مسلمانوں سے پہلے اندلس کی حالت
پیداوار اور آب و ہوا
آب و ہوا یورپ کے تمام ملکوں سے بہتر‘ یعنی معتدل‘ زمین زراعت کے لیے زیادہ موزوں اور زرخیز ہے‘ شادابی و سرسبزی اور کثرت پیداوار میں یہ ملک شام و مصر سے مشابہ ہے‘ چاندی کی کانیں خاص طور پر مشہور اور دوسری قیمتی دھاتیں بھی اس ملک میں پائی جاتی ہیں۔
وادی الکبیر اور ٹیکس دو مشہور بڑے دریا بہتے ہیں‘ ان دریائوں اور ان کے معاونوں نے اس جزیرہ نما کو تختۂ گلزار بنانے میں کمی نہیں کی‘ اس جزیرہ نما کی شمالی سرحد پر خلیج بسکی اور جبل البرتات ہے‘ مشرق میں بحر روم یا بحر متوسط ہے‘ جنوب میں بحر متوسط آبنائے جبل الطارق اور بحر ظلمات اور مغرب میں بحر ظلمات ہے۔