الناس
تدبرِ قرآن
مولانا امین احسن اصلاحی
تعارف
سورة کا عمود، سابق سے تعلق اور اس کے امتیازی پہلو
سابق سورة …… الفلق…… کی تمہید میں ہم اس سورة کے موقع و محل اور اس کے عمود کی طرف بالا جمال اشارہ کرچکے ہیں۔ یہ سورة اس کی مثنیٰ ہے اس وجہ سے دونوں کے عمود میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے۔ جس طرح وہ تعوذ کی سورة ہے اسی طرح یہ بھی تعوذ کی سورة ہے۔ بس چند پہلو اس کے خاص ہیں جن کو نگاہ میں رکھنا ضروری ہے تاکہ اس کا امتیازی وصف سامنے رہے۔
ایک یہ کہ اس سورة میں اللہ تعالیٰ کی پناہ اس کی ان صفات کے توسل سے چاہی گئی ہے جن کا تعلق براہ راست انسان سے ہے۔ اس وجہ سے اس کی اپیل نہایت موثر ہے۔ اپیل موثر تو سابق سورة کی بھی ہے لیکن اس پر استدلال کا پہلو غالب ہے۔ اس میں استدلال کا پہلو اگرچہ موجود ہے لیکن زیادہ نمایاں پہلو اس میں استرحام کا ہے۔
دوسرا یہ کہ سابق سورة میں کئی آفتوں سے پناہ مانگی گئی ہے لیکن اس میں ساری توجہ صرف شیطان پر مرکوز کردی گئی ہے جو درحقیقت تمام آفتوں کی جڑ اور توحید کا، جیسا کہ سابق سورة میں واضح ہوچکا ہے، ازلی دشمن ہے۔
تیسرا یہ کہ سابق سورة میں شیطان کا حوالہ صرف اس کے ایک معروف کردار ……حسد …… سے آیا ہے لیکن اس سورة میں اس کی اصل تکنیک، اس کے دائرہ نفوذ و اثر، اس کی ذات اور برادری ہر چیز سے پردہ اٹھادیا گیا ہے تاکہ لوگ اپنے اس شاطر دشمن کو اچھی طرح پہچان لیں اور جن کمین گاہوں سے وہ حملہ آور ہوسکتا ہے ان سے ہوشیار رہیں۔ اس روشنی میں سورة کی تلاوت کیجیے۔