المجادلة

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

تعارف سورة مجادلہ

سورة نمبر 58

کل رکوع 3

آیات 22

الفاظ و کلمات 479

حروف 2103

مقام نزول مدینہ منورہ

اہل ایمان کو یہ ادب سکھایا گیا ہے کہ جب وہ کسی محفل میں یا کسی کے گھر مزاج پرسی کے لئے جائیں تو اس طرح جم کر نہ بیٹھ جائیں کہ جس سے دوسرے کو تکلیف ہو اور وہ شرم کی یا اپنے اخلاق کی وجہ سے کچھ کہہ نہ سکے۔

بعض صحابہ کرام (رض) رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فیض حاسل کرنے کے لئے دیر تک آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس بیٹھنا چاہتے لیکن نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اپنے اخلاق کریمانہ سے کسی کو منع نہ فرماتے جب تک صحابہ کرام (رض) بیٹھتے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی بیٹھے رہتے مگر اس سے آپ کو تکلیف پہنچتی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہمارے نبی تو تم سے یہ کہتے ہوئے شرماتے ہیں لیکن ہم تمہیں بتانے میں شرم محسوس نہیں کرتے کہ جب وہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی محفل میں جائیں تو مناسب وقت تک بیٹھا کریں تاکہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تکلیف نہ ہو۔ مجلس میں اگر کچھ زیادہ لوگ آجائیں تو سب کو اس بات کو موقع دیا کریں کہ ہر ایک آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی مجلس میں شرکت کرکے فیض حاصل کرسکے۔

عربوں میں یہ طریقہ رائج تھا کہ اگر انہوں نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی تو اس سے رجوع کیا جاسکتا تھا لیکن اگر کسی نے ” ظہار “ کرلیا تو اس کی بیوی ہمیشہ کے لئے حرام ہوجاتی تھی۔ ” ظہار “ یہ ہے کہ اگر کسی شوہر نے اپنی بیوے سے یہ کہہ دیا ” الست علی کظھرامی “ تو مجھ پر ایسی ہے جیسے میری ماں کی پیٹھ یعنی اب تجھ سے صحبت کرنا ایسا ہی ہے جیسے میں نے اپنی ماں سے مباشرت کی۔ تو اس سے ہمیشہ کے لئے جدائی سمجھی جاتی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے عربوں کے اس جاہلانہ تصور اور قانون کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیا۔ فرمایا کہ اپنی بیوں کو ماں سے تشبیہ دینا انتہائی شرم ناک اور بےہودہ بات ہے لیکن اگر کسی نے یہ کہا تو اس کے کہہ دینے سے بیوی اس کی ماں نہیں بن جاتی۔ ماں تو وہی ہے جس سے وہ پیدا ہوا ہے۔ البتہ اس غیر شائستہ اور نامناسب بات کا کفارہ یہ ہے کہ (١) بیوی کو ہاتھ لگانے سے پہلے ایک غلام آزاد کرے (٢) اگر غلام میسر نہ ہو تو مسلسل دو مہینے تک روزے رکھے (مہینہ چاند کے حساب سے ہوگا) اور اس دوران بیوی سے صحبت نہ کرے (٣) اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو صحبت سے پہلے ساٹھ مسکینوں کو دو وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلائے پکا کر کھلائے یا اتنی رقم دیدے جس سے ساٹھ آدمی دو وقت پیٹ بھر کر کھانا کھا سکیں۔ یہ کفارہ ادا کرنے کے بعد وہ شخص اپنی بیوی سے صحبت کرسکتا ہے اس سے پہلے صحبت حرام ہے۔

ان آیات کا شان نزول یہ ہے کہ قبیلہ خزرج کی ایک صحابیہ حضرت خولہ بنت ثعلبہ (رض) تھیں ان کے شوہر اوس بن صامت انصاری (رض) قبیلہ اوس کے سردار حضرت عبادہ ابن صامت (رض) کے بھائی تھے۔ حضرت خولہ (رض) بیان کرتی ہیں کہ ان کے شوہر حضرت اوس ابن صامت (رض) نے ان سے ” ظہار “ کیا۔ جب انہوں نے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے اس واقعہ کا اظہار کیا تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ تم اپنے شوہر کے لئے ہمیشہ کے واسطے حرام ہوچکی ہو (کیونکہ اس وقت تک یہی قانون رائج تھا) ۔ حضرت خولہ (رض) نے اللہ سے فریاد کی اور رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس آکر بار بار اصرار کیا کہ وہ اپنے شوہر سے کسی طرح جدا نہ ہوں گی ورنہ ان کی اور ان کے بچوں کی زندگی برباد ہو کر رہ جائے گی۔ دوسری طرف حضرت خولہ (رض) نے اللہ کی بارگاہ میں فریاد کی الٰہی ! میری اس مصیبت پر نظر فرمائیے اور کوئی ایسا راستہ عطا فرمائیے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ ہی رہ سکیں۔ اللہ نے ان کی فریاد سن کر ” ظہار “ کے پرانے قانون کو منسوخ کردیا اور کفارہ لازم قرار دے دیا۔

٭اس سورة میں مختلف معاشرتی مسائل کے حل کے لئے قوانین بھی بیان فرمائے گئے تاکہ ایک ایسا اسلامی معاشرہ بن سکے جس میں تہذیب و شائستگی اور دوسروں کی تکلیفوں کا خیال رکھا جاسکے۔

٭منافقین طرح طرح کی شرارتوں کے منصوبے بنانے کے لئے چھپ چھپ کر سرگوشیاں کیا کرتے تھے تاکہ دین اسلام اور رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی طرف سے جو ان کے دلوں میں بغض و حسد کی آگ لگ رہی تھی اپنی تسکین کا سامان کرسکیں۔ فرمایا کہ ان کی سرگوشیاں اور منصوبہ بندیاں اللہ کی تدبیر کے سامنے دھری رہ جائیں گی اور وہ اہل ایمان کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچا سکیں گے۔ مومنوں کو چاہیے کہ وہ نہایت خلوس سے دین کی جدوجہد کرتے رہیں اگر کسی سرگوشی میں کوئی گناہ، ظلم و زیادتی اور اللہ و رسول کی دشمنی نہ ہو تو اس سرگوشی میں کوئی حرج نہیں ہے۔

٭ایک ادب یہ سکھایا گیا کہ کسی مجلس میں بہت سے لوگ بیٹھے ہوں اور باہر سے کچھ اور لوگ آکر بیٹھنا چاہیں تو آنے والوں کے لئے گنجائش پیدا کرنے کے لئے سمٹ سمٹ کر بیٹھ جائیں کیونکہ یہ آداب مجلس کے خلاف ہے کہ کچھ لوگ بیٹھے رہیں اور کچھ انتظار میں کھڑے رہیں یا ایک دوسرے کو پھاندتے پھلانگتے اندر گھسنے کی کوشش کریں۔ یہ بڑی خود غرضی اور تنگ دلی ہے کہ آنے والوں کا خیال نہ رکھا جائے۔

٭اسی میں ایک ادب یہ بھی سکھایا گیا کہ کسی محفل میں اس طرح جا کر بیٹھ جانا کہ دوسروں کی ضروریات اور پریشانیوں کا خیال ہی نہ کیا جائے یہ بات بھی قطعاً مناسب نہیں ہے کیونکہ ہوسکتا ہے صاحب خانہ کو کوئی ایسی ضرورت ہو جس کا اظہار وہ کرنا مناسب نہ سمجھتا ہو۔ فرمایا کہ اگر وہ زبان سے یا اپنے کسی انداز سے اشارے سے سے یہ کہہ دے کہ میں مصروف ہوں تو لوگوں کو اس جگہ یا محفل سے اٹھ جانے میں اپنی بےعزتی محسوس نہیں کرنی چاہیے ۔

نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جو اخلاق کریمانہ کا پیکر تھے اور صحابہ کرام (رض) جن کی خواہش ہوتی تھی کہ وہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے قریب ہو کر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں کبھی کبھی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کوئی ضروری کام ہوتا اور صحابہ کرام (رض) دیر تک بیٹھنا چاہتے تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اپنے اخلاق کریمانہ کی وجہ سے ان کو منع نہ کرتے۔ اللہ تعالیٰ نے اسی بات کو فرمایا کہ ہمارے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! تو تم سے نہیں کہتے کہ شرماتے ہیں لیکن ہم یہ کہتے ہیں کہ وہ ہمارے نبی کے آرام و راحت اور ضروریات کا خیال رکھیں۔ مختصر بیٹھیں اور جب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) فرما دیں کہ آنے والوں کے لئے جگہ خالی کردیں۔ گنجائش پیدا کریں یا اٹھ کر چلے جانے کے لئے فرمائیں تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ہر حکم اور اشارے کی تعمیل کی جائے اور تمام اہل ایمان کو قیامت تک اسی طرح کے مجلسی آداب کا لحاظ کرنا ضروری ہے۔

فرمایا کہ اگر کسی کو نبی کری (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے کوئی بات خاموشی سے علیحدگی میں کرنا ہو تو وہ پہلے صدقہ دے پھر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے تنہائی میں بات کرے۔ مقصد یہ تھا کہ صحابہ کرام (رض) اس بات کو سمجھ لیں اور اس عادت کو چھوڑ دیں۔ چناچہ جب اس کی عادت پڑگئی اور صحابہ (رض) کرام سمجھ گئے تو اس حکم کو منسوخ کردیا گیا۔ علماء مفسرین نے فرمایا ہے کہ بعض لوگ ( ہوسکتا ہے ان میں منافق بھی ہوں) اپنی اہمیت جتاتے اور یہ بتانے کے لئے کہ وہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے بہت قریب ہیں اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی ان کا بہت لحاظ فرماتے ہیں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے تنہائی میں ملاقات کی خواہش کرتے اور پھر جم کر بیٹھ جاتے تھے جس سے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تکلیف پہنچتی تھی مگر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کسی سے کچھ نہ فرماتے تھے۔

٭انصار اور مہاجرین جو ایمان لے آئے تھے وہ دین کے لحاط سے تو کفار سے علیحدہ ہوچکے تھے مگر رشتہ داریاں بہرحال قائم تھیں۔ بعض صحابہ (رض) اپنے رشتہ داروں سے ملتے اور بعض صحابہ (رض) کفار کو دشمن رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سمجھ کر ان سے بات تک کرنا گوارا نہ کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اللہ کو ہر ایک کے ایمان و اخلاص کا پوری طرح علم ہے۔ وہ لوگ جو منافق ہیں اور دشمنان اسلام سے ملتے ہیں وہ کتنی ہی قسمیں کھا کر یقین دلائیں کہ ان کا مقصد محض رشتہ داریوں کا لحاظ کرنا تھا۔ اللہ کو معلوم ہے کہ جب وہ کفار سے ملتے ہیں تو ان کی ہاں میں ہاں ملاتے ہیں فرمایا ایسے لوگ شیطان کے گروہ میں شامل ہیں اس لئے اللہ ان کو پسند نہیں کرتا لیکن جو لوگ ایمان اور اخلاص کا پیکر ہیں وہ اللہ کی جماعت ہیں وہی ہر طرح کی کامیابیاں حاصل کرنے والے ہیں۔ اللہ ان سے راضی ہے اور وہ صحابہ کرام (رض) اللہ کی ہر رضا پر راضی ہیں۔