بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 75. Al-Qiyaama · Ayah 1
لَاۤ اُقْسِمُ بِیَوْمِ الْقِیٰمَةِۙ﴿1﴾
- لَآ اُقْسِمُنہیں میں قسم کھاتا ہوں
- بِيَوْمِ الْقِيٰمَةِقیامت کے دن کی
لغات القرآن۔
النفس اللوامۃ۔ ملامت کرنے والا نفس۔ لن نجمع۔ ہم ہرگز جمع نہ کریں گے۔ عظام۔ ہڈیاں۔ نسوی۔ ہم برابر بٹھا دیں گے۔ ٹھیک بٹھا دیں گے۔ بنانہ۔ اس کی پور پور۔ لیفجر۔ تاکہ وہ بدکاری کرے۔ امام۔ سامنے۔ ایان۔ کب۔ برق البصر۔ آنکھ کھلی کی کھلی رہ جائے گی۔ خسف القمر۔ چاند کو گہن لگ جائے گا۔ المفر۔ بھاگنے کی جگہ۔ وزر۔ پہاڑ۔ بوجھ۔ المستقر۔ ٹھکانا۔ معازیر۔ حیلے بہانے۔
تشریح : ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے قیامت اور نفس لوامہ کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ جب ہماری ہڈیاں گلی سڑ جائی گی، چورہ چورہ ہوجائیں گی اور ہمارے جسم کے تمام اجزاء اور ذرات بکھر کرنا پید ہوجائیں گے کیا ہم دوبارہ پیدا کئے جاسکیں گے ؟ اور کس طرح اسی جسم کے ذرات مل کر انسانی شکل اختیار کرسکیں گے ؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ کیا آدمی یہ سمجھتا ہے کہ ہم اس کی ہڈیوں کو دوبارہ پیدا نہ کرسکیں گے ؟ وہ اس غلط فہمی کو دور کرلے کیونکہ ہماری قدرت اتنی وسیع ہے کہ ہم تو انسان کی انگلیوں کے پوروے جو انسانی جسم میں سب سے نازک چیز ہے اس کو بھی پیدا کرنے کی قدرت رکھتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ کفار جس بات پر اعتراض کررہے ہیں ان کے دل بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس پوری کائنات میں ساری طاقت و قوت اللہ ہی کے لئے ہے دراصل یہ بہانے بنا کر اپنی آئندہ زندگی گناہوں اور معصیتوں میں گزارنے کی آزادی چاہتے ہیں۔ اسی لئے وہ کفار مذاق اڑانے کے لئے پوچھتے ہیں کہ وہ قیامت جس کا وعدہ کیا گیا ہے آخر وہ کب آئے گی ؟
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب قیامت قائم کی جائے گی اس دن لوگوں کی آنکھیں چندھیا جائیں گی۔ چاند کا نور سلب کرلیا جائے گا، سورج بھی بےنور ہوگا اور چاند سورج کی روشنی اس طرح ختم کردی جائے گی کہ وہ دونوں بےنوری کی کیفیت میں ایک جیسے ہوجائیں گے۔ جب قیامت کو ہولناک دن آئے گا اور نظام کائنات کو درہم برہم کردیا جائے گا تو اس عظیم انقلاب کو دیکھ کر اس سے بچنے کے لئے آدمی پناہ تلاش کرنے کی کوشش کرے گا اور کہے گا کہ آج کہیں بھاگ کر پناہ مل سکتی ہے ؟ مگر اس کو کہیں پناہ نہ مل سکے گی۔ ہاں البتہ اللہ کے نیک بندوں کے لئے اللہ ہی کے پاس ٹھکانا مل سکے گا۔ قیامت کے دن ہر انسان کو اس کے کئے ہوئے اگلے پچھلے تمام اعمال سے آگاہ کردیا جائے گا۔ اور وہ اپنے کسی عمل سے انکار نہ کرسکے گا کیونکہ اس کا اپنا وجود اور اس کے تمام اعضاء اس کے اعمال پر گواہی دیں گے۔ وہ اس دن کتنے ہی بہانے بنائے مگر وہ اپنی بدعملیوں کی وجہ سے چھوٹ نہ سکے گا۔
سورۃ القیامۃ کی ان آیات سے متعلق چند باتیں۔
1۔ ان آیات میں سب سے پہلے تو قیامت کے دن کی اور دوسری قسم نفس لوامہ کی کھائی ہے۔ قیامت اور نفس لوامہ کی قسم کھانے کی وجہ یہ ہے کہ نفس لوامہ نفس کی اس کیفیت کا نام ہے جس میں آدمی کا نفس اپنی کوتاہیوں، خطاؤں اور گناہوں پر ندامت اور شرمندگی کے ساتھ پچھتاتا ہے۔
چونکہ قیامت کے دن یہ شرمندگی انتہا درجہ پر ہوگی اس لئے نفس لوامہ کی قسم کھا کر فرمایا کہ انسان سے قیامت دور نہیں ہے۔ اگر اس کو اپنے نفس کی کوتاہیوں پر شرمندگی ہے اور وہ توبہ کرت ا ہے تو قیامت میں اس کے لئے ہر راحت و آرام کا سامان ہوگا اور اگر زندگی بھر خطاؤں اور گناہوں میں ملوث رہنے کے باوجود اس کو توبہ کی توفیق نصیب نہ ہوئی اور وہ اپنے فسق و فجور میں مبتلا رہا تو پھر وہ اس کے لئے بڑی حسرتوں کا دن ہوگا جس میں ہزار بہانوں کے باوجود خود اس کا اپنا وجود ہی اس کے خلاف گواہی دینے کے لئے کافی ہوگا۔
2۔ قرآن کریم میں نفس انسانی کی تین حالتوں کا ذکر فرمایا گیا ہے۔ نفس امارہ، نفس لوامہ اور نفس مطمئنہ۔ نفس کے معنی جان، روح اور انسانی ضمیر کے آتے ہیں۔
نفس امارہ۔ اگر کسی کا نفس اس کو بدترین خواہشوں، ناجائز لذتوں اور برائی کے کاموں پر اس طرح اکساتا اور رغبت دلاتا ہے کہ وہ اپنی نفسانی خواہشوں کے مقابلے میں اللہ و رسول کے احکامات کی پرواہ نہیں کرتا اور اس پر بےحسی اس طرح غالب آجاتی ہے کہ اس کے دل سے احساس گناہ مٹ جاتا ہے تو ایسے نفس پر اگر اللہ کا کرم نہ ہو تو وہ اس کو جہنم تک پہنچا کر چھوڑتا ہے۔
سورة یوسف میں حضرت یوسف (علیہ السلام) نے فرمایا ہے ” ان النفس…… ربی “ کہ اگر میرے اللہ کا رحم و کرم نہ ہو تو نفس برائی کی طرف ہی رغبت دلاتا ہے۔ اسی کو نفس امارہ کہا جاتا ہے۔
نفس لوامہ۔ نفس کا کام تو یہی ہوت ا ہے کہ وہ آدمی کو برائیوں اور گناہوں پر اکساتا ہے لیکن اگر آدمی کسی خطا اور گناہ میں پڑنے کے باوجود اس پر شرمندہ ہو کر اپنا محسابہ کرنے لگتا ہے یعنی اس کے اندر نیکی اور گناہ کا احساس زندہ رہتا ہے۔ وہ اپنے گناہوں پر ندامت کے آنسو بہاتا ہے اور دل میں سوچتا ہے کہ اگر میں نے ایسا نہ کیا ہوتا تو کتنا اچھا ہوتا اور اگر میں کوئی اچھا کام کرتا تو اس سے مجھے آخرت میں کتنا فائدہ ہوتا۔ اس کو نفس لوامہ یعنی ملامت کرنے والا نفس فرمایا گیا ہے جس کی قسم اللہ نے کھائی ہے۔
اصل میں جس دل میں گناہ اور ثواب کا احساس زندہ رہتا ہے جب بھی اس سے کوئی گناہ سرزد ہوتا ہے تو وہ اللہ کے سامنے شرمندگی کا اظہار کرتا ہے نیکیوں پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہے تو ایسے آدمی کو آخر کار توبہ کی توفیق مل جاتی ہے اور اگر وہ اس پر کچھ محنت کرے تو وہ نفس مطمنہ کے لقب تک کا مستحق بن جاتا ہے۔
نفس مطمنہ۔ جب آدمی ایمان، عمل صالح اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کی جدوجہد میں اللہ و رسول کے ہر حکم کے آگے اپنا سرجھکا دیتا ہے، اس کو نیکیوں سے محبت اور گناہوں سے نفرت ہوجاتی ہے، شریعت اس کے مزاج کا حصہ بن جاتی ہے وہ اپنے نفس پر خواہشات کو غالب نہیں آنے دیتا، اس کے ہر کام میں اللہ کی رضا و خوشنودی کا جذبہ غالب ہوتا ہے تو اس کو نفس مطمئنہ کی دولت سے مالامال کردیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ نے سورة فجر میں فرمایا ہے کہ ” اے نفس مطمئن چل اپنے رب کی طرف تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی، پھر میرے بندوں میں شامل ہو اور میری جنت میں داخل ہوجا “۔
3۔ اللہ تعالیٰ نے اربوں کھربوں انسانوں کو پیدا کرکے ہر ایک کو دوسرے سے مختلف بنایا ہے۔ صورت، شکل، مزاج، آواز اور یہاں تک کہ اس کے ہاتھوں کی لکیروں کو اس قدر مختلف بنایا ہے کہ دوسرے انسان ہی سے نہیں بلکہ خود ایک ہاتھ کی انگلی، دوسرے ہاتھ کی انگلی اور لکیریں قطعاً الگ الگ ہیں۔ فنگر پرنٹ سے مجرموں کو پکڑ لیا جاتا ہے اور نشان انگوٹھا تو ابتداء سے آج تک ایک حقیقت ہے۔ عدالتوں تک میں فیصلے انگوٹھے کے نشان پر کر دئیے جاتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو صرف اسی بات کی قدرت حاصل نہیں ہے کہ وہ چھوٹی بڑی ہڈیوں کو جوڑ کر انسانی ڈھانچہ پھر سے بنا سکتا ہے بلکہ انگلیوں کے جوڑوں، لکیروں اور خطوط تک کو پھر سے بنا دے گا۔ یہ چیزیں اس کی قدرت سے باہر نہیں ہیں کیونکہ ان سب چیزوں کا پیدا کرنے والا اللہ ہے جس نے پہلے مرتبہ بنایا ہے وہ دوبارہ بنانے پر قدرت کیوں نہیں رکھتا ؟ یقینا اللہ کی ذات ہر چیز پر پوری قدرت رکھنے والی ہے۔
4۔ قیامت کا دن بڑا ہی ہولناک دن ہوگا۔ پورا نظام کائنات درہم برہم کردیا جائے گا اور سوائے اللہ کی طرف لوٹنے کے انسان کے لئے اور کوئی جائے پناہ نہ ہوگی۔ سورج اور چاند دونوں روشنی سے محروم کر دئیے جائیں گے ، ستارے بکھر جائیں گے، پہاڑ غبار بن کر اڑتے پھریں گے، میدان حشر قائم ہوگا اور اس میں آدمی کے کئے ہوئے ہر عمل پر جزا یا سزا دی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قیامت کے دن ہر طرح کی رسوائیوں اور عذاب سے محفوظ فرمائے۔ آمین۔