مطیع اللہ

عمان پر قبضہ اور معز الدولہ کی وفات

عمان پر قرامطہ قابض و متصرف تھے‘ ۳۵۵ھ میں معز الدولہ نے عمان پر براہ دریا فوج کشی کی اور ۹ ذی الحجہ ۳۵۵ھ کو عمان پر قابض ہو گیا اور قرامطہ کو وہاں سے بھگا دیا‘ ہزارہا قرامطہ مارے گئے‘ نواسی کشتیاں ان کی جلا کر غرق کر دی گئیں‘ عمان سے فارغ ہو کر واسط آیا‘ یہاں آ کر علیل ہوا‘ پھر بغداد آیا‘ وزیر مہلبی نے اس سے پہلے عمان پر ۳۵۳ھ میں چڑھائی کی تھی مگر وہ بھی بیمار ہو کر آیا‘ بغداد میں پہنچ کر ہر چند علاج کیا مگر آرام نہ ہوا‘ بائیس سال حکومت کر کے ربیع الآخر ۳۵۶ھ میں فوت ہوا۔