سبإ

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

سورة نمبر ٣٤

سورة نمبر : ٣٤

کل رکوع : ٦

آیات : ٥٤

الفاظ و کلمات : ٨٩٦

حروف : ٣٦٣٦

مقام نزول : مکہ مکرمہ

اللہ کا یہ اٹل قانون ہے کہ جن لوگوں نے اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری کی اور دین کے بنیادی اصولوں کی پابندی اختیار کی اللہ نے ان کو دنیا میں بھی کامیاب کیا اور آخرت کی ہر نعمت ان کو دی جائے گی لیکن جن لوگوں نے اللہ اور اس کے رسولوں کی نافرمانی کا طریقہ اختیار کیا اور انہوں نے اپنی دولت اور عالی شان عمارتوں پر بےجا فخر و غرور کیا تو ان کو دنیا میں تو یہ سزا دی گئی کہ ان کا سب تباہ و برباد کردیا گیا اور آخرت میں ان کو سخت سزا دی جائے گی۔

رزق میں وسعت اور تنگی یہ دونوں اللہ کی طرف سے ہیں وہ جس کو چاہتا ہے اس کو رزق دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے اس کی روزی کو تنگ کردیتا ہے وہی سب سے بہتر رازق ہے وہی برے حالات کو بہتر حالات میں تبدیل کردیتا ہے۔

تعارف سورة سبا

سورة سبا میں اللہ تعالیٰ نے حضرت دائود ، حضرت سلیمان (علیہ السلام) اور قوم سباد دونوں کے واقعات زندگی بیان کر کے کفار عرب کو آگاہ کیا ہے کہ وہ ان میں سے جس کی زندگی کو بھی اپنائیں گے دونوں کا انجام واضح ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان واقعات کے ذریعہ ہر ایک کے ضمیر سے ایک ہی سوال کیا ہے کہ وہ اس بات پر غور کرکے فیصلہ کرے جب اللہ کے فرما نبرداروں اور اور نافرمانوں کا ایک جیسا انجام نہیں ہے تو اب وہ ان دونوں میں سے کونسا راستہ اختیار کرکے کامیاب یا ناکام ہونا چاہتا ہے ۔

حضرت دائود اور ان کے صاحبزادے نے حضرت سلیمان (علیہ السلام) کو اللہ تعالیٰ نے زبردست حکومتیں اور سلطنتیں عطا فرمائی تھیں مگر انہوں نے اور ان کے ماننے والوں نے کفر و شرک اور غرور تکبر کے بجائے اللہ کا شکر اور مصائب پر صبر کرنے کو زندگی بنایا تو آج بھی ان کا نام عزت سے لیا جاتا ہے اور قیامت تک ان کو یہ عظمتیں حاصل رہیں گی۔

اس کے برخلاف قوم سبا جس کو اللہ نے ایک ہزار سال تک دنیا پر حکومت کرنے کا موقع عنایت فرمایا۔ سوکت، حشمت، عزت سر بلندی و دولت سے مالا مال فرمایا۔

ان کی ہدایت کے لئے بےسما انبیاء کرام کو بھیجا مگر انہوں نے اللہ سے بغاوت کرکے نافرمانی کا طریقہ اختیار کیا۔

بت پرستی اور جہالت کے ہزاروں وہ طریقے اختیار کیے جن سے اللہ کا غضب جوش میں آگیا اور ان کو اتنی سخت سزادی گئی کہ آج ان کا کوئی نام لیوا تک موجود نہیں ہے۔ ان کی عالی شان عمارتوں اور مکانات کے کھنڈرات بھی پکار کار کر کہہ رہے ہیں کہ اللہ تو اپنے بندوں پر بہت مہر بان ہے لیکن جو لوگ نافرمانی کا طریقہ اختیار کرتے ہیں ان کو دنیا سے اس طرح مٹا دیا جاتا ہے کہ پھر ان کا ذکرصرف قصے کہانیاں بن کر رہ جاتا ہے ۔ یہ اللہ کا ایسا دستور اور طریقہ ہے جو ہمیشہ سے جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گا۔

فرمایا گیا ہے کہ شیطان جو انسان کا ازالی دشمن ہے وہ لوگوں کا بہکا کر غلط راستے پر ڈال دیتا ہے اور اس طرح وہ عذاب الہٰی کا شکا ہوجاتے ہیں لیکن جو اللہ کے نیک بندے ہیں وہ شیطان کے پھیلائے ہوئے جال میں کبھی نہیں پھستے۔

اس سورة میں اللہ تعالیٰ نے قیامت کے دن میدان حشر میں کفار و مشرکین اور ان بتوں کا ذکر کیا ہے جنہیں انہوں نے دنیا میں اپنا سفارشی اور معبود بنا رکھا تھا کہ وہ ایک دوسرے پر الزامات لگائیں گے اور لعنتیں بھیجیں گے مگر اس وقت ان کا پچھتانا ان کے کام نہ آسکے گا اور ان دونوں کو جہنم میں جھونک دیا جائے گا۔

نبی کری م (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کفار مکہ کی باتوں سے شدید رنج پہنچتا تھا اللہ نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ماننے والوں کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر آج یہ کفار مشرکین اپنی ہٹ دھرمی اور ضد پر اڑے ہوئے ہیں اور آپ کی تعلیمات کع جھٹلا رہے ہیں تو یہ ایسی نئی بات نہیں ہے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے پہلے جتنے بھی انبیاء کرام (علیہ السلام) تشریف لائے ہیں ان کو اسی طرح جھٹلایا گیا ، تنگ کیا گیا مگر اللہ نے ان انبیاء کو اور ان کے ماننے والوں کو کامیاب فرمایا۔ آپ بھی اسی طرح کامیاب و با مراد ہوں گے

فرمایا کہ جو لوگ اپنے مال و دولت اور چھوٹی چھوٹی سرداریوں پر اس قدر اترا رہے ہیں ان کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے کیونکہ اللہ کا دستور یہ ہے کہ اگر انہوں نے اللہ کی نافرمانی کا طریقہ اختیار کیا تو یہ مال و دولت اور حکومت و سلطنت ان کے کسی کام نہ آسکے گی اور اگر انہوں نے اللہ و رسول کا کہا مانا اور ان کے راستے پر چلے تو ان کے لیے جنت کے وہ بہترین اور حسین و خوبصورت باغات ہوں گے جن میں وہ آرام و سکون اور چین و اطمینان سے ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔

ان کی ہر نیکی کا ان کو پورا پورا بدلہ دیا جائے گا لیکن جن لوگوں نے اپنے مال و دولت اور عظیم الشان عمارتوں پے بےجا فکر و غرور کرکے کفر و شرک کا راستہ اختیار کیا تو ان کو جہنم کی ابدی اور ہمیشہ رہنے والی آگ کا ایندھن بننا پڑے گا۔

فرمایا کہ رزق کی وسعت اور رزق میں تنگی یہ سب اللہ کر طرف سے ہے وہ جس کو چاہتا ہے رزق بہت زیادہ وسیع کردیتا ہے اور جس کا چاہتا ہے اس کے حالات کو اس پر تنگ اور محدود کردیتا ہے ۔ اگر کسی کو اللہ نے مال و دولت سے نوازا ہے تو یہ اس بات کی دلیل نیں ہے کہ وہ اللہ کا بہت پیارا ہے اور وہ اللہ کے ہاں بہت مقبول ہے ۔

اس سورة میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ کفار مکہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کبھی دیوانہ کبھی شاعر اور کبھی جادوگر کہتے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وہ کفار سب کے سب سر جوڑ کر بیٹھ جائیں اور پھر غور کریں کہ وہ جتنے الزامات نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر لگا رہے ہیں جنہوں نے پوری زندگی مکہ ہی میں گزاری ہے کیا ان میں سے ان کے متعلق ایک بات بھی درست اور صحیح ہے۔ اگر ان کے الزامات غلط اور بےبنیاد ہیں تو انہیں اللہ سے توبہ کرنا چاہیے تاکہ آخرت کی کامیابیاں انہیں نصیب ہوسکیں اگر انہوں نے ضد اور ہٹ دھرمی کا یہی انداز جاری رکھا تو پھر وہ دنیا و آخرت کی ہر نعمت سے محروم کردیئے جائیں گے۔