العلق
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف : علماء امت اور محدثین کا اس بات پر مکمل اتفاق ہے کہ سورة علق کی انیس (١٩) آیتوں میں سے پہلی پانچ (٥) آیات حضرت جبرئیل کے واسطے سے سب سے پہلے جبل نور کے غار حرا میں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر نازل کی گئیں۔ بقیہ آیات بعد میں نازل فرمائی گئیں۔
سورة علق کی ابتدائی پانچ آیات میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آپ اپنے اس رب کے نام سے پڑھئے جس نے جمے ہوئے خون کے ایک لوتھڑے سے انسان کو پیدا کیا اور قلم کے ذریعہ انسان کو ان چیزوں کا علم دیا جسے وہ جانتا تک نہ تھا۔
قرآن کریم کی ابتدائی آیات کے نازل ہونے کے بعد آپ نے اللہ کے حکم سے اعلان نبوت فرمایا جس پر مکہ کا ہر شخص اس نئی آواز پر چونک پڑا اور گھر گھر میں اس پر باتیں اور بحثیں ہونے لگیں۔ ایک دن آپ نے اللہ کے سکھائے ہوئے طریقے پر بیت اللہ شریف میں نماز ادا کی۔ اس نئے طریقہ عبادت پر لوگوں کو اور بھی تعجب اور اعتراض ہوا۔
ابو جہل نے نبی کریم و سے کہا کہ آپ کو اس طرح بیت اللہ میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے۔ ایک دن جب کہ آپ مقام ابراہیم پر نماز ادا کر رہے تھے کہ ابوجہل نے آپ کو بڑی سختی سے نماز پڑھنے سے نہ صرف منع کیا بلکہ گستاخی کرتے ہوئے کہنے لگا کہ میں نے تمہیں پہلے بھی نماز سے منع کیا تھا اگر میں نے آئندہ تمہیں نما زپڑھتے اور سجدہ کرتے دیکھا تو اپنے پاؤں سے تمہاری گردن کو رگڑ دوں گا۔
نبی کریم و نے ابوجہل کی گستاخی کے جواب میں اس کو ڈانٹ دیا۔ ابوجہل کہنے لگا کہ اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! تمہیں معلوم نہیں کہ اس شہ رمین میرے ساتھیوں کی کتنی زیادہ تعداد ہے ؟ اگر میں نے ان کو آواز دے ڈالی تو پھر تم اپنے انجام کا اندازہ کرسکتے ہو۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تو خاموش رہے اللہ تعالیٰ نے سورة علق کی آخری چودہ آیات میں ابوجہل اور اس جیسے لوگوں کو جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ ان لوگوں پر بڑی حیرت ہے جو اللہ کے ایک ایسے نیک بندے کو اللہ کے گھر میں اس کی عبادت سے روک رہے ہیں جو سیدھے راستے اور پرہیز گاری کی تلقین کر رہا ہے۔ جب کہ اس عبادت سے منع کرنے والا شخص وہ ہے جو اللہ کے دین کی سچائی کو جھٹلا کر اس سے منہ موڑ رہا ہے ۔
ابوجہل کی دھمکی کے جواب میں فرمایا کہ اگر وہ اپنے حمایتی ٹولے کو آواز دے کر بلائے گا تو ہم بھی اپنے ان فرشتوں کو حکم دیں گے جو عذاب کے فرشتے ہیں جو ایسے گستاخوں کو ان کی پیشانیوں سے گھسیٹ کر جہنم کے گڑھے میں لے جا کر پھینک دیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا ہے کہ آپ ایسے جاہلوں کی باتوں پر نہ تو دھیان دیں اور نہ ان کی بات سنیں بلکہ نمازوں اور سجدوں کے ذریعے اپنے پروردگار کا قرب حاصل کرنے کی جدوجہد کریں یہ گستاخ آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔