سے باشندگان عرب کو مؤرخین نے تین طبقات میں تقسیم کیا ہے‘ یعنی عرب بائدہ ‘ عرب عاربہ‘ عرب مستعربہ بعض نے عربہ اور مستعربہ کو ایک ہی قسم قرار دے کر عرب بائدہ و عرب باقیہ دو ہی قسمیں قرار دی ہیں۔ عرب بائدہ سے وہ قومیں مراد ہیں جو سب سے قدیم زمانہ میں ملک عرب کے اندر آباد تھیں اور وہ سب کی سب ہلاک ہو گئیں‘ ان کی نسل اور کوئی نشان دنیا میں باقی نہیں رہا‘ عرب باقیہ سے مراد وہ قومیں ہیں جو ملک عرب میں پائی جاتی ہیں ان کے بھی دو طبقات ہیں‘ جو عاربہ اور مستعربہ کے نام سے موسوم کئے گئے ہیں‘ بعض نے اہل عرب کو چار طبقوں میں تقسیم کیا ہے‘ اول عرب بائدہ یا عرب عاربہ‘ دوم عرب مستعربہ‘ سوم عرب تابعہ‘ چہارم عرب مستعجمہ۔