IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 58. Al-Mujaadila · Ayah 1

  1. قَدْ سَمِعَ اللّٰهُ قَوْلَ الَّتِیْ تُجَادِلُكَ فِیْ زَوْجِهَا وَ تَشْتَكِیْۤ اِلَى اللّٰهِ١ۖۗ وَ اللّٰهُ یَسْمَعُ تَحَاوُرَكُمَا١ؕ اِنَّ اللّٰهَ سَمِیْعٌۢ بَصِیْرٌ﴿1﴾

    1. قَدْ سَمِعَیقیناً سن لی
    2. اللّٰهُاللہ نے
    3. قَوْلَبات
    4. الَّتِيْوہ عورت جو
    5. تُجَادِلُكَآپ سے بحث کرتی تھی
    6. فِيْ زَوْجِهَااپنے خاند کے بارے میں
    7. وَتَشْتَكِيْٓاور شکایت کرتی تھی
    8. اِلَى اللّٰهِاللہ کی طرف
    9. وَاللّٰهُاور اللہ
    10. يَسْمَعُسنتا تھا
    11. تَحَاوُرَكُمَا ۭتم دونوں کی گفتگو
    12. اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
    13. سَمِيْعٌۢسننے والا
    14. بَصِيْرٌدیکھنے والا
Translation · Baseerat-e-Quran
بیشک اللہ نے اس (عورت) کی بات سن لی جو آپ سے اپنے شوہر کے معاملے میں جھگڑ رہی تھی اور اللہ تعالیٰ سے شکایت کر رہی تھی۔ اللہ تم دونوں کی بات سن رہا تھا۔ بیشک اللہ سب کچھ سننے والا اور سب کچھ دیکھنے والا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

سمع۔ سن لیا۔ تجادل۔ وہ جھگڑتی ہے۔ تشتکی۔ شکایت کرتی ہے ۔ تحاور۔ آپس میں بات چیت۔ یظھرون۔ وہ ظہار کرتے ہیں۔ ولدن۔ انہوں نے جنا۔ پیدا کیا۔ زور۔ جھوٹ۔ گناہ۔ یعودون۔ وہ لوٹتے ہیں۔ تحریر۔ آزاد کرنا۔ رقبۃ۔ گردن (غلام) ۔ ان یتماسا۔ یہ کہ وہ ہاتھ لگائیں۔ شھرین متتابعین۔ مسلسل دو مہینے۔ اطعام۔ کھلانا۔ ستین۔ ساٹھ۔ یحادون ۔ ناراض کرتے ہیں۔ کبتوا۔ ذلیل کئے گئے۔ احصی۔ اس نے شمار کیا۔

تشریح : نبی کریم خاتم الانبیاء حضرت محمد ﷺ کی بعثت کے وقت عربوں میں بہت سے من گھڑت طریقے رائج تھے جن پر وہ لوگ بڑی شدت سے جمے ہوئے تھے اور اسی کو ان لوگوں نے شریعت بنا رکھا تھا مثلا اگر میاں بیوی کے درمیان مزاجوں میں ہم آہنگی نہ ہوسکی اور باہمی اختلافات بڑھ کر بات طلاق تک پہنچ گئی تو وہ اپنی بیوی کو جتنی طلاقیں چاہے دیدیتے اور پھر جب چاہتے اس سے رجوع کرلیتے اس طرح عورتیں مردوں کے ہاتھوں کا کھلونا بن کر رہ گئی تھیں اور مردوں کے ظلم و ستم سے نکلنے کا مظلوم عورتوں کے لئے کوئی راستہ نہ تھا۔ دین اسلام نے طلاق کے لئے ایسے اصول عطا فرمائے کہ جس سے کسی شخص کو عورت پر ظلم و زیادتی کرنے کا راستہ نہ مل سکے۔ عربوں میں طلاق کے لئے تو یہ تصور تھا کہ اگر طلاق دیدی جائے تو اس سے رجوع کیا جاسکتا ہے لیکن اگر کسی نے اپنی بیوی سے کہ کہہ دیا ” انت علی کظھر امی “ یعنی تو مجھ پر ایسی ہے جیسے میری ماں کی پیٹھ تو اس لفظ کے ادا کرتے ہی گویا وہ اپنی بیوی سے قطع تعلق کا ایک ایسا اعلان سمجھا جاتا تھا جس سے کسی حال مین رجوع نہیں کیا جاسکتا تھا۔ اس کو عربی میں ” ظہار “ کہا جاتا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے سورة مجادلہ کی ان زیر مطالعہ آیات میں بالکل صاف صاف اعلان فرمادیا ہے کہ تم می سے جو لوگ اپنی عورتوں سے ظہار کرلیتے ہیں یعنی یہ کہہ دیتے ہیں کہ تو میری ماں جیسی ہے تو کہ کہنے سے ان کی بیویاں ان کی مائیں نہیں بن جاتیں کیونکہ درحقیقت مائیں تو وہی ہیں جن کو کوکھ سے انہوں نے جنم لیا ہے۔ فرمایا کہ اپنی بیوک کو ماں کہہ دینا انتہائی غیر سنجیدہ، نامعقول اور جھوٹ بات ہے جس کی توقع ایک سمجھد ار اور باوقار مومن سے نہیں کی جاسکتی لیکن جو لوگ اس سے رجوع کرنا چاہیں وہ کفارہ ادا کرکے پھر سے میاں بیوی کی حیثیت سے رہ سکتے ہیں۔

علماء مفسرین نے ان آیات کے شان نزول میں حضرت خولہ بنت ثعلبہ ؓ کا ایک واقعہ لکھا ہے جس سے ان آیات کی پوری طرح وضاحت ہوجاتی ہے۔ قبیلہ اوس کے سردار حضرت عبادہ ابن صامت ؓ کے بھائی حضرت اوس ؓ ابن صامت انصاری ؓ نے اپنی بیوی حضرت خولہ بنت ثعلبہ ؓ سے کہہ دیا کہ ” انت علی کظھر امی “ یہ کہتے ہی حضرت خولہ ؓ پر تو جیسے پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ وہ غم سے نڈھال سرکار دو عالم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور مسئلہ پوچھا آپ نے اس زمانہ کے رواج کے مطابق فرما دیا کہ میرا خیال ہے تم اپنے شوہر کے لئے حرم ہوچکی ہو۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس وقت تک ظہار کے متعلق کوئی وحی نازل نہ ہوئی تھی۔ حضرت خولہ ؓ نے رونا پیٹنا شروع کیا اور نبی کریم ﷺ اپنے حق کو حاصل کرنے کے لئے کہنا شروع کیا یا رسول اللہ ﷺ جب اسلام میں طاق کے احکامات ہیں اور ظہار کے لئے کوئی حکم نہیں ہے تو پھر اس رواج کو کیوں مانا جائے۔ آپ ﷺ نے پھر اپنی بات ارشاد فرمادی کہ میرے خیال میں تم اپنے شوہر کے لئے حرام ہوچکی ہو۔ حضرت خولہ ؓ نے شکوے کے ساتھ ساتھ اپنے حق کے لئے جھگڑنا شروع کردیا۔ ابھی یہ بات ہو رہی تھی کہ حضور اکرم ﷺ پر وحی کے نزول کی کیفیت طاری ہونا شروع ہوئی تو حضرت عائشہ ؓ نے اشارہ سے حضرت خولہ ؓ کو چپ رہنے کے لئے کہا۔ اس وت سورة مجادلہ کی یہ ابتدائی آیات نازل ہوئیں جن میں اس زمانہ کے چلتے ہوئے قانون کو منسوخ کرکے خانگی اور گھریلو زندگی کو تباہی سے بچا لیا گیا۔ صحابہ ؓ اور صحابیات ؓ اللہ کو اس قدر محبوب ہیں کہ قرآن کریم میں ان کی بہت سی اداؤں اور باتوں تک کو محفوظ کردیا گیا جو ان کے لئے دنیا اور آخرت کی عزت و سربلندی اور وقار کا ذریعہ ہیں۔ ان آیات میں فرما دیا کہ بیشک اللہ نے اس عورت (خولہ ؓ بن ثعلبہ) کی بات سن لی جو وہ اپنے شوہر کے بارے میں جھگڑ رہی تھی اور اللہ سے شکایت کر رہی تھی ( اس کی اور اے نبی ﷺ ! آپ کی) باتوں کو وہ سن رہا ہے بیشک اللہ ہی تو سب کچھ سننے اور سب کچھ دیکھنے والا ہے۔ فرمایا کہ تم میں سے جو لوگ اپنی بیوی سے ظہار کرلیتے ہیں یعنی وہ کہہ دیتے ہیں کہ تو میری ماں جیسی ہے تو وہ اتنا کہہ دینے سے ان کی مائیں نہیں بن جاتیں کیونکہ مائیں تو وہی ہوتی ہیں جن کے بطن سے وہ پیدا ہوتے ہیں ایسی بات کہنا بہت ہی بری اور جھوٹ بات ہے۔ لہٰذا جو لوگ ” ظہار “ کرنے کے بعد اپنی بیویوں سے رجوع کرنا چاہتے ہیں تو وہ صحبت و مباشرت سے پہلے ایک غلام آزاد کریں۔ اگر گلام (باندی) میسر نہ ہو تو مسلسل دو مہینے تک روزے رکھیں اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو ( دو وقت پیٹ بھر کر) کھانا کھلائیں۔ تو بہ استغفار کرتے رہیں۔ اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے فرمادیا ہے کہ اللہ کی حدود کو خیال رکھنا ضروری ہے۔ اللہ اور اس کے رسول نے جن حدود کو مقرر کردیا ہے ان کے قریب بھی جانا اللہ اور اس کے رسول کی توہین اور مخالفت ہے۔ اگر کوئی ایسا کرے گا تو اللہ ان کو بھی اسی طرح ذلیل و رسوا کردے گا جس طرح اس نے گذشتہ امتوں کے نافرمانوں کو ذلیل و خوار کرکے رکھ دیا تھا۔ فرمایا کہ ہر شخص کو اس بات کو خیال رکھنا چاہیے کہ اس کو بہت جلد اللہ کے سامنے حاضر ہو کر اپنے ایک ایک عمل کا حساب دینا ہے جس سے اللہ اچھی طرح واقف ہے۔

جب یہ آیات نازل ہوئیں تو رسول اللہ ﷺ نے حضرت اوس ابن صامت انصاری ؓ کو بلا کر فرمایا کہ اللہ کے حکم کے تحت تمہارے لئے رجوع کرنے کی گنجائش ہے۔ اب تم ایک غلام آزاد کر دو انہوں نے اس سے معذرت چاہی آپ ﷺ نے فرمایا کہ اچھا تو تم لگاتار دو مہینے تک روزے رکھو۔ انہوں نے عرض کیا کہ اوس کا تو یہ حال ہے کہ دن میں تین مرتبہ کھانانہ کھائے تو اس کی بینائی جواب دینے لگتی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ پھر تم ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائو۔ عرض کیا میری اتنی مالی حیثیت نہیں ہے کہ میں ساٹھ آدمیوں کو کھانا کھلا سکوں آپ ہی میری مدد کر دیجئے۔ آپ ﷺ نے اور آپ کے صحابہ کرام ؓ نے ان کو اتنا دیدیا کہ وہ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلا سکیں۔ اس طرح حضرت اوس ابن صامت انصاری ؓ نے ” ظہار “ سے رجوع فرمایا اور پھر وہ دونوں میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی گزارنے لگے۔

(1) ۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت خولہ ؓ بنت ثعلبہ کی فریاد کو سن کو فوراً ہی ان پر احکامات کو نازل فرما دیا جس کی وجہ سے حضرت خولہ ؓ کو صحابہ کرام ؓ میں عزت و عظمت کا ایک خاص مقام حاصل ہوگیا تھا۔ ایک مرتبہ حضرت عمر فاروق ؓ کہیں تشریف لے جا رہے تھے راستے میں ایک خاتون ملیں انہوں نے امیر المومنین کو روکا حضرت عمر سر جھکا کر دیر تک ان خاتون کی بات سنتے رہے۔ کسی نے عرض کیا امیر المومنین آپ نے قریش کے سرداروں کو اس بڑھیا کی وجہ سے روکے رکھا۔ حضرت عمر ؓ نے فرمایا جانتے ہو یہ خاتون کون ہیں ؟ یہ خولہ بنت ثعلبہ ہیں جن کی شکایت سات آسمانوں پر سنی گئی۔ اللہ کی قسم اگر یہ رات بھر مجھے روکے کھری رہتیں تو میں کھڑا رہتا صرف نمازوں کے اوقات میں ان سے معذرت کرتا۔ (ابن ابی حاتم۔ بیہقی) ۔

(2) ۔ ظہار کرنے سے نکاح نہیں ٹوٹتا بلکہ عورت بدستور اس شوہر کی بیوی رہتی ہے۔ وقتی طور پر عورت اپنے شوہر سے الگ کردی جاتی ہے۔ جب شوہر کفارہ ادا کردے گا تو جو رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی وہ دور ہوجائے گی اور وہ دونوں پھر سے میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی گزاریں گے۔

(3) ۔ مردوں کی طرح اگر بیوی نے اپنے شوہر سے کہہ دیا کہ تو میرے باپ کی طرح ہے یا یہ کہ میں تیری ماں کی طرح ہوں تو اس سے ظہار نہیں ہوتا کیونکہ اللہ نے مردوں کو طلاق دینے کا حق دیا ہے وہی ظہار کرسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرا ان کریم میں بالکل واضح طریقے پر فرما دیا ہے ” بیدہ عقدۃ النکاح “ کہ نکاح کی گرہ مرد کے ہاتھ میں ہے چاہے تو وہ گرہ بندھی رکھے اور اگر چاہے تو اس کو کھول دے یعنی طلاق دیدے۔ شریعت نے طلاق دینے کا حق عورت کو نہیں دیا ہے۔ یہ حق صرف مردوں کو دیا گیا ہے۔

(4) ۔ اگر کوئی مسلم، عاقل، بالغ اور مکمل ہوش و حواس میں ہو تو وہ ظہار کرسکتا ہے۔ یہ بات یاد رہے کہ دین اسلام نے مردوں کو طلاق اور ظہار کا حق ضرور دیا ہے لیکن اس کو پسند نہیں کیا ہے کہ مرد کی زبان پر (شدید مجبوری کے سوا) یہ لفظ طلاق آئے یا وہ عورت جو اس کی بیوی ہے اس کو ماں، بہن، بیٹی کے کسی عضو سے پکارے۔ اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو بہت ہی برا کرتا ہے جو اللہ ور اس کے رسول کو سخت ناپسند ہے۔

(5) ۔ وہ شخص جس نے اپنے بیوی سے ظہار کیا ہے اگر تعلق رکھنا چاہتے ہیں تو قرآن کریم کے حکم کے مطابق اس کا کفارہ ادا کرے۔ اور اگر وہ رجوع کرنا نہیں چاہتا تو اس پر کوئی کفارہ نہیں ہے چونکہ اس میں بیوی کی حق تلفی ہے اس لئے کفارہ ادا کرکے پھر اگر چاہے تو اس کو طلاق دے دے۔