المعارج
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة المعارج
سورة نمبر 70
کل رکوع 2
آیات 44
الفاظ و کلمات 241
حروف 1095
مقام نزول مکہ مکرمہ
تعارف : جب نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) قیامت، آخرت، جنت اور جہنم کا ذکر فرماتے تو کفار مکہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا مذاق اڑاتے ہوئے کہتے کہ وہ قیامت جس کا ذکر کثرت سے کیا جاتا ہے اور وہ عذاب جو نازل کیا جاسکتا ہے آکر اس کے آنے میں کیا رکاوٹ ہے ؟ اس جگہ کافروں میں سے ایک خاص آدمی کا ذکر کیا گی ا ہے جو مال و دولت، اپنے بیٹوں، بھائیوں ، دوستوں اور خاندان کے افراد کی کثرت پر ناز کرتے ہوئے ایک دن یہاں تک کہہ بیٹھا ” الٰہی ! اگر یہ حق تیری ہی طرف سے ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسا دے یا ہم پر شدید عذاب کو لے آ۔ “ مفسرین نے اس کا نام نضر ابن حارث ابن کلدہ بیان فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کفار اور اس خاص شخص کا ذکر کیے بغیر فرمایا ہے کہ مانگنے والا ایک ایسی چیز کو مانگ رہا ہے جو بہت جلد واقع ہونے والی ہے لیکن جب وہ دن آئے گا تو کافروں کے لئے بدترین اور سخت ترین دن ہوگا جو کسی کے ٹالنے سے ٹل نہ سکے گا۔ یہ اعلان اس ذات کی طرف سے ہے جو عروج کے زینوں کا مالک ہے۔ فرشتے اور جبرائیل امین بھی اللہ کے پاس حاضر ہوتے ہیں تو اس دن کی مقدار و مسافت پچاس ہزار سال ہے۔
نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کی غلط سلط، بےہودہ باتوں پر صبر کیجئے اور صبر بھی وہ صبر جس میں کسی قسم کا شکوہ اور شکایت نہ ہو۔ وہ وقت دور نہیں ہے جب ان جیسے لوگ اپنے انجام کو دیکھ لیں گے۔ فرمایا کہ یہ لوگ جس قیامت کے دن کو بہت دور کی چیز سمجھ رہے ہیں ہم اسے بہت قریب دیکھ رہے ہیں۔ فرمایا کہ اس دن آسمان تیل کی تلچھٹ جیسا اور پہاڑ رنگ برنگ کی دھنکی ہوئی روئی جیسے ہوجائیں گے۔ کوئی جگری اور گہرا دوست بھی دوسرے گہرے دوست کو نہ پوچھے گا حالانکہ ان کا آمنا سامنا بھی ہوگا۔ اس دن مجرم عذاب الٰہی سے بچنے کے لئے اپنی اولاد، بیوی، بھائی اور کنبہ کے وہ لوگ جن میں رہا کرتا تھا ان کو اور روئے زمین کی ہر چیز کو دے کر اس سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا لیکن وہ بھی اس عذاب سے نہ بچ سکے گا۔ اس کو ایسی بھڑکتی آگ میں ڈالا جائے گا جو اس کی کھال تک کھینچ لے گی اور وہ جہنم ہر اس شخص کے لئے ہے جس نے حق سے منہ موڑا ہوگا اور مال کو اٹھا اٹھا کر رکھتا اور جمع کرتا ہوگا۔ وہ شخص جس کا یہ حال ہے کہ جب کوئی مصیبت اس کو گھیر لیتی ہے تو وہ گھبرا جاتا ہے اور جب اسے خوشحالی مل جاتی ہے تو وہ بخل اور کنجوسی کرنے لگتا ہے۔ لیکن وہ لوگ اس دن اللہ کے عذاب سے بچ جائیں گے اور جنت کی راحتوں سے لطف اندوز ہوں گے جو…
١۔ ہمیشہ نمازوں کی پابندی اور اہتمام کرتے ہیں۔
٢۔ جن کے مالوں میں سوالی اور غیر سوایل سب کا حق ہوتا ہے یعنی کوئی محروم نہیں رہتا۔
٣۔ جو قیامت کے دن کو برحق ماننے کا اعتقاد رکھتے ہیں۔
٤۔ جو اپنے رب کے عذاب سے ڈرتے ہیں۔
٥۔ جو لوگ اپنی بیویوں اور باندیوں کے سوا ہر جگہ اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
٦۔ جو امانتوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
٧۔ جو اپنے ہر وعدے کو پورا کرتے ہیں۔
٨۔ جو اپنی نمازوں کی تمام شرائط اور آداب کا لحاط کرکے ان کی حفاظت کرتے ہیں۔ ان سب لوگوں کو پورے اعزازو اکرام سے جنتوں میں رہنے کا حکم دیا جائے گا۔
نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ منکرین دائیں اور بائیں سے جو اسلام کا مذاق اڑانے گروہ در گروہ چلے آرہے ہیں ان کا گمان یہ ہے کہ ان میں سے ہر ایک نعمت بھری جنتوں میں پہنچ جائے گا ؟ ہر گر نہیں۔ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ان کو ہم نے جس چیز سے پیدا کیا ہے یعنی ایک حقیر نطفہ سے۔ مشرقوں اور مغربوں کے مالک کی قسم ہم اس بات پر پوری طرح قدرت رکھتے ہیں کہ ان کی جگہ ان سے بہتر لوگ آئیں ۔ یہ ہمیں ہر انہیں سکتے۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا گیا ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کو بےہودہ باتوں اور مشغلوں میں لگا رہنے دیجئے۔ وہ وقت دور نہیں ہے یہ اس قیامت کے دن میں پہنچ جائیں گے جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔ یہ اپنی قبروں سے نکل کر اس طرح دوڑ رہے ہوں گے جیسے اپنے بتوں کی طرف دوڑ کر جاتے ہیں۔ اس دن ان کی نظریں نیچی ہوں گی۔ ان پر ذلت چھا رہی ہوں گی۔ اسی دن کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔