الممتحنة
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة الممتحنہ
سورة نمبر 60
کل رکوع 2
آیات 13
الفاظ و کلمات 370
حروف 1593
مقام نزول مدینہ منورہ
اللہ تعالیٰ نے اصحاب بدر کو اتنی عظمت عطا فرمائی ہے کہ ان کی بڑی سے بڑی غلطیاں بھی معاف کی جاسکتی ہیں۔ چناچہ جب حضرت حاطب ابن ابی بلتعہ (رض) سے ایک سخت قصور ہوا تو حضرت عمر (رض) نے عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اگر آپ کی اجازت ہو تو میں اس کی گردن اڑا دوں تو نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ارشاد فرمایا حضرت حاطب (رض) نے جنگ بدر میں حصہ لیا ہے۔ تمہیں کیا خبر ہو سکتا ہے اللہ نے اہل بدر کو ملاحظہ فرما کر فیصلہ فرما دیا ہو کہ تم خواہ کچھ بھی کرو میں نے تمہیں معاف کردیا۔ یہ سن کر حضرت عمر فاروق (رض) رو پڑے اور انہوں نے کہا اللہ اور اس کا رسول ہی سب کچھ جانتے ہیں۔
آج بھی اگر کسی سے بیعت لی جائے تو اس کی یہی شرطیں رکھی جائیں کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گے، چوری نہ کریں گے، زنا نہ کریں گے اور اپنی اولاد کو قتل نہ کریں گے ۔ وہ کسی پر بہتان نہ لگائیں گے اور وہ معروف چیزوں میں شریعت کے خلاف کوئی کام نہ کریں گے۔ اگر کوئی ان شرائط کو مانتا ہے تو اس سے بیعت لی جاسکتی ہے۔ آخر میں اس کے لئے دعائے مغفرت بھی کی جائے تاکہ اللہ اس کے پچھلے گناہوں کو معاف فرمادیں ۔
: ان آیات کے خلاصے سے پہلے ایک واقعہ کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ بات پوری طرح سمجھ میں آجائے۔
صلح حدیبیہ کے معاہدے کی کفار مکہ کی طرف سے جب مسلسل خلاف ورزیاں ہوتی چلی گئیں تو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرکے تیاریاں شروع کردیں۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جب بھی کسی مہم پر تشریف لے جاتے تو سوائے چند مخصوص لوگوں کے کسی کو اپنے ارادے سے مطلع نہ فرماتے۔ اس موقع پر بھی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے سوائے چند مخصوص اصحاب (رض) کے کسی کو اپنے ارادے اور پروگرام سے مطلع نہ کیا تھا۔ خاموشی اور نہایت احتیاط سے تیاریاں شروع کردی گئیں۔ اسی دوران مکہ معظمہ سے بنی عبد المطلب کی ایک غلام عورت جس نے آزاد ہونے کے بعد گانے بجانے کا پیشہ اختیار کرلیا تھا وہ حالات سے تنگ آکر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس مدینہ منورہ کسی مال امداد کے لئے پہنچی۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بنی عبد المطلب سے اپیل کرکے اس کی مدد کرا دی۔ جب وہ مکہ مکرمہ جانے لگی تو بدری صحابی حضرت حاطب (رض) ابن ابی بلتعہ نے اسے سرداران مکہ کے نام ایک خط دیا اور کہا کہ یہ خط چپکے سے مکہ کے سرداروں تک پہنچا دینا اور کسی سے اس کا ذکر نہ کرنا۔ اسے رازداری کے لئے دس دینار بھی دیدئیے۔ ابھی وہ مدینہ سے روانہ ہوئی تھی کہ اللہ نے وحی کے ذریعہ بنی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اس سے مطلع فرمادیا۔ آپ نے حضرت علی (رض) ، حضرت زبیر (رض) اور حضرت مقداد (رض) ابن اسود کو اس عورت کے پیچھے بھیجا۔ کچھ دور میں وہ عورت مل گئی۔ ان صحابہ (رض) نے کہا کہ جو خط تم لے کر جا رہی ہو وہ ہمیں دیدو۔ پہلے تو اس نے انکار کیا لیکن جب اس کو دھمکی دی گئی تو اس نے وہ خط نکال کر صحابہ کرام (رض) کے حوالے کردیا۔ اس خط کو صحابہ (رض) نے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں پیش کردیا۔ اس خط میں حضرت حاطب (رض) نے سرداران مکہ کو اس بات کی خبر دی تھی کہ بہت جلد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تم پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے جب حضرت حاطب (رض) سے پوچھا تو انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میری والدہ، بھائی اور بچے
مکہ میں ہیں اور میں قریش کے قبیلے کا آدمی نہیں ہوں۔ جب وقت پڑے گا تو جن کے اہل و عیال مکہ میں رہ گئے ہیں ان کو تو ان کے قبیلے والے بچالیں گے مجھے کوئی قبیلہ بچانے والا نہ ہوگا۔ میں نے قریش پر احسان رکھنے کے لئے یہ خط لکھا تا کہ وہ میرے اہل و عیال کا خیال رکھیں اور ان کی حفاظت کریں۔
یہ سن کر نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ حاطب (رض) نے سچی بات کہی ہے یعنی یہ سب کچھ کرنے میں وہ اسلام سے منکر نہیں ہوئے انہوں نے محض اپنے گھر والوں کی خاطر ایسا قدم اٹھایا۔ سورة الممتحنہ میں اہل ایمان کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے مومنو ! اگر تم میری رضا و خوشنودی کے لئے اپنے گھر بار کو چھوڑ کر نکلے ہو تو میرے اور اپنے دشمنوں کو اپنا دوست نہ بنائو۔ تم تو ان سے محبت کا اظہار کرتے ہو مگر انہوں نے تو اس سچائی کا وہی انکار کردیا ہے جس سے اللہ نے تمہیں نوازا ہے۔ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اور تمہیں صرف اس وجہ سے شہر مکہ معظمہ چھوڑنے پر مجبور کردیا کردیا تھا کہ تم اس پر اللہ پر ایمان لے آئے ہو جو تمہارا رب ہے۔ یہ قطعاً مناسب نہیں ہے کہ تم چھپا کر ان کو دوستی کے پیغام بھیجو۔ ہر ایک کو یاد رکھنا چاہیے کہ تم نے جس کام کو چھپ کر یا کھل کر کیا اسے اللہ پوری طرح جانتا ہے۔ جو شخص تم میں سے کوئی ایسا کام کرے گا تو یہ ایک راستہ سے بھٹک جانے کی بات ہوگی۔
فرمایا کہ ان کافروں کا یہ حال ہے کہ اگر وہ آج تم پر قابو پالیں تو نہ صرف تم سے دشمنی نکالیں گے بلکہ تمہیں ہاتھ اور زبان سے تکلیفیں پہنچائیں گے۔ وہ تو یہ چاہتے ہیں کہ تم کافر بن جائو۔ لیکن یاد رکھو قیامت کے اس دن تمہاری رشتہ داریاں اور تمہاری اولادیں تمہارے کام نہ آسکیں گی جب وہ تمہارے درمیان جدائی ڈال دے گا۔ وہ تمہارے ہر فعل کو اچھی طرح جانتا ہے تمہارے لئے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اور ان کے ساتھیوں کی زندگی ایک بہترین نمونہ اور مثال ہے جب انہوں نے اپنی قوم سے صاف صاف کہہ دیا تھا کہ ہم تم سے اور تمہارے ان من گھڑت معبودوں سے نفرت کرتے ہیں جنہیں تم نے اللہ کی عبادت اور بندگی میں شریک کر رکھا ہے۔ تمہارے اور ہمارے درمیان ہمیشہ کی دشمنی ، مخالفت اور عداوت ہی کیوں نہ ہو جب تک اللہ پر ایمان نہ لائو گے ہم تم سے الگ رہیں گے۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو جب تک معلوم نہ تھا انہوں نے اپنے والد سے یہ کہہ دیا تھا کہ میں آپ کے لئے دعائے مغفرت کروں گا لیکن جب ان کو معلوم ہوا تو انہوں نے اس اقدام سے بیزاری کا اظہار کردیا تو یہ واقعہ اس سے مستثنیٰ ہے۔ فرمایا کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) یہ دعا فرماتے تھے اے ہمارے پروردگار ! ہم آپ پر بھروسہ کرتے ہیں آپ ہی کی طرف رجوع کرتے ہیں کیونکہ ہمیں آپ ہی کے پاس پلٹ کر آنا ہے۔ اے ہمارے پروردگار ہمیں کافروں کے لئے فتنہ نہ بنا دیجئے گا، ہماری مغفرت فرما دیجئے۔ بیشک آپ ہی زبردست حکمت والے ہیں۔ فرمایا کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اور ان کے ماننے والوں کی روش زندگی تمہارے لئے اور ہر اس شخص کے لئے بہترین نمونہ زندگی ہے جو اللہ اور قیامت کے دن اللہ کی رحمت کا امیدوار ہے۔ اگر کوئی اس سے منہ پھیرتا ہے تو اللہ بےنیاز اور تمام تعریفوں کا حق دار ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ
(١) یہ ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اور ان لوگوں کے درمیان الفت و محبت پیدا کردے جو تم سے آج دشمنی کر رہے ہیں وہ اللہ ہر چیز قدرت رکھنے والا، مغفرت کرنے والا نہایت مہربان ہے۔
(٢) فرمایا کہ اللہ تمہیں اس بات سے نہیں روکتا کہ تم ان لوگوں کے ساتھ نیکی اور انصاف کا معاملہ کرو جن لوگوں نے تم سے دین کے معاملے میں جنگ نہیں کی اور نہ تمہیں تمہارے گھروں سے نکالنے میں کسی طرح کی مدد کی۔ اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ فرمایا کہ اللہ تمہیں ان لوگوں سے روکتا ہے جنہوں نے تم سے دین کے معاملے میں جنگ کی۔ تمہیں تمہارے گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا اور اس سلسلہ میں ایک دوسرے کی مدد کی۔ ان ظالموں سے بچنے کی ضرورت ہے۔
(٣ ) فرمایا کہ اے ایمان والو ! جب مومن عورتیں (مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ) ہجرت کرکے تمہارے پاس آئیں تو ان کو اچھی طرح جانچو لو۔ ویسے اللہ تو ہر ایک کے حقیقت ایمان سے واقف ہے۔ جب تمہیں یقین ہوجائے کہ وہ مومن ہیں تو انہیں کفار کے حوالے نہ کرو۔ کیونکہ وہ کافروں کے لئے اور کافران کے لئے حلال نہیں ہیں۔
مہر کے متعلق فرمایا ؛
٭ان کے کافر شوہروں نے جو مہر ان کو دئیے تھے وہ انہیں واپس کردو۔ ان سے اگر تم نکاح کرنا چاہتے ہو تو اس میں کوئی گناہ نہیں ہے تم ان کے مہر ادا کردو۔
٭اور تم خود بھی ایسی عورتوں کو اپنے نکاح میں نہ رکھو جو کافر ہیں۔ جو مہر تم نے اپنی کافر بیویوں کو دئیے تھے وہ تم ان سے واپس مانگ لو اور جو مہر کافروں نے اپنی مسلمان بیویوں کو دئیے تھے وہ انہیں واپس مانگ لیں۔ یہ اللہ کا حکم ہے وہ اللہ جو ہر بات کی ہر حکمت کو جانتا ہے۔
٭اور اگر تمہاری کافر بیویوں کے مہروں میں سے کچھ تمہیں کفار سے واپس نہ ملے اور پھر تمہارا نمبر آجائے تو جن لوگوں کی بیویاں ادھر رہ گئی ہیں ان کو اتنی رقم ادا کر دو جو ان کے دئیے ہوئے مہروں کے برابر ہو۔ اس اللہ سے ڈرتے رہو جس پر ایمان لائے ہو۔
(٦) نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جب وہ عورتیں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس بیعت کرنے کے لئے آئیں اور وہ اس بات کا عہد کریں کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کریں گی، چوری نہ کریں گی، زنانہ کریں گی، اپنی اولاد کو قتل نہ کریں گی، اپنے ہاتھ اور پاؤں کے آگے کوئی بہتان گھڑ کر نہ لائیں گی اور کسی معروف بات میں نافرمانی نہ کریں گی تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان سے بیعت لے لیجئے۔ ان کے لئے دعائے مغفرت کیجئے۔ بیشک اللہ مغفرت کرنے والا ہے۔
آخر میں ایک مرتبہ پھر ارشاد فرمایا گیا کہ تم ان لوگوں کو دوست نہ بنائو جن پر اللہ نے غضب نازل کیا ہے جو آخرت سے اسی طرح مایوس ہیں جس طرح قبروں میں پڑے ہوئے کافر (اللہ کی رحمت سے) مایوس ہیں۔