دوسری فصل

دولت بنی بویہ دیلمیہ

دیلمیوں نے ۳۲۲ھ سے ۴۴۷ھ تک یعنی قریباً سوا سو سال فارس و عراق پر حکومت کی‘ ان دیلمیوں نے بجائے اس کے کہ کسی بعید ترین صوبہ کو خلیفہ کی حکومت سے جدا کرتے خود خلیفہ اور صوبہ عراق پر اپنا تسلط قائم کر کے حقیقتاً اور معناً خلافت عباسیہ کا خاتمہ کر دیا‘ مگر خلیفہ کا نام اور نام کی خلافت باقی رکھی۔ ان کی وجہ سے خلافت عباسیہ کے وقار و اعتبار کو جو صدمہ پہنچا اس کا حال گذشتہ اور اق میں مجملاً بیان ہو چکا ہے‘ چونکہ یہ لوگ خلافت عباسیہ پر مسلط و مستولی ہو گئے تھے اور خلیفہ انہیں کے ہاتھ میں مثل کٹھ پتلی کے تھا‘ لہٰذا خلفاء عباسیہ کے سلسلہ میں بنو بویہ کا حال اور ان کی حکومت کی کیفیت مسلسل نام بنام بیان کر دی گئی ہے‘ آئندہ اب ان کے تذکرے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔