الدخان

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

تعارف سورة الدخان ۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ ٭سب سے پہلے اس قرآن حکیم کی قسم کھائی ہے جسے ایک برکت والی رات میں نازل کیا گیا ہے۔ اس رات کی عظمت یہ ہے کہ اس میں ہر حکمت والے کام جو آئندہ سال میں ہونے والے ہیں ان کو فرشتوں ( جبرائیل ، اسرافیل ، میکائل اور عزرائیل) کے حوالے کردیا جاتا ہے۔

٭اللہ کی شان اور وحدانیت کے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ وہی زندگی دیتا ہے وہی موت دیتا ہے ۔ وہی سب کا پالنے والا ہے۔ اس کی ذات پر اور اس کی قدرت پر ایمان لانا سعادت اور نیکی ہے لیکن منکرین اللہ کی ذات وصفات پر ایمان نہیں لاتے۔ ایسے منکرین کو ایسے دن کا انتظار کرنا چاہیے جب کہ آسمان پر ایک دھواں پیدا ہو کر ہر چیز پر چھا جائے گا ۔ وہ دن ایسے لوگوں کے لئے بڑا سخت اور کٹھن دن ہوگا ۔ منکرین گھبرا کر کہیں گے کہ اے ہمارے پروردگار اگر آپ نے اس کو ہم سے ہٹا لیا ، دور کردیا تو ہم ایمان لے آئیں گے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ تمہارے نصیب میں ایمان لانا کہاں ہے ؟ اگر تمہیں ایمان لانا ہوتا تو ان عظیم پیغمبروں کی توہین کرتے ہوئے انہیں کسی کا سکھایا ، پڑھایا دیوانہ قرار نہ دیتے۔ جب انہوں نے اس وقت اپنے نبی کی بات کو نہیں مانا تو اب وہ کہاں ایمان لانے والے ہیں ۔ فرمایا کہ اگر آج ہم ان سے اس عذاب کو ہٹا لیں تو یہ پھر وہی حرکتیں کریں گے جو اس سے پہلے کرتے آئے ہیں ۔ ان جیسے لوگوں کو اللہ سخت گرفت میں لے کر ان سے ان کی نافرمانیوں کا بدلہ ضرور لے گا ۔

(اس قرآن مجید کو اس مبارک رات میں نازل کیا گیا ہے جس میں ہر اہم اور حکمت والے کاموں کا فیصلہ کردیا جاتا ہے اور اس سے متعلق احکامات کو فرشتوں کے حوالے کردیا جاتا ہے۔ )

( کفار و مشرکین کو قیامت کے دن زقوم کا درخت کھلایا جائے گا جو ان کے پیٹ میں اس طرح کھولتا ہوگا جس طرح پانی گرم کرتے وقت کھولتا ہے۔ ان کو جہنم کے بالکل درمیان میں دھکیل کر ان پر کھولتا پانی اوپر سے ڈالا جائے گا اور کہا جائے گا کہ کھائو تم بڑے عزت والے بنے پھرتے تھے۔ )

فرمایا ان سے پہلے قوم فرعون کا بھی یہی حال تھا کہ جب ان پر عذاب آتاتو وہ اس کے دور کرنے کی درخواست کرتے اور جب وہ ٹل جاتا تو پھر پہلے جیسی حرکتیں کرنے لگتے حالانکہ موسیٰ (علیہ السلام) نے فرعون اور اس کی قوم کو ہر طرح سمجھایا مگر وہ برابر کو جھٹلاتے رہے بلکہ انہوں نے تو حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو قتل تک کرلینے کا پروگرام بنا لیا تھا مگر اللہ نے ان کو بچا لیا اور قوم فرعون کو پانی میں غرق کردیا اور قوم فرعون نے جو حسین باغات، بہتے چشمے ، کھیتیاں اور اونچے اونچے محل چھوڑے تھے ، بنی اسرائیل کو ان سب کا وارث بنا دیا ۔

(لیکن وہ لوگ جو اللہ سے ڈرتے اور اللہ کے پیغمبروں کی تعلیم پر چلنے والے اور اس کو ماننے والے ہیں ان کو جنت کی راحتیں عطاء کی جائیں گی وہ مانگیں گے ان کو دیا جائے گا ۔ ان کو خوبصورت باغات ، بہتے چشمے اور ریشمی لباس عطاء کیا جائے گا اور وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ )

فرعون کی تباہی پر نہ تو زمین روئی اور نہ آسمان رویا اور نہ اس کو کسی طرح کی مہلت دی گئی۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) پر ایمان لانے کی وجہ سے اللہ نے بنی اسرائیل کو فرعون کے ظلم سے نجات عطاء فرمائی اور وہ جس شدید آزمائش میں مبتلا تھے اس سے ان کو چھٹکارا عطاء کیا پھر بنی اسرائیل کو توریت جیسی کتاب دی گئی۔

اللہ تعالیٰ نے اہل مکہ کو ان کی ضد اور ہٹ دھرمی پر ایک مرتبہ پھر خبردار کیا ہے کہ وہ اللہ کے آخری نبی اور رسول حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر ایمان لے آئیں اسی میں ان کی نجات ہے۔ اللہ نے فرمایا ہے کہ وہ ذرا اس بات پر غور کرلیں کہ مکہ والے بڑی شان اور قوت والے ہیں یا تبع اور اس کی قوم ۔ فرمایا کہ جب قوم فرعون ، عاد وثمود جیسی ترقی یافتہ قومیں بھی اللہ کی نافرمانیاں کرنے کی وجہ سے اللہ کے عذاب سے نہ بچ سکیں تو تمہاری کیا حیثیت اور طاقت ہے۔ فرمایا کہ وہ نظام کائنات پر غور کریں کہ اس نے زمین و آسمان اور اس کے درمیان کی تمام چیزوں کو کھیل تماشہ نہیں بنایا ہے بلکہ ان کے پیدا کرنے اور بنانے میں اللہ کی بڑی بڑی حکمتیں پوشیدہ ہیں ۔ یہ نظام کائنات ایک قوت تک چلتا رہے گا پھر اس عالم پر موت طاری ہوگی اور وہ قیامت کا دن ان مجرمین پر بہت سخت اور بھیانک ہوگا سوائے اس کے کہ اللہ ہی کسی پر رحم و کرم فرما دے۔

فرمایا کہ اس دن کفار و مشرکین کے کھانے کے لئے زقوم کا درخت ہوگا جو ان کے پیٹ میں اس طرح جوش مارے گا جیسے تیز کھولتا ہوا پانی جوش مارتا ہے۔ اللہ کے فرشتے ان کو پکڑ کر جہنم کے بیچ میں دھکیل دیں گے اور ان پر تیز گرم پانی ڈالیں گے اور کہیں گے کہ تم بڑی عزت والے بنے پھرتے تھے آج اس عذاب کا مزہ چکھو ۔ یہ وہی عذاب ہے جس سے تمہیں ڈرایا گیا تھا مگر تم اس کو نہیں سمجھتے تھے آج اس کو بھگتو ۔ ان کے بر خلاف وہ لوگ جو اللہ سے ڈرنے والے ، نیک اور صالح ہوں گے وہ امن و سکون ، چین اور آرام کی جنتوں میں ہوں گے جہاں خوبصورت باغات ، پانی کے بہتے چشمے اور نہریں ہوں گی ۔ باریک اور موٹے ریشمی لباس پہنے مسہریوں اور تخت پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھے ہوں گے ۔ فرمایا کہ ہم بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں ان کی زوجیت میں دے دیں گے۔ وہ ہر طرح خوش و خرم اور طرح طرح کے پھلوں سے اپنا دل بہلائیں گے۔ جو موت ان کو آ چکی ہے اب دوبارہ ان کو نہ آئے گی ۔ سب سے بڑی نعمت یہ ہے کہ اللہ نے ان کو جہنم کے عذاب سے بچالیا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ آپ کے پروردگار کا فضل و کرم اور ان کی زبردست کامیابی ہوگی ۔ فرمایا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ کے رب نے قرآن کریم کو آسان عربی زبان میں نازل کیا ہے تا کہ اس پر غور و فکر کرنا آسان ہو اگر اس کے باوجود بھی یہ لوگ قرآن کی عظمت کو نہیں مانتے تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کے انجام کا انتظار کیجئے یہ خود بھی اس کے انتظار میں ہیں۔

Baseerat-e-Quran - Introduction - Surah 44