قادر باللہ !

ترکوں کا خروج

چین اور علاقہ ماوراء النہر کے درمیان ایک درہ کوہ سے ترکوں کے قبائل نے جو ملک خطا کے رہنے والے تھے خروج کیا اور طغا خان والی ترکستان کے علاقہ میں لوٹ مار اور قتل و غارت کا بازار گرم کر دیا‘ طغا خان نے بلاد اسلامیہ سے فوج جمع کر کے ایک لاکھ بیس ہزار کے لشکر سے ان کا مقابلہ اور تعاقب شروع کیا‘ اپنے علاقہ سے نکل کر پہاڑوں کے درے اور تنگ گذر گاہیں عبور کر کے تین مہینے کی مسافت پر پہنچ کر ان کو جا لیا اور دو لاکھ آدمیوں کو قتل کر کے واپس ہوا‘ اس طرح ان ترکوں کو جنہیں مغل کہنا چاہیئے اچھی طرح نصیحت ہو گئی۔ یہ واقعہ ۴۰۸ھ میں وقوع پذیر ہوا۔ سلطان الدولہ نے اپنے بھائی مشرف الدولہ کو عراق کا گورنر بنا دیا تھا‘ مشرف الدولہ نے عراق میں سلطان کو موقوف کر کے اپنے نام کا خطبہ پڑھوانا شروع کر دیا اور سلطان الدولہ کو معزول کر دیا‘ یہ واقعہ ۴۱۱ھ میں واقع ہوا۔