IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 44. Ad-Dukhaan · Ayah 1

  1. حٰمٓۚۛ﴿1﴾

    1. حٰمٓحا۔ میم
Translation · Baseerat-e-Quran
حا ۔ میم ۔ حروف مقطعات ( جن کے معنی اور مراد کا علم اللہ کو ہے)
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 1 تا 16 : لیلۃ مبارکۃ (برکت والی رات) یفرق (وہ جدا کردیتا ہے، الگ کردیتا ہے) امر حکیم ( حکمت بھرا فیصلہ) ارتقب (تو انتظارکر ، راہ دیکھ) دخان ( دھواں) یغشی (وہ ڈھانپ لے گا) معلم ( پڑھایا گیا) عائدون ( وہ لوٹنے والے ہیں) البطشۃ (سخت پکڑ)

تشریح : آیت نمبر 1 تا 16 : قرآن کریم میں سات سورتیں وہ ہیں جن کی ابتداء ” حم ‘ ‘ سے کی گئی ہے۔ احادیث میں ان سات سورتوں کے بہت سے فضائل بیان کئے گئے ہیں ۔ ان ہی میں سے یہ پانچویں سورت ہے۔

” حا۔ میم “ حروف مقطعات میں سے ہیں جن کی تفصیل اس سے پہلی سورتوں میں بیان کردی گئی ہے۔ علماء مفسرین نے بیان کیا ہے کہ ان حروف کے معنی اور مراد کا علم اللہ ہے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ یہ وہ واضح اور صاف صاف احکامات بیان کرنے والی کتاب ہے جس کو ایک برکتوں والی رات ( شب قدر) میں نازل کیا گیا ہے جس رات میں آئندہ سال ہونے والے واقعات اور احکامات کے بارے میں ہر حکمت بھرے معاملہ کا فیصلہ کر کے اس سے فرشتوں کو آگاہ اور مطلع کردیا جاتا ہے۔

قرآن کریم ساری انسانیت کے لئے قیامت تک سراسر رحمت اور کرم ہی کرم ہے۔ اس کتاب کو اس پروردگار نے نازل کیا ہے جو آسمانوں ، زمین اور ان کے درمیان کی ہر چیز کا خالق ومالک ہے جو پوری قدرت اور کامل اختیار رکھنے والے ہے۔ وہی سب کی پرورش کرتا اور پالتا ہے۔ زندگی اور موت اسی کے قبضہ قدرت میں ہے ، وہی سب کے باپ دادا کا پیدا کرنے والا ہے۔ کفار و مشرکین اور دین اسلام کے دشمن جو دنیا کو ایک کھیل کود اور تماشے سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے ان سے فرمایا جا رہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب آسمان پر ہر طرف دھواں ہی دھواں ہوگا اور لوگ سخت اذیت اور تکلیف میں مبتلا ہوں گے ۔ جب کفار و مشرکین اللہ کے عذاب کو اپنے سامنے دیکھیں گے تو گھبرا کر کہہ اٹھیں گے الٰہی ! اس عذاب کو ہم سے دور کر دیجئے ہم ایمان لے آئیں گے۔

اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ میں اچھی طرح معلوم ہے کہ اگر ان کو مہلت دے دی جائے تب بھی یہ ایمان لانے والے نہیں ہیں ۔ کیونکہ جب ان کے پاس ہمارے پیغمبر سچائی کا پیغام لے کر آئے تھے تو انہوں نے ان کو نہ صرف جھٹلایا بلکہ ان کو بد نام کرنے کے لئے طرح طرح کی باتیں بنائیں اور ہمارے رسول پر یہاں تک الزام لگا دیا کہ یہ رسول جو کچھ کہتے ہیں وہ اللہ کا کلام نہیں ہے بلکہ کوئی آ کر ان کو سکھا یا جاتا ہے اور وہی باتیں یہ لوگوں کو آ کر بتا دیتے ہیں ۔ وہ کہتے کہ یہ تو سکھائے پڑھائے دیوانے ہیں۔

اللہ نے فرمایا کہ ان منکرین کو قیامت کے ہولناک دن اور اس میں دی جانے والی سزاؤں کا اندازہ نہیں ہے ورنہ وہ اس طرح کی حرکتیں نہ کرتے۔

فرمایا کہ جب ہم ایسے لوگوں کو عذاب میں پکڑیں گے تو کوئی ان کی مدد کے لئے نہ آئے گا اور ہم سے چھڑانے والا کوئی نہ ہوگا ۔

زیر مطالعہ آیات میں کچھ مخصوص الفاظ ارشاد فرمائے گئے ہیں جن کی تشریح ضروری ہے تا کہ ان آیات کا مفہوم پوری طرح ذہن نشین ہوجائے۔

(1) الکتاب المبین واضح اور کھلی ہوئی کتاب ۔ یعنی اپنے معنی اور مفہوم میں اس قدر واضح اور کھلی ہوئی کتاب ہے جو حق و باطل اور حرام و حلال کو نہایت وضاحت سے بیان کردیتی ہے۔ اللہ نے اس کتاب کی قسم کھا کر ارشاد فرمایا ہے یہ قرآن تو ایک واضح کتاب ہے جس کو نہ تو سمجھنامشکل ہے اور نہ اس پر عمل کرنے میں کوئی دشواری ہے۔ اس کو ایک ایسی روشن اور مبارک رات میں اتارا گیا ہے جو ایک ہزار راتوں سے بھی زیادہ افضل و بہتر ہے۔

(2) ” لیلۃ مبارکۃ “ برکت والی رات ۔ اس رات سے مرادرمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات ہے جس کو اردو میں ” شب قدر “ کہا جاتا ہے ۔ اس مبارک رات میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص نظر کرم فرماتے ہیں اور رات بھر ندائیں دی جاتی ہیں کہ ہے کوئی اللہ کی رحمتوں کو سمیٹنے والا کہ اس کو وہ سب کچھ عطاء کردیا جائے جو وہ مانگ سکتا ہے۔ اس رات میں بندوں کی دعائیں قبول کی جاتی ہیں ۔ آسمان سے فرشتے اور جبرئیل امین اترتے ہیں اور اس رات میں ہر حکمت والے معاملے کا فیصلہ کردیا جاتا ہے۔

علماء مفسرین کا اس پر اتفاق ہے کہ اس مبارک رات سے مراد شب قدر ہی ہے جو رمضان کے آخری عشرے کی کسی طاق رات میں ہوتی ہے۔ کچھ حضرات نے بعض روایات سے سورة دخان میں ” لیلۃ مبارکہ “ سے مراد شعبان کی پندرہویں رات (شب برأت) مراد لی ہے لیکن علماء و مفسرین کی اکثریت نے اس سے مراد شب قدر ہی کو لیا ہے۔

ممکن ہے اللہ نے شب برأت میں قرآن کریم کو لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر مکمل قرآن کی شکل میں نازل کیا ہو اور رمضان کی شب قدر میں موقع کی مناسبت سے تھوڑا تھوڑا قرآن نازل کرنا شروع کیا ہو ۔ بہر حال اس کی صحیح کیفیت کا علم اللہ کو ہے۔

(3) ” امر حکیم “ حکمت سے بھر پور احکامات ۔ یعنی اس مبارک رات میں اہم اور حکم بھرے معاملات کا ” فیصلہ “ کر کے فرشتوں کے حوالے کردیا جاتا ہے جو آنے والے سال میں پیش آنے والے ہیں دوسرے الفاظ میں یہ سمجھا جاسکتا ہے کہ فرشتوں میں ان کی ذمہ داریوں کو تقسیم کردیا جاتا ہے۔

(4) ” دخان مبین “ واضح اور چھا جانے والا دھواں ۔ قیامت سے قریب زمانہ میں ایک دھواں پورے آسمان پر چھا جائے گا جو اس بات کی علامت ہوگا کہ اب قیامت بہت قریب ہے۔ چناچہ احادیث میں اس دھویں کا ذکر تفصیل سے کیا گیا ہے۔

حضرت ابو مالک اشعری ؓ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میں تمہیں تین چیزوں سے آگاہ اور خبر دار کرتا ہوں ۔

(1) ایک تو دھواں جو مومن کے لئے زکام کی طرح ہوگا لیکن کافروں کی ایک ایک نس میں اس طرح بھر جائے گا کہ ان کے کانوں اور جسم کے ہر حصے سے دھواں نکلتا ( محسوس) ہوگا ۔

(2) دوسرے دابہ ، یہ عجیب و غریب جانور ہوگا جو قیامت کے قریب ظاہر ہوگا۔

(3) تیسرے دجال کا آنا ( ابن کثیر)

اسی طرح قیامت کی علامتیں بیان کرتے ہوئے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب تک دس علامتیں ظاہر نہ ہوجائیں اس وقت تک قیامت قائم نہ ہوگی۔

(1) سورج کا مغرب سے طلوع ہونا یعنی وہ جس طرف سے روزانہ نکلتا ہے وہ وہاں سے نکلنے کے بجائے مخالف سمت سے نکلے گا ۔

(2) دھواں ( جو پورے آسمان پر چھا جائے گا) ۔

(3) دابہ (عجیب و غریب جانور)

(4) یاجوج ماجوج کا خروج۔

(5) حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کا نزول ( یعنی دنیا میں دوبارہ آنا)

(6) زمین کا دھنسنا۔

(7) مشرق میں زمین کا دھنسنا۔

(8) مغرب میں زمین کا دھنسنا۔

(9) جزیرۃ العرب میں زمین کا دھنسنا۔

(10) اور عدن سے ایک زبردست آگ کا نکلنا جو سب لوگوں کو ہانکتی لے جائے گی (مسلم)

(5) ” رسول مبین “ وہ رسول جو اعلیٰ ترین اور قابل تعریف صفات کے مالک ہیں اور جن کی سیرت اور ان کا اسوہ حسنہ سورج کی کرنوں سے زیادہ روشن اور واضح ہے۔

(6) ” معلم مجنون “ سکھایا پڑھایا دیوانہ ، کفار و مشرکین جب ہر طرح کی سازشوں اور پروپیگنڈے کے باوجود اپنی ہر کوشش میں نا کام ہوگئے اور انہوں نے دیکھا کہ اتنے شدید پروپیگنڈے کے باوجود عرب کے نوجوان ، بوڑھے ، عورتیں اور بچے حضور اکرم ﷺ کی سیرت و کردار اور آپ کے لائے ہوئے پیغام سے متاثر ہوتے چلے جا رہے ہیں تو انہوں نے نبی کریم ﷺ کو شاعر ، مجنوں ، جادوگر اور کاہن کہنا شروع کیا ۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگانا شروع کردیا کہ جس کو یہ اللہ کا کلام کہتے ہیں وہ ان کو کوئی شخص آ کر سکھا جاتا ہے وہ اسی کو بیان کر کے اللہ کی طرف منسوب کردیتے ہیں ( نعوذ باللہ)

اللہ تعالیٰ نے کفار و مشرکین کے تمام الزامات کے جوابات عنایت کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اللہ ہی نے اس واضح اور روشن کتاب کو ایک برکت والی رات میں اپنے رسول پر نازل کیا ہے تا کہ لوگوں کی آخرت سدھر جائے لیکن بعض لوگ اس آگاہی کے باوجود اپنی روش زندگی چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں ۔ فرمایا کہ ایسے لوگوں کو قیامت کے اس ہولناک دن کا خیال ضرور رکھنا چاہیے جس دن ہر انسان کو اللہ کے سامنے حاضر ہو کر اپنی زندگی کے ہر لمحے کا حساب دینا ہوگا اس دن صرف وہی لوگ کامیاب و با مراد ہوں گے جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت و فرماں برداری کی ہوگی۔