القدر
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف : سورة بقرہ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کریم نازل کیا گیا۔
٭ حضرت ابو ذر غفاری (رض) سے روایت ہے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا صحف ابراہیم تین رمضان کو، توریت چھ رمضان کو، انجیل تیرہ رمضان کو اور زبور اٹھارہ رمضان کو نازل کی گئی۔ ٭ سورة دخان میں فرمایا گیا کہ اللہ نے اس قرٓان کو ایک ایسی مبارک رات میں نازل کیا جس میں تمام اہم کاموں کے فیصلے کر دئیے جات ہیں۔
٭ سورة قدر مین فرمایا گیا کہ اللہ نے اس قرآن کریم کو شب قدر میں نازل کیا جو ایک ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔
٭ اس سورة قدر میں فرمایا گیا کہ اللہ نے اس قرآن کریم کو شب قدر میں نازل کیا جو ایک ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔
٭ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ (رض) سے روایت ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا شب قدر کو رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔ (بخاری و مسلم۔ ترمذی) ۔
٭ تمام معتبر روایت سے ثابت ہے کہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنی دنیاوی زندگی میں رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف فرمایا ہے۔ اسی پر آپ قائم رہے۔ یہاں تک کہ آپ اس دنیا سے تشریف لے گئے۔
٭ حضرت عبادہ ابن صامت (رض) سے روایت ہے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا رمضان کی آخری دس راتوں میں جو شخص محض اللہ کی رضا اور اجرو ثواب کی نیت سے (عبادت کے لئے) کھڑا رہا اللہ اس کے اگلے پچھلے گناہ معاف کردے گا۔ ( مسند احمد)
قرآن کریم کی آیات اور احادیث کا خلاصہ یہ ہے۔
رمضان وہ مبارک مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو ہدایت و رہنمائی کے لئے گزشتہ انبیاء کرام پر اپنے کلام کو نازل فرمایا اور قرٓان کریم کو رمضان کی ایک ایسی مبارک اور قدر کی رات میں نازل کیا جو رات ایک ہزار مہینوں کی راتوں سے زیادہ افضل و بہتر اور اعلیٰ ہے۔ وہ رات رمضان کے آکری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات ہے۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنی دنیاوی زندگی کے آخر میں ہمیشہ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف فرمایا۔
شب قدر جس میں قرآن کریم کا نزول شروع ہو کر تئیس سال میں مکمل ہو اس رات میں حضرت جبرئیل امین اور سدرۃ النتھہی کے فرشتے اللہ کے حکم سے اللہ کی رحمتیں لے کر اس دنیا آتے ہیں اور ہر طرف سلامتی اور رحمت بکھیر کر چلے جاتے ہیں اور جو لوگ شب قدر میں محض اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کے لئے عبادت کے لئے کھڑے رہتے ہیں ان کے نہ صرف اگلے پچھلے گناہ معاف ہوجاتے ہیں بلکہ فرشتے ان سے مصافحہ کرتے ہیں۔ خوش نصیب اس رات کی سعادتیں حاصل کرتے ہیں اور بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اس رات کی ہر خیرو برکت سے محروم رہتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں ان خوش نصیبوں میں شامل فرمائے جو اس رات کی سعادتیں حاصل کرکے اپنی دنیا اور آخرت کی بھلائیاں اور آخرت کا اجرو ثواب کماتے ہیں۔ آمین۔