القيامة
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة القیامہ
سورة نمبر 75
کل رکوع 2
آیات 40
الفاظ و کلمات 164
حروف 682
مقام نزول مکہ مکرمہ
تعارف : اس سورة کا خلاصہ یہ ہے کہ نزول قرآن کے وقت کفار و مشرکین کے سامنے جب قیامت اور اکرت کے واقع ہونے کو بیا کیا جتا تو وہ اس کو ناممکن سمجھتے ہوئے کہتے کہ جب ہماری ہڈیاں گل سڑ جائی گی اور ہمارے وجود کے ذرات بکھر جائیں گے تو ہم دوبارہ کیسے پیدا ہوں گے ؟ اللہ تعالیٰ نے اس تصور کو گمراہی قرار دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ ” میں قیامت کے دن اور نفس لوامہ ( ملامت کرنے والا نفس) کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ کیا انسان نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ جب ہم اس کی ہڈیوں کو ریزہ ریزہ کردیں گے تو ہم ان کو دوبارہ جمع نہ کرسکیں گے ؟ کیوں نہیں ؟ ہم تو اس کی انگلیوں کی ایک ایک پور کو دوبارہ ٹھیک ٹھیک بنا دینے کی پوری قدرت و طاقت رکھتے ہیں “۔ فرمایا کہ انسان اپنی نفساتی خواہشوں کے پیچھے دوڑتے دوڑتے پوچھتا ہے کہ آخر وہ قیامت کب آئے گی ؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وہ دن تو ضرور آئے گا لیکن کفار اور اس کا انکار کرنے والوں کے لئے یہ دن بڑا ہولناک ہوگا۔ آنکھیں پتھرا جائی گی، چاند بےنور ہوجائے گا، بلکہ چاند اور سورج دونوں ایک حالت پر آجائیں گے یعنی دونوں بےنور ہوجائیں گے۔ اس وقت انسان بدحواسی میں یہ کہے گا کہ آج میں کہاں جاؤں اور کس چیز کی آر اور پناہ لوں ؟ فرمایا کہ اس دن کفار کے لئے کوئی پناہ کی جگہ نہ ہوگی۔ سب کو اللہ کے سامنے حاجر ہو کر اپنے تمام اگلے پچھلے گنا ہون اور اعمال کا حساب دینا ہوگا۔ تمام اعمال نامے ہر شخص کے حوالے کر دئیے جائیں گے۔ وہ اس وقت طرح طرح کے بہانے اور اپنی معذرتیں پیش کرے گا لیکن اس کے اعمال پر خود اس کا نفس بھی گواہی دے گا۔ ان سے کہا جائے گا کہ تم دنیا میں جلدی حاصل ہونے والی راحتوں کے پیچھے آخرت تک کو بھول گئے تھے آج اس کا نتیجہ تمہارے سامنے ہے۔ فرمایا کہ اس دن کچھ چہرے تو تروتازہ اور خوشیوں سے شاداب ہوں گے وہ اللہ کی رحمتوں کے لئے اپنے پروردگار کی طرف دیکھ رہے ہوں گے لیکن بہت سے چہروں پر غم سے اداسی چھائی ہوئی ہوگی اور وہ سمجھ رہے ہوں گے کہ آج ان کے ساتھ بڑا سخت اور کمر توڑ معاملہ ہونے والا ہے۔ فرمایا کہ اگر وہ اس وقت بھی آخرت کی فکرکر لیتے جب ان کی جان حلق تک پہنچ گئی تھی، سانس رکنے لگی تھی اور علاج کے لئے کہہ رہے تھے کہ ہر دوا بےاثر ہوچکی ہے اب کسی جھاڑ پھونک والے کو بلا لو کیونکہ اس وقت اسے یقین آجائے گا کہ بس اب دنیا سے رخصت ہونے کا وقت آچکا ہے۔ ایک پنڈلی دوسری پنڈلی پر چڑھ جائے گی اور آخر کار وہ اپنے رب کی طرف روانہ ہوجائے گا۔ فرمایا کہ یہ انسان کی کتنی بڑی بدنصیبی ہے کہ وہ زندگی بھر سچائی اور حق کو تسلیم کرنے کے بجائے اس کو جھٹلاتا رہا۔ اس کو نماز تک کی توفیق نہ مل سکی۔ تکبر، غرور کرتے ہوئے وہ اپنے گھر والوں میں خوش رہنا زیادہ پسند کرتا تھا۔ اپنی روش زندگی کو بدلنے کے بجائے ہر وقت اپنی بدبختی میں لگا رہا۔ وہ اس بات کو بھول گیا تھا کہ وہ حقیر پانی کا ایک قطرہ اور نطفہ تھا جو رحم مادر میں ٹپکایا گیا تھا، پھر وہ گوشت کالو تھڑا بنا، پھر اس کا جسم بنا، اللہ نے اس جسم کو اور اعضا کو درست کیا، کسی کو مرد کسی کو عورت ( کس کو نر اور کسی کو مادہ) بنادیا۔ کیا وہ اللہ انسان کو دوبارہ پیدا کرنے اور دوبارہ زندی کرنے کی قدرت نہیں رکھتا ؟ یقینا وہی اللہ جس نے انسان کو پہلی مرتبہ پیدا کیا ہے وہی اس کو دوبارہ پیدا کرے گا۔ کسی چیز کو پہلی مرتبہ پیدا کرنا مشکل ہوتا ہے اسی کو دوبارہ پیدا کرنا کیا مشکل ہے ؟
اس سورة میں ایک اور اہم بات کی طرف متوجہ فرمایا گیا ہے اور وہ یہ ہے کہ قرآن کریم اللہ کی کتاب ہے۔ اسی نے اس کو نازل کیا ہے وہی اس کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔ اس بات کوا ایات کے درمیان بیان فرمایا ہے اور وہ یہ ہے کہ جب بھی حضرت جبرئیل امین قرآن کریم کی آیات کو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے قلب مبارک پر نازل کرتے تو نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس خیال سے کہ کہیں میں ان آیات کو بھول نہ جاؤں جلدی جلدی یاد کرنے کی کوشش فرماتے اور اپنے ہونٹوں کو حرکت دیتے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ اس وحی کا یاد کرنے کے لئے جلدی جلدی یاد کرنے کی کوشش فرماتے اور اپنے ہونٹوں کو حرکت دیتے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ اس وحی کو یاد کرنے کے لئے جلدی جلدی زبان کو حرکت نہ دیا کریں۔ اس قرآن کریم کو (آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے قلب مبارک پر) جمع کردینا اور پھر اس کو بیان کرا دینا ہماری ذمہ داری لہٰذا جب ہم (جبرئیل کے واسطے سے) آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر تلاوت کریں تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس کو غور سے سنے اور اس کے بعد اس قرآن کریم کی تشریح اور وضاحت کو (وحی خفی کے ذریعہ) بیان کرا دینا بھی ہم نے اپنے ذمے لے رکھا ہے۔
اس سے معلوم ہوا کہ قرآن کی حفاظت بھی اللہ نے اپنے ذملے لے رکھی ہے جس کو وہ قیامت تک جس سے اور جیسے چاہے گا حفاظت کرا لے گا اور قرآن کریم کی آیات کی تفسیر و تشریح بھی اللہ نے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خود ہی تعلیم فرمائی ہے۔ لہٰذا قرآن کریم کی تشریح اور وضاحت بھی وہی ہوگی جس کی نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے احادیث کے ذریعہ ہمیں تعلیم دی ہے۔ اگر کوئی شخص قرآن کریم کی کسی مراد کی تشریح اپنی مرضی سے کرتا ہے تو وہ اللہ کے ہاں ہرگز قبول نہ ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم اور سنت رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے کیونکہ اسی میں پوری امت کی نجات اور کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔