ملک عرب

چین

جن ملکوں کا ذکر اوپر ہو چکاہے یہ سب کے سب عرب کے ہر چہار سمت واقع ہیں اور یہی مشہور متمدن ممالک سمجھتے جاتے ہیں ان میں صرف ملک چین کا اور اضافہ ہو سکتا ہے کہ وہ بھی آباد و سر سبز اور متمدن ممالک میں شمار ہو سکتا تھا۔ چین کی حالت مذکورہ ممالک سے بھی بدتر تھی‘ کنفیوشش ‘ تائو اور بدھ تین مذاہب کی کیمیاوی امتزاج نے چین کی تہذیب اور اخلاقی حالت میں وہ کیفیت پیدا کر رکھی تھی جو سوڈا اور ٹار ٹارک ایسڈ کے ملانے سے پیدا ہوتی ہے‘ بالآخر اس حالت میں کوئی سکون اور امن کی کیفیت پیدا ہوئی تو اسی وقت میں جب کہ مسلمانوں کی ایک جمعیت نے چین میں داخل ہو کر سکونت اختیار کی اور اپنے اخلاقی نمونے سے اپنے ہمسائیوں کو متاثر کیا‘ ترکستان‘ روس‘ برہما‘ یورپ وغیرہ میں بھی انسانی آبادی موجود تھی‘ لیکن ان ملکوں کے رہنے والے انسانوں سے یا تو دنیا واقف نہ تھی یا ان کو بمشکل انسان کہا جا سکتا ہو گا‘ بہرحال کوئی قابل رشک خوبی ان میں موجود نہ تھی۔