دوسری فصل
ترکان کا شغر
فرغانہ کے مشرقی قطعات میں جو ترک قبیلے مسلمان ہو گئے تھے انہوں نے دولت سامانیہ کے زوال پذیر ہونے پر اپنی خود مختارانہ حکومت قائم کی جو ۳۲۰ھ سے ۵۶۰ھ تک قائم رہی‘ ان میں ایلک خان مشہور حاکم ترکستان ہوا ہے‘ ان کا دارالحکومت کا شغر تھا‘ یہ ترکان غز میں سے تھے اور ترکان عثمانی انہیں کے ہم وطن تھے‘ ترکان سلجوقی کے ظہور و خروج پر اکثر ترکان غز ارمینیا و آذربائیجان کی طرف چلے گئے‘ ترکان سلجوق بھی انہیں کے ہم وطن و ہم قوم تھے‘ جو قبائل مغرب کی جانب آوارہ ہو کر چلے گئے‘ انہوں نے بحیرہ قزوین کے ارد گرد اپنی حکومتیں قائم کر لی تھیں اور جو مشرق کی جانب دھکیل دے گئے تھے انہوں نے مشرقی ترکستان یعنی کا شغر میں حکومت کی بنیاد ڈالی تھی۔