IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 60. Al-Mumtahana · Ayah 1

  1. یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا عَدُوِّیْ وَ عَدُوَّكُمْ اَوْلِیَآءَ تُلْقُوْنَ اِلَیْهِمْ بِالْمَوَدَّةِ وَ قَدْ كَفَرُوْا بِمَا جَآءَكُمْ مِّنَ الْحَقِّ١ۚ یُخْرِجُوْنَ الرَّسُوْلَ وَ اِیَّاكُمْ اَنْ تُؤْمِنُوْا بِاللّٰهِ رَبِّكُمْ١ؕ اِنْ كُنْتُمْ خَرَجْتُمْ جِهَادًا فِیْ سَبِیْلِیْ وَ ابْتِغَآءَ مَرْضَاتِیْ١ۖۗ تُسِرُّوْنَ اِلَیْهِمْ بِالْمَوَدَّةِ١ۖۗ وَ اَنَا اَعْلَمُ بِمَاۤ اَخْفَیْتُمْ وَ مَاۤ اَعْلَنْتُمْ١ؕ وَ مَنْ یَّفْعَلْهُ مِنْكُمْ فَقَدْ ضَلَّ سَوَآءَ السَّبِیْلِ﴿1﴾

    1. يٰٓاَيُّهَااے
    2. الَّذِيْنَ اٰمَنُوْاایمان والو
    3. لَا تَتَّخِذُوْاتم نہ بناؤ
    4. عَدُوِّيْمیرا دشمن
    5. وَعَدُوَّكُمْاور اپنے دشمن
    6. اَوْلِيَآءَدوست
    7. تُلْقُوْنَتم پیغام بھیجتے ہو
    8. اِلَيْهِمْان کی طرف
    9. بِالْمَوَدَّةِدوستی سے، کا
    10. وَقَدْ كَفَرُوْااور وہ منکر ہوچکے ہیں
    11. بِمَااس کے جو
    12. جَآءَكُمْتمہارے پاس آیا
    13. مِّنَ الْحَقِّ ۚحق سے
    14. يُخْرِجُوْنَوہ نکالتے (جلاوطن کرتے) ہیں
    15. الرَّسُوْلَرسول
    16. وَاِيَّاكُمْاور تمہیں بھی
    17. اَنْ تُؤْمِنُوْاکہ تم ایمان لاتے ہو
    18. بِاللّٰهِاللہ پر
    19. رَبِّكُمْ ۭتمہارا رب
    20. اِنْاگر
    21. كُنْتُمْ خَرَجْتُمْتم نکلتے ہو
    22. جِهَادًاجہاد کیلئے
    23. فِيْ سَبِيْلِيْمیرے راستے میں
    24. وَابْتِغَآءَاور چاہنے کے لئے
    25. مَرْضَاتِيْ ڰمیری رضا
    26. تُسِرُّوْنَتم چھپا کر (بھیجتے ہو)
    27. اِلَيْهِمْان کی طرف
    28. بِالْمَوَدَّةِ ڰدوستی (کا پیغام)
    29. وَاَنَااور میں
    30. اَعْلَمُخوب جانتا ہوں
    31. بِمَآوہ جو
    32. اَخْفَيْتُمْتم چھپاتے ہو
    33. وَمَآاور جو
    34. اَعْلَنْتُمْ ۭتم ظاہر کرتے ہو
    35. وَمَنْ يَّفْعَلْهُاور جو یہ کرے گا
    36. مِنْكُمْتم میں سے
    37. فَقَدْ ضَلَّتو تحقیق وہ بھٹک گیا
    38. سَوَآءَسیدھا
    39. السَّبِيْلِراستہ
Translation · Baseerat-e-Quran
اے ایمان والو ! تم میرے اور اپنے دشمنوں کو دوست نہ بنائو کہ تم ان کو دوستی کے پیغام بھیجنے لگو۔ حالانکہ جو دین تمہارے پاس آیا ہے اس کا وہ انکار کرتے ہیں۔ وہ رسول ﷺ کو اور تمہیں صرف اس لئے (تمہارے گھروں سے) نکال چکے ہیں کہ تم اس اللہ پر ایمان لے آئے ہو جو تمہارا پروردگار ہے۔ (اے مومنو ! ) اگر تم میرے راستے میں جہاد کرنے کے لئے نکلے ہو اور میری رضا مندی چاہتے ہو تو تم ان کو دوستی کے پیغام نہ بھیجو۔ حالانکہ تم جو کچھ چھپا کر کرتے ہو یا کھلم کھلا کرتے ہو اسے میں خوب جانتا ہوں۔ اور تم میں سے جو بھی ایسا کرے گا تو (اس بات کو اچھی طرح جان لے کہ) وہ سیدھے راستے سے بھٹک گیا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

ابتغاء۔ تلاش کرنا۔ یثقفوا۔ وہ پکڑتے ہیں۔ یبسطوا۔ وہ کھولتے ہیں۔ ارحام۔ رشتہ داریاں۔ اسوۃ ۔ نمونہ۔ حسنۃ۔ بہترین۔ براء و ا۔ وہ بری ہیں۔ بدا۔ وہ ظاہر ہوا۔ استغفر۔ میں مغفرت (کی دعا ) مانگوں گا۔

تشریح : نبی کریم ﷺ نے مکہ والوں سے صلح حدیبیہ میں ایک معاہدہ کیا تھا جس پر نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام نے پوری طرح عمل کیا لیکن کفار مکہ نے جگہ جگہ عہد شکنی کی اور معاہدہ کے اصولوں کی پابندی نہیں کی۔ قریش مکہ کی ان حرکتوں کی وجہ سے آپ نے نہایت رازداری اور خاموشی کے ساتھ کفار قریش کو اس کی سزا دینے کے لئے تیاریاں شروع کردیں۔ ان تیاریوں کا علم چند صحابہ ؓ کے علاوہ کسی اور کو نہیں تھا۔ ان میں سے ایک بدری صحابی حضرت حاطب ابن ابی بلتعتہ بھی تھے جنہیں ان تیاریوں کا پورا علم تھا۔ اتفاق کی بات ہے کہ اسی زمانہ میں مکہ مکرمہ سے ایک عورت آئی جو کبھی بنی عبد المطلب کی باندی تھی۔ اس نے آزاد ہونے کے بعد گانے بجانے اور لوگوں کا دل بہلانے کا دھندہ شروع کردیا تھا۔ اسے معلوم تھا کہ نبی کریم ﷺ انتہائی شفیق اور مہربان شخص ہیں اور وہ ہر ایک کے ساتھ ہمدردی ضرور کرتے ہیں۔ اس نے مدینہ آکر کہا کہ جب سے آپ کے اور کفار قریش کے درمیان جنگ جیسے حالات شروع ہوئے تو لوگوں نے اس کے گانے بجانے کی طرف توجہ کم کردی اور وہ شدید تنگ دست ہو کر آپ ﷺ کی خدمت میں مدد کے لئے حاضرہوئی ہے۔ آپ ﷺ نے بنی اعبد المطلب سے اس کی مدد کرنے کیلئے کہا جس سے اس کی یہ حاجت پوری ہوگئی۔ اور وہ مکہ مکرمہ واپس جانے لگی تو حضرت حاطب ابن ابی بلتعہ اس سے ملے اور اسے دس دینار دے کر اور رازداری کا وعدہ لے کر مکہ کے بعض سرداروں کے نام ایک خط دیا جس میں کفار قریش کو اس بات کی اطلاع دی گئی تھی کہ رسول اللہ ﷺ مکہ پر چڑھائی کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ جب وہ عورت مدینہ منورہ سے روانہ ہوئی اور ابھی بہت زیادہ دور نہ گئی تھی کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرئیل کے ذریعہ آپ ﷺ کو اس کی اطلاع کردی۔ آپ ﷺ نے حضرت علی ؓ ، حضرت زبیر ؓ اور حضرت مقداد ابن اسود ؓ کو اس عورت کے پیچھے اس ہدایت کے ساتھ بھیجا کہ وہ عورت تمہیں روضہء خاخ کے مقام پر ملے گی جس میں مشرکین کے نام ایک خط لکھا گیا ہے اس کو اس عورت سے زبردستی چھین کرلے آئو خواہ اس کے لئے اس پر بڑی سے بڑی سختی کرنی پڑے۔ یہ تینوں صحابہ کرام ؓ جب روضہ خاخ (جو مدینہ سے بارہ میل کے فاصلے پر تھا) پہنچے تو وہ عورت ان کو ملی۔ اس سے خط مانگا۔ پہلے تو اس نے انکار کیا۔ ان صحابہ کرام ؓ نے اچھی طرح اس کی تلاشی لی مگر وہ خط کہیں نہیں ملا۔ لیکن ان صحابہ کرام ؓ کو یقین تھا کہ جب رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے تو یہ خط اس پاس ضرور ہوگا۔ صحابہ ؓ نے فرمایا کہ دیکھو وہ خط ہمارے حوالے کر دو ورنہ ہمیں ننگا بھی کرنا پڑا تو ہم کریں گے۔ وہ عورت اس دھمکی کی سنجیدگی کو سمجھ گئی اور اس نے اپنی چوٹی میں سے خط نکال کر دیدیا۔ اور وہ خط انہوں نے حضور اکرم ﷺ کے حوالے کردیا جس میں اتنے بڑے جنگی راز کو کھولا گیا تھا۔ حضرت عمر تو اتنی بڑی بات سے لرز گئے کہ اگر یہ راز کفار تک پہنچ جاتا تو مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچتا۔ عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ مجھے اجازت دیجئے کہ میں اس کو اسی جگہ قتل کردوں۔ آپ ﷺ نے حضرت حاطب ؓ کو بلا کر پوچھا تو انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ میرے معاملے میں جلدی نہ فرمائیں اور پہلے میری بات سن لیجئے۔ اصل میں میں نے جو کچھ کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ میرے بچے اور والدہ مکہ میں ہیں۔ میں قریش یا مکہ کے کسی قبیلے کا آدمی نہیں ہوں بلکہ اہل قریش نے میرے گھر والوں کو پناہ دے رکھی ہے مہاجرین میں سے جن کے اہل و عیال مکہ میں ہیں ان کو تو ان کا قبیلہ کسی نہ کسی طرح بچا ہی لے گا مگر میرا وہاں کوئی قبیلہ نہیں ہے جو ان کو کفار کے ظلم و ستم سے بچالے گا۔ عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ یہ خط میں نے اس لئے نہیں لکھا تھا کہ میں کافر و مرتد ہوگیا ہوں یا دین اسلام کے سوا میں کسی اور دین کو پسند کرنے لگا ہوں بلکہ میں نے یہ خط اس لئے لکھا تھا تاکہ قریش پر میرا یہ احسان ہوجائے اور وہ میرے اہل خانہ کی حفاظت کرسکیں۔ آپ ﷺ نے سن کر فرمایا کہ حاطب ؓ نے سچی بات کہیں۔ حضرت عمر ؓ اس تمام تر عذر کے باوجود یہ چاہتے تھے کہ ایسے آدمی کی گردن اڑا دی جائے مگر آپ ﷺ نے فرمایا کہ حاطب ؓ نے غزوہ بدر میں حصہ لیا ہے۔ تمہیں کیا خبر کہ اللہ تعالیٰ نے بدر والوں کی قربانیوں کو دیکھ کر یہ کہہ دیا ہو کہ تم کچھ بھی کرو میں نے تمہیں معاف کردیا ہے۔ اہل بدر کا یہ مقام ہے حضرت عمر ؓ سن کر رو پڑے اور عرض کیا کہ اللہ اور اس کا رسول سب سے زیادہ جاننے والے ہیں۔ اس طرح ان کا عذر سن کر ان کو معاف کردیا گیا۔ (بخاری۔ ترمذی۔ نسائی) ۔

حضرت حاطب کے اس واقعہ کو تقریبا ً سب ہی مفسرین نے زیر مطالعہ آیات کا شان نزول قرار دیا ہے۔ قرآن کریم میں اس واقعہ کو بیان کرنے کی مصلحت یہ ہے کہ ہر صاحب ایمان کو یہ بتا دیا گیا ہے کہ جب بھی کفر و اسلام کے درمیان مقابلہ ہو تو وہ کوئی ایسی بات نہ کریں جس سے کفار کو کسی طرح کی بھی قوت مل جائے اور راز کو راز رکھنا چاہیے کیونکہ حضرت حاطب ؓ تو بدری صحابی تھے جنہیں معافی کا پروانہ مل گیا لیکن اگر کسی اور نے ایسا کیا تو اس کی معافی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دوسرے بات یہ فرما دی ہے کہ انسان زندگی بھر جس اولاد، بیوی اور رشتہ داروں کے لئے بہت کچھ کرتا ہے وہ قیامت کے دن اس کے کسی کام نہ آئیں گے وہاں ہر شخص کو اپنے ذاتی اعمال کے ساتھ حاضر ہونا ہے۔ اگر تم اپنے اعمال کی جوابدہی میں پھنس گئے تو یہ سب رشتے ناطے تمہارے کسی کام نہ آسکیں گے لہٰذا اولاد، بیوی اور رشتہ داروں کے ساتھ حسن معاملہ تو اچھی بات ہے لیکن ان کی وجہ سے اپنی آخرت کو برباد کرلینا سب سے بری بات ہے۔

تیسری بات یہ فرمائی ہے کہ حضرت ابراہیم ﷺ کی زندگی بہترین نمونہ زندگی ہے جنہوں نے اس بات کی پر اہ نہیں کی کہ اگر میں نے سچی بات کہی تو میرا انجام کیا ہوگا بلکہ دل گردے اور بہادری کی بات یہ ہے کہ انہوں سے سب کے سامنے صاف صاف اعلان کردیا کہ میں اللہ کو چھوڑ کر ان کی بندگی نہیں کرسکتا جن کی تم عبادت و بندگی کرتے ہو بلکہ میں اپنی نفرت اور بیزاری کا اظہار کرتا ہوں اور تمہارے ہر عمل کو میں نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تم ایک اللہ پر ایمان نہیں لائو گے اس وقت تک ہم تمہیں اپنا دشمن ہی سمجھتے رہیں گے۔ فرمایا کہ ابراہیم (علیہ السلام) نے اپنے والد کو بھی اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے چھوڑ دیا تا اگرچہ انہوں نے اپنے والد سے کہا تھا کہ تمہارے لئے دعائے مغفرت کروں گا لیکن جب ان پر یہ بات کھل گئی کہ ان کا باپ تو اللہ کا دشمن ہے تو حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے اس سے بھی بیزاری کا اظہار کردیا۔ یہ ہے وہ بہترین نمونہ زندگی کہ اصل اللہ کی ذات اور اس کی رضا ہے جس کے لئے ہر رشتہ اور تعلق کو ٹھکرا دینا اصل ایمان ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ایمان کی یہی پختگی عطا فرمائے۔ آمین۔