دوسری فصل

دولت غزنویہ (افغانستان)

اوپر ذکر ہو چکا ہے کہ الپتگین نے سلطنت سامانیہ کے جنوبی حصہ پر قبضہ کر کے اپنی ایک الگ حکومت قائم کر لی تھی‘ الپتگین کے بعد اس کا داماد سبکتگین اس سلطنت کا مالک ہوا‘ سبکتگین کا بیٹا محمود غزنوی تھا‘ اس خاندان نے ۳۵۱ھ سے ۵۵۲ھ تک حکومت کی‘ محمود غزنوی کے زمانے میں اس سلطنت کی وسعت و طاقت شباب پر تھی‘ پنجاب و ملتان سے لے کر خراسان کے مغربی سرے تک اور خلیج فارس سے لے کر دریائے جیحون تک یہ سلطنت پھیلی ہوئی تھی‘ محمود غزنوی نے ایک طرف بخارا و سمر قتد تک حملے کیے تو دوسری طرف کا لنجر (بنگالہ) اور سو مناتھ تک حملہ آور ہوا‘ سلطنت کو جب زوال آیا تو خراسان پر خوارزم شاہیوں نے قبضہ کر لیا اور افغانستان و پنجاب پر خاندان غوری قابض و متصرف ہو گیا۔ غزنویوں کو ہمیشہ خلیفہ بغداد کی اطاعت و فرماں برداری کا اقرار رہا‘ سلطان محمود غزنوی کے عہد حکومت میں سلجوقیوں نے اپنے قدیمی مسکن یعنی مغربی چین کے پہاڑوں سے نکل کر بخارا کے میدانوں میں سکونت اختیار کی اور پھر بتدریج ایشیائے کوچک تک پھیل گئے‘ سلطان محمود غزنوی نے ماوراء النہر کا علاقہ بھی فتح کر لیا تھا‘ اس خاندان کی تاریخ مفصل طور پر تاریخ ہند میں درج کی جائے گی۔