بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 73. Al-Muzzammil · Ayah 1
یٰۤاَیُّهَا الْمُزَّمِّلُۙ﴿1﴾
- يٰٓاَيُّهَا الْمُزَّمِّلُاے کپڑوں میں لپٹنے والے (محمد)
لغات القرآن۔
المزمل۔ کپڑوں میں لپٹنے والا۔ قم۔ کھڑا ہوجا۔ انقص کم کرلے۔ گھٹالے۔ رتل۔ صاف صاف پڑھ۔ سنلقی۔ ہم بہت جلدڈالیں گے۔ قول ثقیل۔ بھاری کلام۔ ناشئۃ۔ رات کو اٹھنا۔ بیدار ہونا۔ وطئہ ۔ مشقت۔ روندنا۔ اقومل قیلا۔ زیادہ درست بات۔ سبح طویل۔ زیادہ کام۔ زیادہ مشغولیت۔ تبتل۔ کاٹ ڈال۔ تبتیل۔ خوب کٹنا۔ ھجر۔ چھوڑ دینا۔ مھل۔ مہلت دے۔ لدینا۔ ہمارے پاس۔ انکال۔ بیڑیاں۔ زنجیریں۔ ذاغصۃ۔ گلے میں پھنس جانے والا۔ ترجف۔ کانپے گی۔ کشیب۔ ریت کے ٹیلے۔ مھیل۔ نیچے دھکیلا گیا۔ بیل۔ سخت۔ عبرت ناک۔ شیب۔ بوڑھا۔ منفظر۔ پھٹ جانے والا۔ ثلثی الیل۔ دو تہائی رات۔ تیسر۔ آسان ہوگا۔ اعظم اجرا۔ بہت بوڑھا ہوا ثواب۔
تشریح : سورة المزل مکہ مکرمہ میں نازل کی جانے والے ان ابتدائی سورتوں میں سے ایک سورت ہے جس کے پہلے رکوع میں ” قیام اللیل “ یعنی نماز تہجد اور اسمیں ٹھہر ٹھہر کر تلاوت قرآن کریم کرنے کو فرض قرار دیا گیا ہے جب کہ دوسرے رکوع میں جو ایک سال کے بعد نازل کیا گیا اسمیں تہجد کو نفل اور مستحب کے درجے میں رکھا گیا ہے۔
احادیث کی روشنی میں مفسرین نے لکھا ہے کہ جب تک پانچ وقت کی نمازیں فرض نہ کی گئی تھیں اس وقت تک راتوں کو اٹھ کر قیام اللیل فرض تھا جب شب معراج میں پانچ وقت کی نمازیں فرض کردی گئیں تو نبی کریم ﷺ کی امت کے لئے نماز تہجد نفل بن گئی۔ تہجد کی نماز کے لئے اس تخفیف اور کمی کے باوجود نبی کریم ﷺ نے اس نماز کو ہمیشہ ادا کیا جس کی وجہ سے علمانے فرمایا ہے کہ نماز تہجد امت کے لئے نفل کا درجہ رکھتی ہے لیکن نبی کریم ﷺ پر فرض ہی رہی۔ بہرحال راتوں کو اٹھ کر اللہ کو یاد کرنا ایک بہت بڑی سعادت اور نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔ نماز تہجد کی اہمیت پر بہت سی احادیث میں جن کی روشنی میں علما نے فرمایا ہے کہ راتوں کی تنہائی میں اللہ کا ذکر کرنے سے بہت کچھ عطا کیا جاتا ہے۔ حضرت ابوامامہ ؓ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے۔ راتوں کو عبادت کا اہتمام کیا کرو کیونکہ یہ تم سے پہلے گزرے ہوئے صالحین کا طریقہ، اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ، گناہوں سے دور رہنے کو وسیلہ اور خطاؤں سے بچنے کا طریقہ ہے۔
ایک اور حدیث میں خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے فرمایا ہے بندہ سب سے زیادہ اللہ کا قرب رات کے آخری حصے میں حاصل کرتا ہے۔ اگر تم سے ہوسکے تو اس وقت اللہ کی یاد کرنے والوں میں سے ہوجائو۔ ارشادات نبوی ﷺ کا خلاصیہ یہ ہے کہ راتوں کو اٹھنا، اپنے راحت و آرام کی قربانی دینا اور نیند کو چھوڑ کر اللہ کی عبادت و بندگی کرنا اللہ کے قرب اور رحمت کا ذریعہ ہے اس سے انسانی نفس بھی خوب روندا اور کچلا جاتا ہے۔ یہ وہ سہانا وقت ہے جس میں زبان اور دل کی مواقفقت اور یکسانیت کی وجہ سے روحانی ترقیات، دعاؤں کی قبولیت اور سکون قلب کی دولت عطا کی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ بھی راتوں کو اٹھ کر اللہ کا قرب حاصل کرنے اور اپنے نفس اور اس کے بےجا خواہشات کو پامال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
کفار مکہ نے آپ ﷺ کو بدنام کرنے، ستانے اور اذیتیں دینے کے لئے بہت سے توہین آمیز الفاظ گھڑ رکھے تھے۔ کاہن، شاعر، مجنون اور ساحر جیسے الفاط سے پکار کر اپنے بغض و حسد کی آگ کو بجھایا کرتے تھے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو آپ کا نام لے کر خطاب کرنے کے بجائے آپ کی شان محبوبیت کو ظاہر کرنے کے لئے آپ کو مختلف صفاتی ناموں سے پکارا ہے۔ ” المزمل، المدثر، رئوف، رحیم، طہٰ اور یسین وغیرہ “۔ یعنی اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کو اس کے نام سے پکارا ہے مثلاً ” یا آدم، یا ابراہیم، یا موسیٰ یا عیسیٰ وغیرہ لیکن رسول اللہ ﷺ کو کہیں بھی ” یا محمد “ کہہ کر خطاب نہیں کیا گیا۔ کفار اور اجنبی لوگ آپ کو یا محمد کہہ دیتے تھے مگر صحابہ کرام ؓ میں سے کبھی کسی نے یا محمد کہہ کر نہیں پکارا کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ اللہ تعالیٰ نے بھی آپ کو آپ کے صفاتی ناموں سے یاد فرمایا ہے۔ اس سورت میں بھی اللہ نے فرمایا یا یھا المزمل یعنی اے کپڑوں میں لپٹنے والے۔ مفسرین نے لکھا ہے کہ کفار کی باتوں، طعنوں اور گستاکانہ انداز سے آپ کو بہت رنج ہوا اور آپ کمبل اوڑھ کر لیٹ گئے یا پہلی وحی کے موقع پر آپ کو شدید گھبراہٹ ہوئی تھی اور اس موقع پر آپ ﷺ نے حضرت خدیجہ ؓ سے فرمایا تھا کہ ” میرے لئے کمبل لائو “۔ بہرکیف اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا ہے کہ اے ہمارے حبیب ؓ ! آپ ان کفارو مشرکین کی باتوں اور طعنوں پر رنجم اور افسوس نہ کریں بلکہ آپ راتوں کو اٹھ کر آدھی رات یا اس سے کم یا اس سے زیادہ رات کے حصے میں اللہ کی عبادت و بندگی کرتے رہیں کیونکہ ابھی تو آپ کو بہت بھاری ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے عظیم اور وزن دار کلام عطا کیا جانے والا ہے۔ فرمایا کہ قرآن کریم جو نازل کیا جا رہا ہے آپ اور آپ کے صحابہ خوب ٹھہر ٹھہر پر ھیں یعنی اس کے الفاظ کی ادائیگی بھی ٹھیک ٹھیک ہو اور اس کے معانی پر بھی پوری طرح غور کیا جائے بلکہ جہاں اللہ کی رحمت کا ذکر ہو وہاں اس سے رحمت مانگی جائے اور جہاں عذاب کا ذکر ہو وہاں عذاب سے پناہ مانگی جائے۔
فرمایا کہ اے ہمارے حبیب ﷺ ! یہ کفار و مشرکین آپ کے متعلق جو بھی باتیں کرتے ہیں آپ پرواہ نہ کریں۔ ان سب سے الگ اور یکسو ہو کر صرف اس اللہ رب العالمین کی طرف اپنی پوری توجہ رکھئے جو تمام جہانوں کا پالنے والا، مشرق و مغرب کی ہر سمت کا مالک اور سب کا پروردگار ہے۔ نہایت متانت، سنجیدگی، صبر اور تحمل سے ہر بات کو برداشت کرتے رہیے اور ان عیش پرستوں اور جھٹلانے والوں کے معاماتل کو مجھ پر چھوڑ دیجئے۔ میں خود ان سے نبٹ لوں گا۔ فرمایا کہ ہم نے ایسے لوگوں کے لئے اپنے پاس بھاری بھاری بیٹریاں، جہنم کی آگ، حلق میں پھنس جانے والا ( زقوم کا درخت) کھان اور درد ناک عذاب تیار کر رکھا ہے جس سے بچنا ان کے لئے ممکن ہی نہ ہوگا۔ قیامت کا وہ دن جس میں ان کفار و مشرکین کو عذاب دیا جائے گا وہ ایسا ہیبت ناک دن ہوگا جب مضبوط پہاڑ لرز اٹھیں گے اور ریت کے ٹیلے بن کر ہوا میں اڑتے پھریں گے۔ البتہ اگر اس ہولناک دن سے پہلے کفار نے اپنے کفر سے توبہ کرلی تو ان کو معاف بھی کیا جاسکے گا۔ نزول قرآن کے وقت موجود اہل مکہ اور قیامت تک آنے والے لوگوں سے فرمایا جا رہا ہے کہ لوگو ! تمہارے پاس ہم نے ایک ایسے رسول کو بھیجا ہے جو زندگی کے اعلیٰ کردار کے پیکر ہیں بالکل اسی طرح ان کو بھیجا گیا ہے جس طرح فرعون کو راہ ہدایت دکھانے کے لئے حضرت موسیٰ کو بھیجا گیا تھا۔ حضرت موسیٰ نے فرعون اور آل فرعون کو ہر طرح سمجھایا کہ وہ اپنی خطاؤں سے معافی مانگ کر اور توبہ کرکے نجات کا راستہ اختیار کرلیں لیکن جب انہوں نے حضرت موسیٰ کی بات ماننے سے انکار کیا ان کو جھٹلایا اور طرح طرح سے ستایا تب اللہ نے فرعون اور اس کی قوم کو سمندر میں ڈبو دیا۔ اور اس وقت کوئی اس کی مدد کے لئے نہیں آیا۔ اس کے برخلاف اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ان تمام بنی اسرائیل کو نجات عطا فرما دی جنہوں نے توبہ کرکے حضرت موسیٰ کی اطاعت قبول کرلی تھی فرمایا کہ اگر قرا ان کے مخاطب لوگوں نے اپنے کفرو شرک سے توبہ نہ کی تو ان کا انجام بھی وہی ہوگا جو فرعون اور قوم فرعون کا ہوا۔ فرمایا کہ وہ دن بہت دور نہیں ہے جب قیامت کا ہولناک دن آئے گا وہ اتنا طویل ہوگا کہ اس دن بچے بھی بوڑھے ہوجائیں گے۔ آسمان پھٹ جائے گا اور اس کا وعدہ پورا ہو کر رہے گا۔
قرآن کریم کے لئے فرمایا کہ یہ ایک نصیحت اور بھلائی کا راستہ بتانے والی کتاب ہے۔ اب ہر ایک شخص کی اپنی مرضی ہے چاہے تو قرآن حکیم کے احکامات پر عمل کرکے اپنے پروردگار پہنچنے کا ذریعہ بنا لے اور چاہے تو جہنم کی طرف ٹھکانا بنالے۔ انجام دونوں کا بالکل صاف اور واضح ہے۔