المزمل
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة المزمل
سورة نمبر 73
کل رکوع 2
آیات 20
الفاظ وکلمات 275
حروف 888
مقام نزول پہلا رکوع مکہ مکرمہ دوسرا رکوع مدینہ منورہ
نبی کریم حضرت محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی یہ شان محبوبیت ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا نام لیے بغیر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اس کیفیت کے ساتھ پکارا گیا کہ جب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر بہت تھوڑا قرآن کریم نازل کیا گیا تھا مگر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کافروں کے طعنوں اور الزامات سے پریشان ہو کر اور کپڑا لپیٹ کر لیٹ گئے تھے۔ فرمایا گیا کہ اے کپڑوں میں لپٹ کر بیٹھنے والے راتوں کو اٹھ کر اپنے اللہ کی عبادت و بندگی کیجئے تاکہ وہ بھاری اور عظیم کلام جو ساری کائنات کی ہدایت کے لئے نازل کیا جا رہا ہے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس کو اٹھانے اور اس سلسلہ کی تمام ذمہ داریوں کو سنبھالنے اور پورا کرنے کی ہمت پیدا کرلیں۔ جب تک پانچ وقت کی نمازیں فرض نہ ہوئی تھیں اس وقت تک آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے لئے اور امت کے افراد کے لئے نماز تہجد اور قیام الیل فرض تھا۔ اس وقت حکم تھا کہ آدھی رات، آدھی رات سے کم یا آدھی رات سے زیاہد نماز تہجد ادا کی جائے اور اس میں قرآن کریم کو ٹھہر ٹھہر کو پورے آداب اور شرائط کے ساتھ پڑھا جائے۔ فرمایا کہ راتوں کو اٹھنا اور اس میں عبادت کرنا نفس کو قابو میں کرنے کا بہترین وقت ہے اور قرآن کریم پڑھنے کا بہترین اور موزوں وقت یہی ہے۔ دن کے وقت میں تو اور بہت سے کام ہوتے ہیں لہٰذا راتوں کو اٹھ کر اللہ کے نام کا ذکر کیا جائے اور سب سے کٹ کر اسی ایک ذات کی طرف متوجہ رہا جائے جو مشرق و مغرب کی ہر سمت کا مالک ہے وہی عبادت اور بھروسے کے قابل ہے۔
کفار کے اعتراضات اور باتیں بنانے پر صبر کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ ان کفار کی باتوں اور طعنوں پر صبر کیجئے، نہایت اچھے اور احسن طریقے کے ساتھ ان سے الگ رہیے۔ ان جھٹلانے والوں اور عیش پسندوں سے نمٹنے کا معاملہ ہم پر چھوڑئیے۔ ان کو اسی حالت پر کچھ دن کوش ہونے دیجئے۔ ہمارے پاس ان کے لئے بھاری بیڑیاں، بھڑکتی آگے، حلق میں پھنس جانے والا کھانا اور المناک عذاب تیار ہے۔ یہ اس دن ہوگا جب یہ مضبوط اور بلند وبالا پہاڑ لرز اٹھیں گے اور ریت کا ڈھیر بن کر بکھر جائیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے کفار و مشرکین سے فرمایا ہے کہ ہم نے اپنے اس پیغمبر حضرت محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تمہارے ہدایت کے لئے اسی طرح سیرت طیبہ کا پیکر بنا کر بھیجا ہے جس طرح ہم نے فرعون کی اصلاح کے لئے (حضرت موسیٰ جیسے) رسول کو بھیجا تھا۔ جب فرعون نے ہمارے رسول کی بات نہ مانی تو ہم نے اس کو بڑے سخت عذاب میں پکڑ لیا ( اور غرق کردیا) فرمایا کہ اگر تم نے ماننے سے انکار کردیا تو اس دن سے تم کیسے بچوگے جس دن کی شدت سے بچے بھی بوڑھے ہوجائیں گے اور آسمان بھی لرز اٹھے گا اور پھٹا جا رہا ہوگا۔ اللہ کا یہ وعدہ تو پورا ہو کر رہے گا۔ یہ نصحت ہر شخص کے لئے ہے جو اپنے رب تک پہنچنے کا ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔
سورۃ المزمل کے دوسرے رکوع کے متعلق مفسرین نے فرمایا ہے کہ کافی طویل عرصہ کے بعد یہ رکوع نازل ہوا۔ جب پانچ وقت کی نمازیں فرض کی جاچکی تھیں۔ اسی لئے اس میں پانچ وقت کی نمازوں کی وجہ سے قیام الیل یعنی نماز تہجد کی فرضیت خو ختم کردیا گیا تھا۔ فرمایا کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! اللہ کو معلوم ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کبھی دو تہائی رات، کبھی آدھی رات اور کبھی ایک تہائی رات اللہ کی عبادت میں کھڑے رہتے ہیں اور یہی حال آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے جانثار صحابہ کرام (رض) کا بھی ہے۔ دن اور رات میں عبادت کا کتنا ثواب ہے اس کا حساب اور شمار تو اللہ ہی کو معلوم ہے۔ البتہ اب یہ سہولت دی جا رہی ہے کہ آسانی کے ساتھ جتنا قرآن پڑھنا ممکن ہو وہ پڑھ لیا کریں۔ اللہ کو معلوم ہے تم میں سے کوئی ضعیف، کمزور اور بیمار ہے۔ کچھ لوگ اللہ کا فضل (تجارت) تلاش کرنے کی جدوجہد میں مشغول ہیں اور کوئی اللہ کے راستے میں جہاد کی تیاری میں مصروف ہے۔ لہٰذا جتنا آسانی سے ہوسکے قرآن کریم پڑھ لیا کرو البتہ نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو اور قرض حسنہ دیتے رہا کرو کیونکہ آدمی اللہ کی رضا کے لئے جو کچھ آگے بھیج دے گا وہ اس کو وہاں (قیامت، آخرت میں) موجود پائے گا۔ اللہ اچھے اعمال کا بہت قدر دان ہے اس پر بہت بڑا اجر بھی عطا فرمائے گا۔ مغفرت بھی کردے گا کیونکہ وہی تو سب سے زیادہ معاف کرنے والا اور نہایت رحم و کرم کرنے والا ہے۔