مہدی بن منصور

مہدی کا حج

۱۶۰ھ کے ماہ ذیقعدہ میں مہدی نے حج کی تیاری کی‘ اپنے بیٹے ہادی کو بغداد میں اپنا نائب بنا کر چھوڑا‘ ہادی کے ماموں یزید بن منصور کو ہادی کے ساتھ مقرر کیا‘ دوسرے بیٹے ہارون کو مع چند اہل خاندان کے ہادی کی مصاحبت پر متعین کیا اور خود وزیر یعقوب بن دائود بن طہمان کے مکہ معظمہ کی جانب روانہ کیا‘ مکہ میں پہنچ کر خانہ کعبہ کے پرانے تمام غلافوں کو جو تہہ بہ تہہ چڑھے ہوئے تھے اتروایا اور ایک نیا قیمتی غلاف چڑھایا‘ ڈیڑھ لاکھ غرباء کو کپڑے تقسیم کئے‘ مسجد نبوی کو وسیع کرایا‘ واپسی میں انصار کے پانچ سو خاندان اپنے ہمراہ عراق میں لایا ان کو یہاں آباد کر کے جاگیریں اور وظیفے مقرر کئے اور اپنی محافظت پر ان کو مامور کیا‘ مکہ کے راستے میں مکانات بنوائے‘ ہر مکان میں حوض اور کنویں بھی بنوائے‘ ان تمام کاموں کا اہتمام یقطین بن موسیٰ کے سپرد کیا‘ مسجد بصرہ کی بھی توسیع کرنے اور اس کے منبر کو چھوٹا کرنے کا حکم دیا۔