IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 70. Al-Ma'aarij · Ayah 1

  1. سَاَلَ سَآئِلٌۢ بِعَذَابٍ وَّاقِعٍۙ﴿1﴾

    1. سَاَلَسوال کیا
    2. سَآئِلٌۢسوال کرنے والے نے
    3. بِعَذَابٍعذاب کا
    4. وَّاقِعٍجو واقع ہونے والا ہے
Translation · Baseerat-e-Quran
مانگنے والے نے اس عذاب کو مانگا جو (کافروں پر) واقع ہونے والا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

سال۔ سوال کیا۔ مانگا۔ ذی المعارج۔ زینوں والا۔ خمیسین الف۔ پچاس ہزار۔ المھل۔ دھنکی ہوئی روئی۔ فصیلۃ ۔ کنبہ۔ خاندان۔ توی۔ وہ رہتا ہے۔ لظی۔ بھڑکتی آگے۔ نزاعۃ۔ کھینچنے والی۔ الشوی۔ کھال اور اس کا ٹکڑا۔ اوعی۔ سنبھال کر رکھتا ہے۔

تشریح : کفار مکہ اللہ تعالیٰ سے خیر اور بھلائی مانگنے کے بجائے اس کے عذاب اور قیامت آنے کی جلدی کیا کرتے تھے۔ حالانکہ وہ اس عذاب اور قیامت کا سوال کریں یا نہ کریں وہ تو بہرحال اپنے وقت پر واقع ہو کر رہے گے اور جب قیامت کے دن کفار ومشرکین پر عذاب آئے گا تو وہ اس قدر بھیانک اور سخت عذاب ہوگا جس کو ساری دنیا مل کر بھی نہ ٹال سکے گی کیونکہ یہ عذاب اس اللہ کی طرف سے ہوگا جو بلندو برتر درجات رکھنے والا ہے۔ جس کی قدرت و طاقت اتنی زبردست ہے کہ جب دنیا کے پچاس ہزار سال گزرتے ہیں تو اس کا ایک دن گذرتا ہے لیکن اس کے فرشتے اور جبرئیل امین ایک لمحہ میں اس کی بارگاہ میں پہنچ کر ہر شخص کے تمام انامہ اعمال اللہ تک پہنچاتے ہیں اور اسی طرح اس کے احکامات کو دنیا میں آکر نافذ کرتے ہیں۔ یہی اس کا نظام کائنات ہے ویسے اللہ کا علم کسی ذریعہ کا محتاج نہیں ہے اسے درخت سے گرنے والے ایک ایک پتہ کا بھی علم ہر آن حاصل ہے۔ وہی عالم الغیب و الشھادہ ہے یعنی ہر کھلے چھپے کا اس کو پوری طرح علم ہے۔

یہ آیات اپنے معانی کے لحاظ سے عام ہیں لیکن مفسرین نے ان آیات کی تشریح میں نضر ابن حارچ ابن کلدہ کی اس بات کا ذکر کیا ہے جو اس نے کہی تھی۔ سورة الانفال آیت نمبر 32 میں اس کا یہ قول نقل کیا گیا ہے کہ ” الٰہی ! (یہ نبی ﷺ جو کچھ کہہ رہے ہیں) اگر وہ حق ہے اور آپ کی طرف سے ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسادیجئے یا ہم پر درد ناک عذاب کو لے آئیے۔ اسی طرح کا مطالبہ سورة یونس، سورة الانبیائ، سورة النحل، سورة سبا، سورة یسیٰن اور سورة ملک میں بھی کفار کی طرف سے کیا گیا ہے۔ یعنی ہم تو یہ سن سن کر تنگ آچکے ہیں کہ اگر ہم نے اللہ کا حکم نہ مانا تو ہم پر عذاب آجاے گا یا قیامت ٹوٹ پڑے گی وہ کہتے تھے کہ اگر عذاب یا قیامت کو آنا ہے تو اس کو آجانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ قیامت کب آئے گی اس کا علم تو اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے البتہ ان کفار کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ جب وہ قیامت آئے گی تو اس وقت ان کفارو مشرکین سے عذاب کو ٹالنے والا کوئی نہ ہوگا۔ قیامت کا دن بڑا ہولناک دن ہوگا آسمان پگھلے ہوئے تانبے کی طرح سرخ ہوجائے گا۔ بڑے بڑے پہاڑ دھنکی ہوئی رنگین اون کی طرح اڑتے پھریں گے۔ پورے نظام کائنات کو توڑ کر درہم برہم کردیا جائے گا۔ اس ان کوئی کسی کے کام نہ آسکے گا۔ ہر شخص کے عزیز رشتہ دار اور گہرے دوست ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے لیکن ہر ایک کو اپنی اپنی پری ہوگی اور کوئی کسی کی مدد نہ کرسکے گا۔ یہاں تک کہ جب وہ شعلے برساتی جہنم اور عذاب کو دیکھیں گے اور جہنم کی آگ ان کی کھال تک کھینچ لے گی اس وقت یہ کہہ اٹھیں گے الٰہی ! ہمارے بیٹے، بیوی، خاندان اور برادری والے جن کے درمیان ہم رہا کرتے تھے اور وہ مال و دولت جو ہم نے جمع کر کے رکھا ہوا تھا وہ سب کچھ ہم سے لے کر ہمیں اس عذاب سے بچا لیجئے۔ اس وقت ان کی حسرت کی انتہا ہوگی جب ان سے کہا جائے گا کہ آج ہر شخص کو اپنے کئے ہوئے اعمال پر جزا اور سزا دی جائے گی یہاں کوئی کسی کے کام نہ آسکے گا اور اللہ کے سوا کوئی اس ہولناک عذاب سے نجات دینے والا نہیں ہے۔

نبی کریم ﷺ کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا جا رہا ہے کہ آپ کفار کی باتوں سے پریشان نہ ہوں بلکہ صبرو تحمل اور صبر جمیل ( جس میں کوئی شکوہ شکایت نہ ہو) کا مظاہرہ کیجئے جو آپ کی شایان شان ہے کیونکہ ہر وہ شخص جس نے سچائیوں سے منہ پھیرا اور پیٹھ کو موڑا ہوگا اس کو ایسا شدید عذاب دیا جائے گا جس کا وہ اس دنیا میں تصور بھی نہیں کرسکتا۔ یہ لوگ قیامت کے دن کو دور سمجھ رہے ہیں حالانکہ قیامت تو بہت قریب ہے کیونکہ موت کے ساتھ ہی ہر شخص کی قیامت شروع ہوجاتی ہے اور موت کا وقت کسی کو معلوم نہیں ہے۔

زیر مطالعہ آیات سے متعلق چند باتیں۔

1۔ ایک مومن کو ہر حال میں عافیت اور سلامی مانگتے رہنا چاہیے اور اس کی زبان پر یہی دعا ہونی چاہیے الٰہی ! ہمیں دنیا اور آخرت میں عافیت نصیب فرمائیے گا اور ہمیں جہنم کی آ گے سے محفوظ رکھئے گا۔

2۔ صبر و تحمل اور برداشت سب سے اچھی عادت ہے لیکن ایسا صبر جمیل جس میں کسی سے شکوہ اور شکایت نہ ہو یہ آدمی کی اعلیٰ ترین صفت ہے۔

3۔ قیامت آدمی سے دور نہیں ہے بلکہ انتہائی قریب ہے کیونکہ موت آتے ہی آدمی کی قیامت شروع ہوجاتی ہے یہ قیامت صغری ہے۔ قیامت کبریٰ وہ ہے جب اس پوری کائنات کی بساط کو لپیٹ دیا جائے گا اور سوائے اللہ کی ذات کے ہر چیز فنا ہوجائے گی۔

4۔ قیامت کا دن بڑا ہولناک دن ہوگا اس سے ہر وقت پناہ مانگتے رہنا چاہیے۔ وہاں کوئی کسی کے کام نہ آسکے گا۔ نبی کریم ﷺ اور جس کو اللہ شفاعت کی اجازت دیں گے وہ بھی اسی شخص کی شفاعت فرمائیں گے جس کے دل میں ذرہ برابر بھی ایمان موجود ہوگا لیکن جو بعدعات و خرافات میں اپنے ایمان کو ضائع کرچکا ہوگا اس کی شفاعت نہ کی جائے گی اور وہ شفاعت سے محروم رہے گا۔

5۔ قیامت کے دن آدمی کے وہی مال کام آئے گا جو اس نے دنیا میں حلال طریقے پر جمع کرکے جائز طریقے سے خرچ کیا ہوگ الیکن وہ مال جو اس نے حرام طریقے پر کمایا ہے وہ اس کے لئے جہنم کی آگ بن جائے گا اور وہ اس کے کسی کام نہ آسکے گا۔ اللہ ہم سب کو رزق حلال نصیب فرمائے اور جہنم کی آگ سے محفوظ فرمائے۔ آمین۔

6۔ قیامت کے دن اللہ و رسول کا نکار کرنیو الوں کے لئے بہت طویل ہوگا۔ ممکن ہے وہ دن ایک ہزار سال کا ہو لیکن قیامت کا دن مومن کے لئے بہت ہلکا اور مختصر ہوگا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ قیامت کا طویل ترین دن مومن کے لئے صرف اس قدر ہوگا جتنے وقت میں ایک نماز پڑھی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم پر بھی اس دن کو مختصر اور آسان فرما دے ۔ آمین۔